کوئلے کی وزارت
ایک ارب ٹن: بھارت کی توانائی کے مستقبل کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک سنگ میل!
ملک میں کوئلے کی پیداوارایک بی ٹی سے تجاوز کر گئی
Posted On:
21 MAR 2025 3:45PM by PIB Delhi
بھارت نے کوئلے کی پیداوار میں ایک تاریخی سنگ میل طے کرتے ہوئے مالی سال 25-2024 میں 20 مارچ 2025 کو ایک ارب ٹن(بی ٹی) کے نشانے کو عبور کرلیا ہے۔ یہ شاندار کامیابی پچھلے مالی سال کی 997.83 ملین ٹن(ایم ٹی)کی پیداوار سے 11 دن پہلے حاصل کی گئی، جو بھارت کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور صنعتی، زرعی اور مجموعی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں نمایاں پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔
کوئلے کے شعبے کی اس کامیابی کا سہرا کوئلہ پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز(پی ایس یوز)، نجی شعبے اور تقریباً 5 لاکھ محنتی کان کنوں کو جاتا ہے جو 350 سے زائد کوئلہ کانوں میں دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ان کان کنوں نے بے شمار چیلنجوں کے باوجود غیر معمولی لگن کے ساتھ یہ تاریخی سنگ میل حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
بھارت کی توانائی کی مجموعی کھپت میں کوئلے کا حصہ تقریباً 55فیصد ہے، جبکہ ملک کی تقریباً 74فیصد بجلی کوئلہ سے چلنے والے پاور پلانٹس سے پیدا کی جاتی ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بھارت کی معیشت کو متحرک رکھنے اور توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئلہ کتنا اہم ہے۔
اس ریکارڈ ساز کوئلے کی پیداوار میں حکومت کی جانب سے کی گئی اسٹریٹجک اصلاحات اور پالیسیوں کا اہم کردار ہے، جیسے کہ مائنز اینڈ منرلز (ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیشن) ایکٹ میں ترامیم اور نجی شعبے کے لیے کوئلے کی کمرشل نیلامی کے ذریعے شعبے کو کھولنا۔ ان اقدامات کی بدولت مقامی کوئلے کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوا، جس نے درآمدات کو کم کرنے میں مدد دی اور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے اخراجات کو کم کیا۔ اپریل سے دسمبر 2024 کے درمیان بھارت کی کوئلہ درآمدات میں 8.4فیصد کی کمی آئی، جس سے تقریباً 5.43 بلین ڈالر (42,315.7 کروڑروپئے) کے غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت ہوئی۔
یہ سنگ میل وزیر اعظم نریندر مودی کے "آتم نربھر بھارت"کے ویژن سے ہم آہنگ ہے اور توانائی کے شعبے میں خودکفالت کے لیے وزارتِ کوئلہ کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتا ہے، جو پائیدار ترقی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔
یہ کامیابی صرف کوئلے کی پیداوار تک محدود نہیں، بلکہ یہ طویل مدتی توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے اور بھارت کی مجموعی ترقی کو تیزتر کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ جدید کان کنی کی تکنیکوں کو اپنانے، لاجسٹکس کو بہتر بنانے اور پائیدار طریقوں کو فروغ دیکر کوئلے کا شعبہ بھارت کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور اقتصادی مضبوطی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
"وِکست بھارت 2047"کے ویژن کے مطابق، یہ کامیابی بھارت کو توانائی کے شعبے میں مکمل خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے ایک مستحکم راستے پر گامزن کرتی ہے۔ مسلسل اسٹریٹجک اصلاحات، تکنیکی ترقی، اور وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے، بھارت کی "آتم نربھر بھارت"کی سمت میں یہ پیش قدمی ایک روشن، توانائی سے بھرپور اور خود کفیل مستقبل کی ضمانت دیتی ہے۔
************
ش ح ۔ ف ا ۔ م ص
(U:8665)
(Release ID: 2113752)
Visitor Counter : 22