وزارت دفاع
پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے فوجیوں کو جنگی فنون میں مہارت حاصل کرنی چاہیے اور ذہنی استحکام اور روحانیت میں بھی ماہر ہونا چاہیے: وزیر دفاع
وزارت دفاع نے ای سی ایچ ایس سے مستفید ہونے والوں کی بہتر ذہنی صحت کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے
Posted On:
21 APR 2025 3:16PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 21 اپریل 2025 کو ماؤنٹ آبو ، راجستھان میں برہما کماری ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ’’آج جنگ کی مسلسل بدلتی ہوئی نوعیت سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ، ہمارے فوجیوں کو ذہنی استحکام اور روحانی طور پر بااختیار بنانے میں یکساں طور پر مہارت حاصل کرتے ہوئے جنگی فنون میں بھی مہارت حاصل کرنی چاہیے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج کل سائبر ، خلاء ، معلومات اور نفسیاتی محاذوں پر جنگیں لڑی جا رہی ہیں ۔جس کے لئے فوجیوں کو ذہنی طور پر مزیدمضبوط ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کو نہ صرف ہتھیاروں سے بلکہ مضبوط شخصیت ، روشن شعور اور بیداری سے بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔
جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایک فوجی کے لیےجتنی جسمانی طاقت اہم ہے اتنی ہی ذہنی طاقت بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی مشکل حالات میں خدمات انجام دے کر ملک کی حفاظت کرتے ہیں اور ان چیلنجوں کا سامنا ایک مضبوط باطنی روح سے پیدا ہونے والی توانائی سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل وقت تک تناؤ، غیر یقینی اور مشکل حالات میں کام کرنے سے دماغی صحت متاثر ہوتی ہے جس کے لیے باطن کو مضبوط کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں کی ذہنی صحت کے لیے برہما کماری کی مہم اس سمت میں ایک قابل ستائش قدم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ اقدام موجودہ عالمی جغرافیائی سیاسی منظر نامے کے پیش نظر فوجیوں کے حوصلے کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا’’مہم کا تھیم ’اندوری بیداری کے ذریعہ-خود کو بااختیار بنانا ‘ آج کے دور میں انتہائی دلچسپ اور متعلقہ ہے۔ مراقبہ، یوگا، مثبت سوچ اور خود سے بات چیت کے ذریعے خود کی تبدیلی ہمارے بہادر سپاہیوں کو ذہنی، جذباتی اور روحانی طاقت فراہم کرے گی۔ خود کی تبدیلی ایک بیج ہے۔قوم کی تبدیلی اس کا پھل ہے۔عالمی سطح پر غیر یقینی ماحول میں ہندوستان یہ پیغام دے سکتا ہےکہ ہمارا باطن اور سرحدوں کا تحفظ ایک ساتھ ممکن ہے ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ روحانیت اور یوگا، جو ہندوستانی ثقافت سے گہرے طور پر مربوط ہیں، ذہنی صحت کو بڑھانے اور تناؤ، اضطراب اور جذباتی انتشار سے نمٹنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوکس اور بااختیار سکیورٹی اہلکار قوم کے لیے مینارہ نور بنتے ہیں جو کسی بھی طوفان کا مضبوطی سے مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے رہائشی، علاقائی اور آن لائن پروگراموں، خصوصی آپریشنز اور فورس کے مخصوص منصوبوں کے ذریعے سیکورٹی فورسز کو مضبوط بنانے کے لیے برہما کماری تنظیم کے سیکورٹی سروسز ونگ کی تعریف کی۔
تقریب کے ایک حصے کے طور پر سابق فوجیوں کی بہبود کے محکمے ، وزارت دفاع اور ہیڈکوارٹر ایس ایس ڈبلیو ، راج یوگا ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن آف برہما کماریس کے مابین جناب راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ۔اس کا مقصد سابق فوجی شراکت دار صحت اسکیم (ای سی ایچ ایس) سے مستفید ہونے والوں کی بہتر ذہنی صحت اور دواؤںپر انحصار کو کم کرنے کی سمت میں رہنمائی کرنا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م ح ۔ م ر
U. No-86
(Release ID: 2123200)
Visitor Counter : 16