اقلیتی امور کی وزارتت
مرکزی وزیر مملکت جناب جارج کوریئن نے کوچی سے حج 2025 کی پہلی پرواز کو روانہ کیا
عازمین حج کی راحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے: جناب جارج کوریئن
Posted On:
16 MAY 2025 7:57PM by PIB Delhi
اقلیتی امور، ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیئری سے متعلق امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب جارج کوریئن نے آج کوچی سے حج 2025 کے لیے جانے والے پہلے قافلے کو روانہ کیا۔ روانگی مقام پر عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اُنہیں پُرخلوص نیک تمنائیں پیش کیں اور اُن کے لیے ایک محفوظ، پُرامن اور روحانی طور پر بابرکت سفر کی دعا کی۔

جناب کوریئن نے عازمین کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند اُن کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا: ’’تمام ضروری انتظامات بشمول طبی سہولیات اور لاجسٹک معاونت سعودی حکام اور جدہ میں بھارتی قونصل خانے کے اشتراک سے کیے گئے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔‘‘

عازمین حج سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اس بات کو اجاگر کیا کہ حکومت حج کو مزید شمولیاتی ور مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کئی اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں درخواست کے عمل کو ڈیجیٹل بنانا، انتخاب میں شفافیت میں اضافہ، اور روانگی کے مقامات پر بہتر سہولیات شامل ہیں، جن سے ملک بھر کے شہریوں کے لیے حج کو مزید قابل رسائی بنایا گیا ہے۔

روانگی کے وقت عازمین نے مرکزی حکومت کی ان اصلاحات پر دلی مسرت اور تشکر کا اظہار کیا۔ بہتر بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل اقدامات اور دیگر اصلاحات کے ساتھ، حج 2025 کو عازمین کے اس مقدس سفر میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
****
ش ح ۔ ف ا۔ م ت
U - 850
(Release ID: 2129218)