محنت اور روزگار کی وزارت
ڈاکٹر منسکھ مانڈویا سماجی انصاف پر علاقائی مکالمے اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے 74ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا افتتاح کریں گے
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل جناب گِلبرٹ ایف. ہونگبو، بطور کلیدی مقرر شریک ہوں گے
دو روزہ تقریب کا محور پائیدار اور جامع معاشروں کے لیے ذمہ دار کاروباری رویے ہوں گے
ای ایس آئی سی بھارت میں ورک فورس کی فلاح و بہبود میں اپنی خدمات کا جشن منائے گا اور اپنے مشن میں نمایاں تعاون کرنے والوں کو سراہے گا
نئی دہلی میں سماجی انصاف کے لئے عالمی اتحاد اور بین الاقوامی مزدور تنظیم کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے
بھارت میں پہلی بار ’’علاقائی مکالمہ‘‘ 24-25فروری 2025 تک نئی دہلی میں سماجی انصاف کے لئے عالمی اتحاد اور بین الاقوامی مزدور تنظیم کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے
Posted On:
23 FEB 2025 5:10PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل کود، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا 24 فروری 2025 کو نئی دہلی میں سماجی انصاف کے لئے عالمی اتحاد کے تحت سماجی انصاف پر دو روزہ علاقائی مکالمے اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے 74ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا افتتاح کریں گے۔ اس افتتاحی اجلاس میں معزز وزیر مملکت برائے محنت و روزگار محترمہ شوبھا کرندلاجے، سیکریٹری (محنت و روزگار) محترمہ سُمتا دوَرا، اور بین الاقوامی مزدور تنظیم (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل، جناب گِلبرٹ ایف. ہونگبو بھی شریک ہوں گے۔
گلوبل کولیشن فار سوشل جسٹس، آئی ایل او کا ایک تاریخی اقدام ہے، جس کا مقصد عالمی، علاقائی اور قومی سطح پر پالیسی اور عملی اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ سماجی انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔ نومبر 2023 میں آغاز کے بعد مختصر وقت میں اس اتحاد میں 90 حکومتوں سمیت 336 شراکت دار شامل ہو چکے ہیں۔
بھارت، جوآئی ایل او کا بانی رکن اور گلوبل کولیشن کے کوآرڈینیٹنگ گروپ کا ایک کلیدی رکن ہے، سماجی انصاف کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ حکومتوں، کاروباری اداروں اور مزدوروں کے درمیان تعاون کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، بھارت نے اس اتحاد کے ایک اہم اقدام ’’پائیدار اور جامع معاشروں کے لیے ذمہ دار کاروباری رویے‘‘ کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام گلوبل کولیشن کے بنیادی موضوعاتی شعبے ’’پیداواری اور آزادانہ طور پر منتخب کردہ روزگار اور پائیدار کاروباری اداروں تک رسائی اور صلاحیتوں میں توسیع‘‘ کا حصہ ہے۔
یہ دو روزہ علاقائی تقریب وزارت محنت و روزگار اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کی جانب سے گلوبل کولیشن فار سوشل جسٹس اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے اشتراک سے، اور کنفیڈریشن آف انڈسٹری - (سی آئی آئی) ایمپلائرز فیڈریشن آف انڈیا (ای ایف آئی) کی معاونت سے منعقد کی جا رہی ہے۔
اس مکالمے میں مہارتوں اور روزگار، سماجی تحفظ کے دائرہ کار میں توسیع، کام کی جگہ پر صنفی شمولیت، ذمہ دار کاروباری رویے، باوقار روزگار کے لیے کارپوریٹ گورننس، اور سماجی انصاف کے فروغ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کردار جیسے موضوعات پر غور و خوض کیا جائے گا۔
یہ تقریب ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے 74ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا بھی حصہ ہوگی، جس میں بھارت میں سماجی تحفظ اور مزدوروں کی فلاح و بہبود میں ای ایس آئی سی کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ ای ایس آئی سی ، جو ملک کی سب سے جامع سماجی تحفظ اسکیموں میں سے ایک کا انتظام سنبھالتا ہے، طویل عرصے سے مزدوروں اور ان کے اہلِ خانہ کو طبی سہولیات، زچگی کے فوائد، اور مالی تحفظ فراہم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ یومِ تاسیس کی تقریبات میں ای ایس آئی سی کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی اس کے مشن ’’سماجی تحفظ سے سماجی انصاف کی جانب‘‘ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد اور اداروں کو اعزازات دیے جائیں گے۔ اس موقع پر ای ایس آئی سی اسپیشل سروسز پندر واڑا کا آغاز اور ای ایس آئی سی کی کامیابیوں پر مبنی مطبوعات کا اجرا بھی کیا جائے گا۔
افتتاحی اجلاس کے دوران اہم اقدامات جیسے ای-شرم موبائل ایپلیکیشن اور مختلف مطبوعات کی رسم رونمائی بھی شامل ہوگی۔
- ڈیٹا پولنگ کے ذریعے بھارت کے سماجی تحفظ کے منظرنامے میں تبدیلی پر پوزیشن پیپر۔
- بھارت میں جنوری 2025 میں منعقدہ آئی ایس ایس اے-ای ایس آئی سی بین الاقوامی سیمینار سے حاصل شدہ اسباق اور تجربات۔
- بھارت میں ذمہ دار کاروباری طرزِ عمل کی بہترین مثالیں۔
- بھارت میں سماجی تحفظ پر جامع رپورٹ۔
- شرم سمرتھ: فضیلت کے سفر کی داستان۔
اس تقریب کی ایک نمایاں جھلک بھارت کی نمایاں مزدوروں اور آجروں کی تنظیموں کی گلوبل کولیشن میں شراکت دار کے طور پر باضابطہ شمولیت کا اعلان ہوگا۔ اس کے علاوہ، بھارت کی سب سے بڑی مزدور تنظیم بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) اور ملک کی کلیدی آجروں کی تنظیم (سی آئی آئی-ای ایف آئی) کی جانب سے ذمہ دار کاروباری طرز عمل پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کی توقع ہے، جو بھارت میں مزدور تنظیموں اور صنعت کے درمیان جامع اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرے گا۔
اس اہم کولیشن ایونٹ کے ذریعے، بھارت سماجی انصاف اور جامع ترقی کی عالمی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرے گا اور عالمی شراکت داریوں سے استفادہ کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کو فروغ دے گا۔ اس تقریب کے نتائج مستقبل میں عالمگیر سماجی تحفظ کے لیے حکمت عملیوں کی تشکیل اور ذمہ دار کاروباری ماحول کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، جو پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈا اور ’’باوقار روزگار کے ایجنڈا‘‘ کے وسیع تر مقاصد میں مددگار ہوں گے۔
اس علاقائی مکالمے کے افتتاحی اجلاس میں 500 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے، جن میں کولیشن کے شراکت داروں، حکومتوں، حکومتِ ہند کی متعلقہ وزارتوں، آجروں اور مزدوروں کی تنظیموں، تعلیمی اداروں، کاروباری اداروں، بین الاقوامی تنظیموں کے ماہرین اور ای ایس آئی سی کے اراکین و افسران کے نمائندے شامل ہوں گے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7482
(Release ID: 2105668)
Visitor Counter : 16