نیتی آیوگ
وزیر اعظم نے نیتی آیوگ کی 10ویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی
وکست بھارت کا خواب وکست ریاستوں کے ذریعہ ہی شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے: وزیر اعظم
ہر ریاست، ضلع، اور گاؤں کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کے لیے کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے تاکہ وکست بھارت @2047 کا خواب مکمل ہو سکے: وزیر اعظم
وزیر اعظم نے ریاستوں سے ہر ایک ریاست میں عالمی معیار کا حامل کم از کم ایک سیاحتی مقام تیار کرنے کی اپیل کی تاکہ دنیا بھر کے سیاحوں کو راغب کیا جا سکے اور مقامی معیشت کو تقویت بہم پہنچائی جا سکے
وزیر اعظم نے نیتی آیوگ سے سرمایہ کاریاں راغب کرنے کے لیے سرمایہ کار دوست چارٹر تیار کرنے کے لیے کہا
وزیر اعظم نے اس امر کا مشاہدہ کیا کہ عالمی سرمایہ کار بھارت میں بڑی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، انہوں نے اس موقع سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے ریاستوں کی حوصلہ افزائی کی
وزیر اعظم نے آبی وسائل کے اثر انگیز استعمال کے لیے ریاستی سطح پر دریائی گرڈس تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی
وزیر اعظم نے درجہ دوئم اور درجہ سوئم کے شہروں میں ہمہ گیر شہری ترقی اور بہتر شہری منصوبہ بندی کی اپیل کی
وزیر اعظم نے ابھرتے ہوئے شعبوں کے لیے نوجوانوں کی ہنرمندی اور تربیت پر زور دیا تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے قابل بن سکیں
وزیر اعظم نے بھارت کی ناری شکتی کی زبردست قوت کو اجاگر کیا
اس میٹنگ میں 24 ریاستوں اور 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے شرکت کی
Posted On:
24 MAY 2025 7:56PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ، نئی دہلی میں واقع بھارت منڈپم میں نیتی آیوگ کی 10ویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں 24ریاستوں اور 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنرحضرات نے شرکت کی۔ اس سال کا موضوع تھا، ’وکست بھارت @ 2047 کے لیے وکست راجیہ ‘۔ میٹنگ کا آغاز پہلگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہر ہندوستانی کی خواہش ہے کہ ملک وکست بھارت بنے۔ یہ کسی پارٹی کا ایجنڈا نہیں ہے بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام ریاستیں مل کر اس مقصد کے لیے کام کریں تو ہم شاندار ترقی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہر ریاست، ہر شہر، ہر گاؤں کو ترقی حاصل ہو، اور پھر 2047 سے پہلے وکست بھارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہوا ہے اور 25 کروڑ لوگ غربت سے بچ گئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کو اس تبدیلی کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ریاستوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی مینوفیکچرنگ طاقتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے مینوفیکچرنگ مشن کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اس امر کا مشاہدہ کیا کہ عالمی سرمایہ کار ہندوستان میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے ریاستوں کو اس موقع کا استعمال کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے آسان بنانے کی ترغیب دی۔ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ حالیہ تجارتی معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو اس کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔
ہنر مندی پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی تعلیم اور ہنر پر زور دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو مختلف مہارتوں کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے جو کہ جدید تکنالوجی جیسے اے آئی، سیمی کنڈکٹر، تھری ڈی پرنٹنگ سے ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آبادی کی صورت میں حاصل بالادستی کی وجہ سے دنیا کا ہنر مندی کا مرکز بن سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہنر مندی کے لیے 60,000 کروڑ روپے کی اسکیم کو حکومت ہند نے منظوری دی ہے۔ ریاستوں کو ہنر مندی میں اضافے کے لیے جدید تربیتی بنیادی ڈھانچے اور دیہی تربیتی مراکز پر توجہ دینی چاہیے۔
وزیر اعظم نے سائبر سلامتی کو ایک چنوتی اور ساتھ ہی ایک موقع بھی بتایا۔ انہوں نے ہائیڈروجن اور سبز توانائی کو ایسے شعبوں کے طور پر اجاگر کیا جو زبردست صلاحیت و مواقع کے حامل ہیں۔
وزیر اعطم نے کہا کہ جی 20 سربراہ اجلاس نے ہندوستان کو عالمی سیاحتی مقام کے طور پر پہچانے جانے میں مدد کی لیکن ریاستوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ عالمی معیار اور توقعات کے مطابق کم از کم ایک سیاحتی مقام تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھر میں ایسے 25-30 سیاحتی مقامات بنائے جا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مشاہدہ کیا کہ ہندوستان میں شہری علاقوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ریاستوں سے کہا کہ وہ شہروں کو پائیداری اور ترقی کا انجن بنائیں اور ان پر زور دیا کہ وہ ٹائر 2 اور ٹائر 3 شہروں پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیڈ منی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا شہری چنوتی فنڈ بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے ہندوستان کی ناری شکتی کی بڑی طاقت پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے قوانین کو تبدیل کرنے پر زور دیا تاکہ وہ ترقی کی رفتار میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کام کرنے والی خواتین کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں میں اصلاحات کی جانی چاہیے اور ان کی کام کرنے میں آسانی پر توجہ دی جائے۔
وزیر اعظم نے ریاستوں کو پانی کی کمی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے ریاستوں کے اندر دریاؤں کو آپس میں جوڑنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بہار کی تعریف کی جس نے حال ہی میں کوسی-موچی کنکشن گرڈ شروع کیا ہے۔ انہوں نے خواہش مند اضلاع کے پروگرام کو بھی سراہا جو اجتماعی کوششوں سے کامیاب ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت میں ہمیں لیبارٹری سے زمین پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے وکست کرشی سنکلپ ابھیان کے بارے میں بات کی جس میں آنے والے دنوں میں تقریباً 2500 سائنس دان مواضعات اور دیہی مراکز جائیں گے جہاں وہ فصلوں کی تنوع اور کیمیاوی اشیاء سے مبرا کھیتی جیسے موضوعات پر غور و فکر کریں گے۔ انہوں نے تمام وزرائے اعلیٰ سے کہا کہ وہ اس کوشش میں تعاون کریں۔
وزیر اعظم نے صحت کی خدمات کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آکسیجن پلانٹس کی جانچ کرنی چاہیے اور کووِڈ سے متعلق کسی بھی چنوتی سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو ٹیلی میڈیسن کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ اچھے ڈاکٹروں کو ڈسٹرکٹ ہسپتالوں سے جوڑا جا سکے اور ای سنجیوانی اور ٹیلی کنسلٹیشن کے فوائد دستیاب کرائے جائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 'آپریشن سندور کو محض ایک مرتبہ انجام دی جانے والی قدمی نہیں سمجھا جانا چاہیے اور ہمیں طویل المدتی نقطہ نظر اپنانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں شہری تیاریوں کے لیے اپنے نقطہ نظر کو جدید بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مشقوں کے ذریعہ سول ڈفینس کی جانب ہماری توجہ دوبارہ مبذول ہوئی ہے اور ریاستوں کو سول ڈفینس سے متعلق تیاری کو ادارہ جاتی شکل دینی ہوگی۔
وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر حضرات نے آپریشن سندور کی درستگی اور ہدف بند حملوں کی تعریف کی جس سے دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی ہوئی۔ انہوں نے یک آواز وزیراعظم کی قیادت اور مسلح افواج کی شجاعت کی ستائش کی۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں آتم نربھر بھارت کی کوششوں کی بھی تعریف کی جس سے دفاعی قوتوں کو تقویت حاصل ہوئی ہے اور ہماری صلاحیتوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
وزرائے اعلیٰ/ لیفٹیننٹ گورنرحضرات نے وکست بھارت @ 2047 کے لیے وکست راجیہ کے وژن کے سلسلے میں مختلف تجاویز پیش کیں اور اپنی ریاستوں میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ زراعت، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی، صنعت کاری، پینے کے پانی، ضوابط کی تعمیل کے بوجھ کو کم کرنے، حکمرانی، ڈیجیٹلائزیشن، خواتین کو بااختیار بنانے، سائبر سلامت وغیرہ کے شعبوں میں کچھ اہم تجاویز اور بہترین طریقوں پر روشنی ڈالی گئی۔ کئی ریاستوں نے 2047 کے لیے ریاستی وژن بنانے کے لیے اپنی کوششوں کا اشتراک بھی کیا۔
وزیر اعظم نے نیتی آیوگ سے کہا کہ وہ میٹنگ کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے دی گئیں تجاویز کا مطالعہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی 10ویں گورننگ کونسل میٹنگ اس کے 10 سال کے سفر کا ایک سنگ میل ہے جو 2047 کے وژن کی وضاحت اور خاکہ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ گورننگ کونسل کی میٹنگوں نے ملک کی تعمیر میں مدد کی ہے اور یہ مشترکہ کارروائی اور مشترکہ خواہشات کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر ابھری ہے۔ انہوں نے میٹنگ میں شرکت کرنے اور اپنے خیالات اور تجربات کا اشتراک کرنے کے لیے تمام وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر حضرات کا شکریہ ادا کیا، اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان امدادِ باہمی پر مبنی وفاقیت کی طاقت کے ذریعے 2047 کے وکست بھارت کے لیے وکست راجیہ کے وژن کو پورا کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔
**********
(ش ح –ا ب ن- ت ع )
U.No:1059
(Release ID: 2131011)