سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شمال مشرق، زعفران کا اگلا مرکز بنے گا، نیکٹر کرے گا زرعی ٹیک انقلاب کی قیادت: ڈاکٹر جتیندر سنگھ


نیکٹر (این ای سی ٹی اے آر) کا نیا کیمپس اختراع کو فروغ دے گا، مرکزی وزیر نے شمال مشرق کی ٹیک سے چلنے والی ترقی پر زور دیا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے این ای سی ٹی اے آر کے مستقل کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا، شمال مشرق کی تبدیلی لانے والی ترقی پر روشنی ڈالی

Posted On: 13 MAR 2025 5:31PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی ، ارضیاتی سائنس کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، پی ایم او ، محکمہ جوہری توانائی، محکمہ خلا، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں کہا کہ مشن زعفران پہل نے 2021 سے سکم ، اروناچل پردیش اور میگھالیہ میں زعفران کی کاشت کو وسعت دی ہے۔ مینچوکھا (اروناچل پردیش) اور یوکسوم (سکم) میں اب بڑے پیمانے پر اس کی کاشت کاری جاری ہے، جسے ناگالینڈ اور منی پور تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے، جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے پمپور کے بعد شمال مشرق، ہندوستان کا اگلا زعفران مرکز بن جائے گا۔ اس پہل کے تحت حکمت عملی کے ساتھ غیر کاشت شدہ زمین کا استعمال کیا جاتا ہے اور موجودہ فصلوں کو متاثر کیے بغیر زرعی صلاحیت کو بڑھانے کا کام کیا جاتا ہے۔

وزیر موصوف نے شیلانگ میں نارتھ ایسٹ سینٹر فار ٹیکنالوجی ایپلی کیشن اینڈ ریچ (این ای سی ٹی اے آر) کے نئے مستقل کیمپس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے شمال مشرق کو ہندوستان کے اگلے زعفران مرکز میں تبدیل کرنے کے حکومت کے اہم منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خطے میں تیزی سے ہونے والی تبدیلی نے تکنیکی اور زرعی ترقی کے نئے مواقع کھولے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے گزشتہ دہائی میں قابل ذکر بنیادی ڈھانچے اور تکنیکی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے خطے کے تئیں حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح توسیع شدہ روڈ نیٹ ورک ، ریلوے کنیکٹیوٹی  اور فضائی نقل و حمل جیسے اقدامات سے دور دراز کے علاقوں تک رسائی کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

شمال مشرق کی ترقی وزیر اعظم مودی کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ اگر آپ 2014 سے پہلے اور آج کی صورت حال کا موازنہ کریں تو تبدیلی واضح ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ شمال مشرق، جو کبھی رابطے کے مسائل سے دوچار تھا، اب مضبوط بنیادی ڈھانچے پر فخر کرتا ہے، جس سے معاشی ترقی اور سائنسی ترقی ممکن ہو رہی ہے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے کے تحت ایک خود مختار ادارہ، نیکٹر، 2014 میں قائم کیا گیا تھا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس کا ارتقاء خطے میں خود انحصاری اور اختراع کو فروغ دینے کے بڑے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں لیوینڈر کی کاشت کی طرز پر شمال مشرق میں زعفران کی کاشت کو فروغ دینے، ’سوامتوا‘ پروگرام کے تحت زمین کی نقشہ سازی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی اور بانس اور شہد کی پیداوار میں پیش رفت سمیت نیکٹر کے اقدامات کی تعریف کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ نیکٹر ٹیکنالوجی کے استعمال اور پھیلاؤ میں آخری میل تک کے چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ نیو شیلانگ میں نیا منصوبہ بند مستقل کیمپس ایک باہمی تعاون کے مرکز کے طور پر کام کرے گا ، جو جدید ترین ٹیکنالوجی کے مظاہرے اور ہنر مندی کے فروغ میں سہولت فراہم کرے گا۔ این ای سی ٹی اے آر (نیکٹر) خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بناتے ہوئے مقامی تکنیکی حل کو مربوط کرکے سماجی و اقتصادی خلا کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

این ای سی ٹی اے آر (نیکٹر) کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ادارے پر زور دیا کہ وہ سائنسی تحقیق اور اس کے اطلاق میں ایک خصوصی پہچان بنائے۔ پورے ہندوستان میں پہچان حاصل کرنے کے لیے، نیکٹر کو ایک مخصوص ڈومین پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ جس طرح آئی آئی ٹیز اور دیگر ممتاز اداروں نے تخصصات تیار کی ہیں، اسی طرح نیکٹر کو بھی ایک مخصوص شعبے میں بہترین کارکردگی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں خطے کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زور دے کر کہا کہ شمال مشرق 2047 تک ہندوستان کے ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر میں کلیدی محرک ثابت ہوگا۔ اس حال میں کہ جب ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے، ویلیو ایڈیشن شمال مشرق جیسے خطوں سے آنا چاہیے، جو پہلے کم استعمال میں آتے تھے۔ یہ ہندوستان کی ترقی کا اگلا محاذ ہے۔

تقریب کے اختتام پر ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سائنس ، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اصلاحات کے ذریعے شمال مشرق کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ یہ خطہ ہندوستان کی ترقی کے راستے میں ملک کے باقی حصوں کے برابر کھڑا ہو۔

 

******

ش  ح۔ م م ۔ م ر

U-NO. 8269


(Release ID: 2111298) Visitor Counter : 40


Read this release in: English , Hindi , Bengali-TR , Tamil