کامرس اور صنعت کی وزارتہ
ڈی پی آئی آئی ٹی نے نظرثانی شدہ سیکشن 80-آئی اے سی فریم ورک کے تحت ٹیکس ریلیف کے لیے 187 اسٹارٹ اپ کومنظورکیا
اپریل 2030 تک شامل شدہ اسٹارٹ اپس کی اہلیت میں توسیع
Posted On:
15 MAY 2025 4:40PM by PIB Delhi
ہندوستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لئے صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے(ڈی پی آئی آئی ٹی) نے انکم ٹیکس ایکٹ کی اصلاح شدہ دفعہ 80-آئی اے سی کے تحت انکم ٹیکس میں چھوٹ کے لیے 187 اسٹارٹ اپس کو منظوری دی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ فیصلہ 30 اپریل 2025 کو منعقدہ بین وزارتی بورڈ(آئی ایم بی) کی 80ویں میٹنگ کے دوران معرض وجود میں آیا۔
ڈی پی آئی آئی ٹی کے ترجمان کے مطابق، ٹیکس کا فائدہ اہل اسٹارٹ اپس کو شامل ہونے کی تاریخ سے دس سال کی ونڈو کے اندر کسی بھی مسلسل تین برسوں کے منافع پر 100فیصد انکم ٹیکس کٹوتی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس اسکیم کو ابھرتے ہوئے کاروباروں کو ان کے ابتدائی برسوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے،اختراع ، ملازمت کی تخلیق اور دولت پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
کل منظوریوں میں سے، 75 اسٹارٹ اپ کو 79ویں آئی ایم بی میٹنگ کے دوران اور 112 کو 80ویں میٹنگ کے دوران منظور کیا گیا۔ اس کے ساتھ، اسکیم کے آغاز سے اب تک 3,700 سے زیادہ اسٹارٹ اپس کو استثناء دی گئی ہے۔
مرکزی بجٹ 2025-26 کے دوران ایک اہم اعلان میں، حکومت نے سیکشن 80-آئی اے سی کے تحت فوائد کا دعوی کرنے کی خاطر اسٹارٹ اپس کے لیے اہلیت کی مدت میں توسیع کی۔ یکم اپریل 2030 سے پہلے شامل کیے گئے اسٹارٹ اپ اب درخواست دینے کے اہل ہیں اور نئے وینچرز کو اس مالی راحت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مزید وقت اور موقع فراہم کرتے ہیں۔
مناسب طور پر، ڈی پی آئی آئی ٹی کی طرف سے متعارف کرائے گئے نظرثانی شدہ جائزہ فریم ورک نے درخواست کے عمل کو مزید منظم اور شفاف بنا دیا ہے۔ مکمل درخواستوں کا اب 120 دنوں کے اندر جائزہ لیا جاتا ہے، اورتیزی سے فیصلہ سازی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور طریقہ کار میں تاخیر کو کم کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین راؤنڈ میں غیرمنظور شدہ اسٹارٹ اپس کو اپنی درخواستوں کا دوبارہ جائزہ لینے اور ان کو بہتر بنانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ڈی پی آئی آئی ٹی نے درخواست دہندگان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تکنیکی اختراع، مارکیٹ کے امکانات، موافقت، روزگار اور اقتصادی ترقی میں واضح شراکت کا مظاہرہ کرنے پر توجہ دیں۔
حکومت کی مسلسل حمایت ایک مضبوط، مستقبل کے لیے تیار اسٹارٹ اپ ماحول کو فروغ دینے کے لیے اس کی وابستگی کو واضح کرتی ہے جو خود کفیل اور اختراع پر مبنی نئے ہندوستان کے وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ٹیکس چھوٹ کے عمل، اہلیت کے معیار اور درخواست کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات آفیشل اسٹارٹ اپ انڈیا پورٹل پر دستیاب ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ اک۔ ف ر
U-806
(Release ID: 2128874)