وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

چھٹے بمسٹیک سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم کا خطاب

Posted On: 04 APR 2025 12:59PM by PIB Delhi

عزت مآب

نمسکار!

آج، میں تھائی لینڈ کی وزیر اعظم محترمہ شناوات جی کا اس سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

معززین سب سے پہلے، میں میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے کی وجہ سے ہوئے جان و مال کے نقصان پر تمام ہندوستانیوں کی طرف سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس  میں زخمی ہونے والوں کے لیے اچھی صحت کی دعا کرتا ہوں۔

عزت مآب

 میں وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو گزشتہ تین برسوں  کے دوران بمسٹیک کی چیئرمین شپ اور کارروائی  کی مؤثر اور پُراثر قیادت کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

بمسٹیک جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کو جوڑنے والا ایک وسیلہ ہے اور علاقائی رابطے، تعاون اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہا ہے۔

یہ خوشی کی بات ہے کہ ‘بمسٹیک چارٹر’ گزشتہ برس  نافذ ہو گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ‘بینکاک وژن 2030’ جسے ہم آج اپنا رہے ہیں، خلیج بنگال کے خطے میں خوشحالی، سلامتی اور جامعیت کے لئے ہمارے عزم کو پورا کرے گا۔

عزت مآب

بمسٹیک کو مزید مضبوط بنانے کے لئے، ہمیں اس کے دائرہ کار اور صلاحیت کو مسلسل بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یہ خوشی کی بات ہے کہ وزرائے داخلہ کے طریقہ کار کو ادارہ جاتی شکل دی جا رہی ہے۔ یہ فورم سائبر کرائم، سائبر سیکورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی ا سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس کے لئے میں اس سال بھارت میں اس کا پہلا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔

 

عزت مآب

 علاقائی ترقی کے لئے، فزیکل کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور انرجی کنیکٹوٹی انتہائی اہم ہے۔

مجھے خوشی ہے کہ بنگلورو میں بمسٹیک انرجی سنٹر نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ ہماری ٹیمیں الیکٹرک گرڈ انٹر کنکشن پر تیزی سے کام کریں۔

ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر یعنی ڈی پی آئی نے ہندوستان میں عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک انقلاب برپا کیا ہے۔ اچھی حکمرانی اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اور مالی شمولیت کو فروغ ملا ہے۔ ہمیں بمسٹیک ممالک کے ساتھ ڈی پی آئی کے تجربے کا اشتراک کرنے میں خوشی ہوگی۔ اس کے لیے بمسٹیک ممالک کی ضروریات کو سمجھنے کے لیے پائلٹ اسٹڈی کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ، میں ہندوستان کے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس، یعنی یو پی آئی اور بمسٹیک خطے میں ادائیگی کے نظام کے درمیان رابطے کی بھی تجویز  پیش کرتا ہوں۔ اس سے تجارت، صنعت اور سیاحت کو ہر سطح پر فائدہ پہنچے گا۔

عزت مآب

تجارتی اور کاروباری رابطہ بھی ہماری ترقی کے لیے اہم ہے۔

اپنے کاروباروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے، میں بمسٹیک چیمبر آف کامرس کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ بمسٹیک بزنس سمٹ بھی ہر سال منعقد کی جائے گی۔

میری تجویز ہے کہ بمسٹیک خطے میں مقامی کرنسی میں تجارت کے امکانات پر بھی ایک فزیبلٹی اسٹڈی کرائی جائے۔

عزت مآب

 آزاد، کھلا، محفوظ اور مستحکم  بحر ہند ہماری مشترکہ ترجیح ہے۔ آج ختم ہوئےبحری نقل و حمل کے  معاہدہ سے مرچینٹ شپنگ اور کارگو ٹرانسپورٹ میں تعاون کو تقویت ملے گی۔ کاروبار میں تیزی آئے گی۔

ہم ہندوستان میں ایک پائیدار میری ٹائم ٹرانسپورٹ سینٹر قائم کرنے کی تجویز پیش کرتے ہیں۔ یہ سینٹر،  میری ٹائم پالیسیوں میں صلاحیتوں کی تعمیر، تحقیق، جدت اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔ میری ٹائم سیکورٹی میں بھی ہمارے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

عزت مآب

 حالیہ زلزلے نے ہمیں یاد دلایا کہ بمسٹیک خطہ قدرتی آفات کے نتیجے میں کتنا غیر محفوظ ہے۔

ہندوستان ہمیشہ اپنے دوست ممالک کے لیے پہلے جواب دہندہ کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم میانمار کے عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ آفات کو روکا نہیں جا سکتا، لیکن ہمیں ان سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

اس تناظر میں، میں ہندوستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے بمسٹیک سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔ یہ مرکز ڈیزاسٹر مینجمنٹ، راحت اور بحالی میں مدد کرے گا۔ اس کے علاوہ، اس سال بمسٹیک ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے درمیان چوتھی مشترکہ مشقیں ہندوستان میں منعقد ہوں گی۔

عزت مآب

 صحت عامہ ہماری سماجی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔

مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان بمسٹیک ممالک میں کینسر کی دیکھ بھال میں تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے مدد فراہم کرے گا۔ مجموعی صحت کے وژن کے ساتھ، روایتی ادویات میں تحقیق اور پھیلاؤ کے لیے ایک سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔

اسی طرح، ہم کسانوں کے فائدے کے لیے علم اور بہترین  طور طریقوں، تحقیق اور صلاحیتوں کے تبادلے کے لئے ہندوستان میں ایک سنٹر آف ایکسیلنس کھولنے کی تجویز پیش کرتے ہیں۔

عزت مآب

خلائی شعبے میں ہندوستانی سائنس دانوں کی پیش رفت گلوبل ساؤتھ کے تمام نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ ہم آپ سب کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس تناظر میں، میں بمسٹیک ممالک کے لیے افرادی قوت کی تربیت، نینو سیٹلائٹس کی تیاری اور لانچنگ، ریموٹ سینسنگ ڈیٹا کے استعمال کے لیے زمینی اسٹیشنوں کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں۔

عزت مآب

 نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیےہم  ‘‘بودھی’’ یعنی ‘‘ انسانی وسائل کے بنیادی ڈھانچے کی منظم ترقی کے لئے’’ اقدامات شروع کریں گے۔

اس کے تحت ہر سال بمسٹیک ممالک کے 300 نوجوانوں کو ہندوستان میں تربیت دی جائے گی۔

بمسٹیک کے طلباء کو فاریسٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں اسکالرشپ فراہم کی جائیں گی۔ نالندہ یونیورسٹی میں بھی اسکالرشپ اسکیم کو وسعت دی جائے گی۔ بمسٹیک ممالک کے نوجوان سفارت کاروں کے لیے ہر سال ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

عزت مآب

ہمارا مشترکہ ثقافتی ورثہ ہمارے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔

اوڈیشہ کی ‘بالی جاترا’، بودھ اور ہندو روایات کے درمیان گہرے تاریخی رشتے، ہماری زبانیں، یہ سب ہمارے ثقافتی رشتوں کی علامت ہیں۔

ان روابط کو اجاگر کرنے کے لیے، اس سال ہندوستان میں پہلا بمسٹیک روایتی میوزک فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔

عزت مآب

ہمارے نوجوانوں کے درمیان تبادلے کو بڑھانے کے لیے، اس سال بمسٹیک ینگ لیڈرس سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا اور بمسٹیک ہیکاتھون اور ینگ پروفیشنل وزیٹرس پروگرام شروع کیا جائے گا۔

کھیلوں کے میدان میں،بھارت  میں اس سال ‘بمسٹیک  ایتھلیٹکس میٹ’  منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔ 2027 میں، بمسٹیک کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر، ہم پہلے بمسٹیک گیمز کی میزبانی کا اعلان کرتے ہیں۔

عزت مآب

بمسٹیک ہمارے لیے صرف ایک علاقائی تنظیم نہیں ہے۔ یہ ہمارا جامع ترقی اور سلامتی کا ماڈل ہے۔ یہ ہمارے مشترکہ عزم اور اجتماعی طاقت کی علامت ہے۔

یہ‘سب کا ساتھ- سب کا وکاس- سب کا پرایاس’ کے تصور کا ٹھوس مظہر ہے۔

مجھے یقین ہے کہ ہم یکجہتی، تعاون اور اعتماد کے جذبے کو مزید مضبوط کریں گے اور مل کر بمسٹیک کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

آخر میں، میں بمسٹیک کے آئندہ سربراہ بنگلہ دیش کا خیرمقدم کرتا ہوں اور انہیں نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

بہت بہت شکریہ!

***

ش ح۔ ک ا۔ ن ع


(Release ID: 2118703) Visitor Counter : 17