نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے دہلی میں فٹ انڈیا سنڈے سائیکل کے موقع پر اساتذہ کے ساتھ خصوصی تقریب میں 750 شرکت کنندگان کی قیادت کی
اولمپیئن پہلوان روی دہیا اور دیپک پونیا قومی دارالحکومت میں مختلف اداروں کے اساتذہ کے ساتھ شامل ہوئے
Posted On:
04 MAY 2025 3:05PM by PIB Delhi
اتوار کی صبح کو آج میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم فٹنس اور حوصلہ افزائی کے جشن میں تبدیل ہوگیا کیونکہ سائیکل پر فٹ انڈیا سنڈے کے تازہ ترین ایڈیشن میں 750 شرکت کنندگان کی پرجوش شرکت دیکھی گئی، جن میں اساتذہ، کھلاڑی، فٹ انڈیا کے شائقین اور صحت اور فٹنس سے محبت کرنے والے افراد شامل تھے۔
اس تحریک کی قیادت نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کی، جنھوں نے مرکزی کھیل سیکریٹری جناب ہری رنجن راؤ سمیت قومی سطح کی کئی عظیم شخصیات کے ساتھ سائیکل چلائی، جن میں ٹوکیو اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے روی دہیا، اولمپیئن اور دولت مشترکہ کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ دیپک پنیا، گنیز عالمی ریکارڈ کے حامل رہتاش چودھری (بھارت کے پُش اپ مین) اور مشہور کوہ پیما نریندر کمار شامل تھے جنھوں نے حال ہی میں 12 دنوں کے ریکارڈ وقت میں 8091 میٹر کی اونچائی پر دنیا کے دسویں سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ انا پورنا کو فتح کیا ہے۔
اس ہفتے کا تھیم ’اساتذہ کے ساتھ سائیکل چلانا‘ تھا جس میں شہر بھر کے مختلف تعلیمی اداروں بشمول اسکول، یونیورسٹیوں اور نجی اداروں کے اساتذہ، سرپرستوں اور تعلیمی کوچ نے حصہ لیا۔
”اساتذہ ہمارے طلبا کے لیے ہیرو ہیں اور اب آپ کو وکست بھارت کے لیے ہیرو بننا ہے۔ آپ سبھی مل کر سائیکل چلانے کو فیشن بنا سکتے ہیں اور میں تمام اساتذہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ خود سائیکل کا استعمال دوبارہ شروع کریں اور طلبا سے کہیں کہ وہ اس کی تقلید کریں۔ ہم ڈیجیٹل دور میں ہیں لیکن ہمیں اپنی جسمانی فٹنس کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ لہذا، ہمیں ڈیجیٹل سرگرمی سے جسمانی سرگرمی کی طرف منتقل کرنا ہوگا۔ اس سے ’موٹاپے کے خلاف جنگ‘ کے مشن اور فٹ انڈیا اور وکست بھارت کے وژن کو یقینی بنایا جائے گا جسے ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ترتیب دیا ہے“، ڈاکٹر منڈاویہ نے شرکت کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
اس اتوار کی تقریب کا انعقاد اساتذہ کے ساتھ ہمارے معزز شراکت دار - سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا (سی ایف آئی)، مائی بھارت اور ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے کیا گیا۔ خصوصی شراکت داروں میں فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا (پی ای ایف آئی)، دہلی یونیورسٹی، سی بی ایس ای اور سی آئی ایس سی ای بورڈ، کیندریہ ودیالیہ، نیشنل پروگریسو اسکول کانفرنس، نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی، یوگاسن انڈیا، انڈین روپ اسکیپنگ فاؤنڈیشن اور مزید شامل تھے۔
کشتی کے ستارے روی دہیا اور دیپک پونیا نے بھیڑ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نوجوانوں اور اساتذہ سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں جسمانی فٹنس کو شامل کریں۔ ٹوکیو اولمپکس کے سلور میڈلسٹ روی دہیا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ہماری حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ایک بہت اہم تحریک ہے جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جسمانی تندرستی پر مکمل توجہ دی جائے۔ ’شریر شکتیمان ہے‘ (آپ کا جسم سب سے طاقتور چیز ہے) اور اس منتر کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ہر ایک کو دن میں کم از کم 1 سے 2 گھنٹے سائیکل چلانا چاہیے۔
”میں اس تحریک کو ایک قابل تحسین اقدام کے طور پر سراہتا ہوں اور میرا ماننا ہے کہ ہر کسی کو سائیکل چلانا چاہیے کیونکہ یہ فٹنس کو فروغ دیتا ہے اور آلودگی سے پاک ہندوستان میں اپنا تعاون کرتا ہے“، دیپک پونیا نے مزید کہا، جو ٹوکیو اولمپکس میں تمغہ حاصل کرنے سے چند قدم دور رہ گئے تھے۔
اس کے علاوہ نریندر کمار بھی موجود تھے، جو حال ہی میں اپنی ماؤنٹ انا پورنا مہم سے لوٹے تھے۔ ”مجھے یقین ہے کہ سائیکل چلانا بہتر صحت کے لیے ایک بہترین آغاز ہے۔ سائیکل پر اتوار اس کو فروغ دینے کا ایک بہترین طریقہ لگتا ہے۔ میرے لیے اناپورنا پر چڑھنا بلا شبہ مشکل تھا، لیکن جس چیز نے اسے ممکن بنایا وہ فٹنس کے لیے میری مسلسل کوششیں تھیں۔ یہ تحریک بھی یہی پیغام دیتی ہے،“ انھوں نے کہا۔
فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل پہل میں دسمبر 2024 میں اس کے آغاز کے بعد سے 5000 سے زیادہ مقامات سے 2.5 لاکھ لوگوں کی شرکت دیکھی گئی ہے۔ سائیکلنگ ڈرائیو کی اس وسیع توسیع نے ایونٹ کو انڈمان اور نکوبار، جموں و کشمیر، لداخ کے ساتھ ساتھ لکش دیپ جزائر جیسے مقامات تک پہنچایا ہے۔ ایس اے آئی علاقائی مراکز، نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس (این سی او ای)، ایس اے آئی ٹریننگ سینٹر، ایس اے آئی ایکسٹینشن سینٹر، کھیلو انڈیا سینٹر (کے آئی سی) اور کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسی لینس (کے آئی ایس سی ای) سمیت دیگر کی بڑے پیمانے پر شرکت کے ساتھ یہ تقریبات بیک وقت ملک بھر میں منعقد کی جاتی ہیں۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 559
(Release ID: 2126817)
Visitor Counter : 14