امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے  وزیر جناب امت شاہ نے جموں اور کشمیر کے پونچھ میں سرحد پار کےحملے سے متاثرہ خاندانوں میں سرکاری ملازمتوں  کے تقرری نامے تقسیم کیے


میں پونچھ میں رہائشی علاقوں، مندروں، گردواروں اور مدرسوں پر پاکستان کے بزدلانہ حملوں سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں

مودی حکومت ان مشکل حالات میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے

پاکستان کے ذریعہ  رہائشی علاقوں اور نہتے شہریوں پر حملوں کے جواب میں، ہم نےمنھ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کے کئی ایئربیسز اور نگرانی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا یا

مودی حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں تعمیر کیے گئے 9500 سے زائد بنکرز ،حالیہ حملوں کے دوران شہریوں کی جانیں بچانے میں بہت مدد گار ثابت ہوئے

پہلگام دہشت گردانہ  حملے کے بعد جموں و کشمیر کے شہریوں کے ذریعہ  پیش کیے گئےحب الوطنی کے جذبے  نے پورے ملک کے عزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے

مودی جی کی قیادت میں ہندوستان کی سکیورٹی پالیسی بالکل واضح ہے: ‘ہماری فوج ہمارے شہریوں اور سرحدوں پر کسی بھی طرح  کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی’

مودی جی کے پختہ عزم، ہماری ایجنسیوں کی درست معلومات اور ہماری فوج کی شاندار جرأت و بے مثال حملہ آور صلاحیت کی بدولت سیکڑوں دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے

معاوضہ اور سرکاری ملازمتیں نقصان کا مکمل ازالہ نہیں کر سکتیں، لیکن یہ حکومت اور ملک کے عوام کے جذبات کی علامت ہیں

پونچھ میں لوگوں کے گھروں اور تجارتی اداروں کو پہنچنے والے نقصان کے لیے حکومتِ ہند آئندہ کچھ دنوں میں ریلیف پیکیج لائے گی

Posted On: 30 MAY 2025 5:06PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر امت شاہ نےجموں و کشمیر کے پونچھ میں سرحد پار کےحملوں سے متاثرہ افراد کے خاندانوں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرری نامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔

اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ اور و امداد باہمی کے  وزیر نے پونچھ میں پاکستان کی جانب سے رہائشی علاقوں، مندروں، گردواروں اور مدرسوں پر کیے گئے بزدلانہ حملوں سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قابل مذمت حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے آج یہاں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔جناب امت شاہ نے کہا کہ معاوضہ اور سرکاری ملازمتیں جان کے نقصان کا مکمل ازالہ نہیں کر سکتیں، لیکن یہ جموں و کشمیر سرکار، حکومت ہند اور پوری قوم کے جذبات کی علامت ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت پورا ملک ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔جناب شاہ نے مزید کہا کہ پہلگام دہشت گرد انہ حملے کے بعد وادی سے لے کر پونچھ اور کٹھوعہ تک جموں و کشمیر کے شہریوں میں جو جذبۂ حب الوطنی ابھرا ہے،اس سے  پورے ملک کاعزم مزید مضبوط ہوا ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ پہلگام میں معصوم یاتریوں پر ایک بزدلانہ دہشت گرد انہ حملہ کیا گیا، جس کے بعد وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دہشت گردانہ حملوں کا فوری اور سخت جواب دینے کی پالیسی کے تحت ہم نے پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر(پی ا وکے) اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہندوستانی افواج نے پاکستان کی سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیموں کے ہیڈکوارٹرز کو نیست و نابود کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کے مضبوط عزم، ہماری ایجنسیوں کی درست معلومات  اور فوج کی شاندار جرأت اور نشانے کی بے مثال درستگی کی بدولت سیکڑوں دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔جناب شاہ نے کہا کہ  ہندوستان نے دہشت گردوں پر حملہ کیا، لیکن پاکستان نے اسے اپنے اوپر حملہ سمجھا، جس سے دنیا بھر کے سامنے یہ سچائی بے نقاب ہو گئی کہ پاکستان دہشت گردوں کو پناہ فراہم کر رہا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان  نے پاکستان میں کسی بھی فوجی یا شہری ادارے پر حملہ نہیں کیا، بلکہ انتہائی احتیاط اور ضبط کے ساتھ ہندوستانی افواج نے پاکستان کی سرپرستی میں قائم دہشت گرد ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گرد وں کےٹھکانوں پرہندوستان کے حملوں کے بعد گھبرایا ہوا تھا اور اس نے جموں و کشمیر کے رہائشی علاقوں میں فائرنگ شروع کر دی، جس میں پونچھ کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پونچھ کے تمام رہائشی علاقوں، مندروں، گردواروں اور مدرسوں پر بھی فائرنگ کی۔ جناب شاہ نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے شہریوں پر حملوں کی شدید مذمت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان نے ہمارے رہائشی علاقوں اور نہتے شہریوں پر حملہ کیا، توہندوستانی فوج نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے نو ایئربیسز اور فوجی صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث پاکستان کو جنگ بندی کے معاہدے کے لیے مذاکرات پر مجبور ہونا پڑا۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ مودی جی کی قیادت میں ہندوستان کی سکیورٹی پالیسی بالکل واضح ہے: ‘ہماری فوج ہمارے شہریوں اور سرحدوں پر کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی’۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میں کئی مکانات اور تجارتی اداروں کو نقصان پہنچا ہے اور حکومتِ ہند آئندہ کچھ دنوں میں اس کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے گی۔

مرکزی وزیر داخلہ اورامداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی نہ تو رکے گی اور نہ ہی سست ہوگی اور جو ترقی کا سلسلہ 2014 میں شروع ہوا تھا،آگے بھی  جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی اہلکار ہر حملے کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نےنشاندہی کی کہ  اس دوران پوری جموں و کشمیر انتظامیہ ہر لمحہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے فوری طور پر ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام کیا، جس سے ہمارے نقصانات میں نمایاں کمی آئی۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے فوراً بعد جناب نریندر مودی نے بنکرز بنانے کا فیصلہ کیا اور ہمارے سرحدی علاقوں میں 9,500 سے زائد بنکرز تعمیر کیے گئے،جو  حالیہ حملوں کے دوران ہمارے شہریوں کی جانیں بچانے میں بہت مدد گار ثابت ہوئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومتِ ہند مستقبل میں مزید بنکرز تعمیر کرے گی تاکہ آفات کے دوران ہمارے شہریوں کی حفاظت کی جا سکے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومتِ ہند جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے بہت واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت، یا دہشت گردی اور تجارت، ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہ سکتے۔انہوں نے اعتماد اظہار کیا کہ جموں و کشمیر میں 2014 سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

                                                                   (ش ح –م ع ن- ش ح ب)

U. No.1296

 


(Release ID: 2132825)