زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان کا برازیل کا دورہ کئی لحاظ سے اہم بن گیا


مرکزی وزیر موصوف نے پندرہویں برکس وزرائے زراعت کے اجلاس میں شرکت کی۔ بھارت اور برازیل کے درمیان زرعی تجارت، ٹکنالوجی اور جدت طرازی کو مضبوط بنانے کی سمت میں اہم قدم بھی اٹھائے

مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے بھارت میں سویا کی پیداوار اور برآمد کو فروغ دینے پر زور دیا

جناب شیوراج سنگھ چوہان بھارتی کسانوں کو عالمی ٹکنالوجی کے فوائد سے آگاہ کرکے انھیں اپ گریڈ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

جناب شیوراج سنگھ چوہان جناب شیوراج سنگھ نے برکس وزرائے زراعت کی میٹنگ میں چھوٹے کسانوں کے لیے تشویش کا اظہار کیا

Posted On: 20 APR 2025 6:36PM by PIB Delhi

 مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان پیر 21 اپریل کی صبح اپنے برازیل کے دورے سے واپس لوٹنے والے ہیں۔ ان کا برازیل کا دورہ کئی لحاظ سے اہم ہے۔ 15 ویں برکس وزرائے زراعت کے اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کرنے کے علاوہ مرکزی وزیر کا دورہ بھارت اور برازیل کے درمیان زرعی تجارت ، ٹکنالوجی اور جدت طرازی کو مستحکم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ برازیل کے دورے کے دوران مرکزی وزیر نے بھارت میں سویا کی پیداوار اور برآمد کو فروغ دینے پر زور دیا۔ وہ بھارتی کسانوں کو عالمی ٹکنالوجیوں کے فوائد کے قابل بنا کر اپ گریڈ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مختلف ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے عالمی فوڈ سیکیورٹی کو تقویت ملے گی۔

اپنے برازیل دورے کے دوران مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ نے بنیادی طور پر بھارت کے چھوٹے کسانوں سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ جب تک چھوٹے کاشتکاروں کا تحفظ اور انھیں بااختیار نہیں بنایا جائے گا تب تک عالمی غذائی تحفظ کا ہدف نامکمل رہے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بھارت جامع ، مساوی اور پائیدار زراعت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ وسودھیو کٹمبکم کے جذبے کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ تمام ممالک کے ساتھ اعتماد اور تعاون کے پیغام کی پیروی کرتا ہے۔ انھوں نے زرعی ٹیکنالوجی، جدت طرازی، استعداد کار بڑھانے اور تجارتی سہولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا تاکہ مختلف ممالک کے کسان اور زرعی ادارے مستفید ہوسکیں۔ برکس پلیٹ فارم پر بھارت نے زرعی ٹکنالوجی کی منتقلی ، تحقیق ، فوڈ پروسیسنگ اور تجارت میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ بھارت کے ذریعے جناب چوہان کے خطاب میں عالمی غذائی تحفظ ، چھوٹے کسانوں کو بااختیار بنانے ، زرعی جدت طرازی اور تکنیکی تعاون اور برکس ممالک کے ساتھ شراکت داری کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

مجموعی طور پر جناب چوہان کا برازیل کا دورہ نہ صرف ایک سفارتی بلکہ بھارتی زراعت کے لیے تکنیکی جدت طرازی، پیداوار میں اضافہ اور عالمی شراکت داری کی سمت میں ایک ٹھوس پہل بھی ہے، جس سے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

برازیلیا میں منعقدہ 15 ویں برکس وزرائے زراعت کے اجلاس میں بھارت، میزبان برازیل اور برکس کے رکن ممالک بشمول روس، چین، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا، انڈونیشیا اور ایران کے وزرائے زراعت/ سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مرکزی موضوع ’’برکس ممالک کے درمیان تعاون، جدت طرازی اور مساوی تجارت کے ذریعے جامع اور پائیدار زراعت کو فروغ دینا‘‘ تھا۔

15 ویں برکس وزرائے زراعت کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ جناب چوہان کے دورے سے بھارت اور برازیل کے درمیان زرعی تعاون کو ایک نئی سمت ملنے کی امید ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو فروغ ملے گا۔ مرکزی وزیر نے برازیل کے ساتھ آب و ہوا دوست سویابین کی اقسام، میکانائزیشن، درست کاشتکاری اور پائیدار زرعی طریقوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انھوں نے برازیل کے زرعی ماڈل، میکانائزیشن، آبپاشی اور تحقیق سے سیکھنے اور اسے بھارتی زراعت میں لاگو کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد منتقل کیے جاسکیں۔

ملاقاتوں کے دوران بائیو فیول، بائیو توانائی، سپلائی چین انضمام اور زرعی مشینری کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جس سے بھارتی کسانوں کو عالمی ٹکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی۔ دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے عالمی غذائی تحفظ کو بھی تقویت ملے گی کیونکہ برازیل نے گذشتہ 50 سالوں میں زرعی برآمدات میں زبردست ترقی حاصل کی ہے جو بھارت کے لیے بھی ایک ترغیب ہے۔

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے برازیل کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک کارلوس ہینرک باکیٹا فیویرو اور زرعی ترقی اور خاندانی زراعت کے وزیر لوئز پاؤلو ٹیکسیرا کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران زراعت، زرعی ٹیکنالوجی، دیہی ترقی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی وزیر نے ساؤ پالو میں برازیل کی زرعی کاروباری برادری کے 27 ارکان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران زرعی تجارت، پیداواری ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، بائیو فیول، تکنیکی جدت طرازی اور سپلائی چین انضمام پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مرکزی وزیر جناب چوہان نے برازیل میں سویابین پروڈکشن پلانٹ ، ٹماٹر فارم اور دیگر اداروں کا دورہ کیا اور میکانائزیشن ، آبپاشی اور فوڈ پروسیسنگ سے متعلق جدید ترین ٹکنالوجیوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ فی الحال بھارت سویابین کا تیل درآمد کرتا ہے ، لیکن اب دونوں ممالک مشترکہ طور پر سویابین کی پیداوار اور پروسیسنگ کے لیے سرمایہ کاری اور ٹکنالوجی اور پلانٹلگانے کے امکانات تلاش کر رہے ہیں۔ اس سے بھارت میں سویابین کی پیداوار اور برآمد کو فروغ مل سکتا ہے۔ جناب چوہان نے کہا کہ بھارت میں سویابین کی پیداوار اور پروسیسنگ کو بڑھانے کے لیے برازیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ میکانائزیشن اور بیجوں کی تحقیق میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔

مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کا روزانہ ایک پودا لگانے کا معمول برازیل میں بھی جاری ہے۔ انھوں نے ’ایک پیڑ  ماں کے نام‘ کے تحت برازیلیا میں بھارتی سفارت خانے میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا، جس سے ماحولیاتی تحفظ اور زچگی کے احترام کو فروغ ملا۔ جناب شیوراج سنگھ نے برازیل کے ساؤ پالو میں بھارتی تارکین وطن سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات میں ان کے کردار کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہماری آزادی کا امرت کال ہے۔ 2047 میں ہم اپنی آزادی کے 100 سال پورے کریں گے اور ہمارا مقصد تب تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔

مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ نے کہا کہ برازیل میں قیام کے دوران مجھے مختلف تجربات اور تکنیکوں سے خود کو ثروت مند کرنے کا موقع ملا۔ ہم بھارت میں پیداوار بڑھانے کے لیے ان ٹکنالوجیوں کا استعمال کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ بھارت اور برازیل کے درمیان باہمی تعاون ہمارے کسانوں کو بااختیار بنائے گا اور عالمی غذائی تحفظ کو ایک نئی سمت دے گا۔

جناب سنگھ نے کہا کہ یہ دورہ بھارت اور برازیل کے درمیان زرعی تعاون ، برکس ممالک کے ساتھ شراکت داری اور بھارتی زراعت میں جدت طرازی اور پائیدار ترقی کو مہمیز کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

***

(ش ح – ع ا)

U. No. 62


(Release ID: 2123070) Visitor Counter : 15