قومی انسانی حقوق کمیشن
این ایچ آر سی، انڈیا نے اوڈیشہ کے بلانگیر ضلع میں ایک تعمیراتی سائٹ پر بدعنوانی کے الزامات کی رپورٹنگ کرتے ہوئے ایک صحافی کی مبینہ بے رحمی سے پٹائی کا از خود نوٹس لیا
اوڈیشہ کے ڈی جی پی کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں کے اندر اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے
Posted On:
30 MAY 2025 5:34PM by PIB Delhi
قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) انڈیا نے ایک میڈیا رپورٹ کا از خود نوٹس لیا ہے جس میں یہ بات کہی گئی ہے کہ 25 مئی 2025 کو اوڈیشہ کے بلانگیر ضلع کے کلتھی پالی گاؤں میں لوگوں کے ایک گروپ نے ایک ٹی وی صحافی پر جسمانی حملہ کیا تھا۔ مبینہ طور پر، جب وہ گاؤں میں ایک تعمیراتی جگہ پر گیا تو شرپسندوں نے اچانک اس پر حملہ کردیا۔ اس تعمیراتی جگہ کے تعلق سے لوگ بدعنوانی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ متاثرہ شخص کی ٹانگیں اور ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور اسے کھمبے سے باندھنے اور بے رحمی سے مارنے سے پہلے گاؤں میں گھمایا گیا۔
کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ نیوز رپورٹ کے مندرجات، اگر سچ ہیں تو متاثرہ صحافی کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین معاملہ بنتا ہے، لہذا کمیشن نے اوڈیشہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے، جس میں دو ہفتوں کے اندر اس معاملے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
26 مئی 2025 کو نشر ہونے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق مجرموں نے متاثرہ شخص کے موبائل فون اور ویڈیو کیمرے کو بھی توڑ دیا اور اسے دھمکی دی کہ وہ واقعہ یا جاری تعمیراتی کام کے بارے میں کسی کو کچھ نہ بتائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م م ۔ م ر
Urdu No. 1299
(Release ID: 2132834)