وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

رکشا منتری  نے این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ 2025   کے موقع پر  کہا کہ این سی سی کیڈٹس بھارت کا قیمتی سرمایہ ہیں ؛  انہیں ’ وکست بھارت ‘ کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے


جناب راج ناتھ سنگھ نے کیڈٹس  سے کہا کہ وہ بدلتے وقت کے ساتھ اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں

رکشا منتری نے کیڈٹس کو  ، ان کی مثالی کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں رکشا منتری پدک اور  توصیفی  کارڈز  سے نوازا

Posted On: 20 JAN 2025 4:44PM by PIB Delhi

رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کیڈٹس کو  بھارت کا قیمتی سرمایہ قرار  دیتے ہوئے ، ان سے    وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے 2047  ء تک  وکست بھارت کے ویژن کو   حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت کرنے کے لیے کہا ۔ 20 جنوری   ،  2025 ء  کو دلّی کینٹ میں این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ کے  اپنے دورے کے دوران کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے  ، رکشا منتری نے کہا کہ کیڈٹس، چاہے وہ کسی بھی میدان میں کام کریں، این سی سی کے ذریعے ان میں پروان چڑھائی گئی  ’  قیادت ‘ ، ’ڈسپلن ‘ ،  ’عزم ‘ اور ’حب الوطنی ‘ کی خصوصیات کے ذریعے  ، ملک کی تعمیر میں تعاون کرتے ہیں ۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’  وزیر اعظم  مودی نے  2047  ء تک  ، بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہد کیا ہے۔ وہ خود این سی سی کیڈٹ رہ چکے ہیں۔ اس لیے، اگر ایک سابق این سی سی کیڈٹ نے یہ خواب دیکھا ہے، تو یہ تمام دیگر کیڈٹس کی سب سے بڑی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ اسے پورا کریں۔ وکست بھارت کا مطلب کسی زمین کے ٹکڑے کی ترقی نہیں ہے؛ اس کا مطلب ہے 140 کروڑ  بھارتی شہریوں کی ترقی، جو سماجی اور ثقافتی تنوع کے باوجود یکجہتی کے ساتھ رہتے ہیں۔ اپنے ساتھ ساتھ، ہمیں معاشرے کے لیے بھی کچھ اچھا کرنا چاہیے اور جلد ہی بھارت ایک ترقی یافتہ  ملک  بن جائے گا ۔ ‘‘

رکشا منتری نے کیڈٹس کی عزم، ڈسپلن اور ملک سے  ان کی محبت کی  ستائش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت جو کچھ بھی آج کے دن تک حاصل کر سکا ہے، وہ سبھی کے ، خصوصی طور پر نوجوانوں کی کاوشوں کی وجہ سے ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ جب بھی میں ، این سی سی کیڈٹس سے ملتا ہوں، میں ان میں صرف ایک کیڈٹ ہی نہیں دیکھتا۔ میں ، ان میں بھارت کی جھلک دیکھتا ہوں، جو کئی جسموں میں ایک روح، کئی شاخوں میں ایک جڑ اور کئی کرنوں میں ایک روشنی کا مظہر ہے۔ یہ کیڈٹس مختلف علاقوں سے آتے ہیں، مختلف زبانیں بولتے ہیں اور مختلف رسم و رواج و ثقافتوں کی پیروی کرتے ہیں لیکن ان میں جو چیز مشترک ہے وہ ہے ’یکجہتی ‘۔ ان کی توانائی اور جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا مستقبل روشن ہے ۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ کئی ممالک بھارت کی آزادی کے وقت کے آس پاس آزاد ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ صرف وہی ملک آج ترقی کر  رہے ہیں ، جنہوں نے ڈسپلن، ایمانداری اور قومی اتحاد کی قدروں کو برقرار رکھا، جب کہ جو ملک اس میں ناکام رہے  ، وہ انتشار کا شکار ہو گئے   ۔   انہوں نے این سی سی کی ان خوبیوں کو پروان چڑھانے کے لیے  ستائش کی، جو ہر فرد کے لیے ضروری ہیں۔

رکشا منتری نے کیڈٹس کو قیادت کا حقیقی مفہوم سمجھاتے ہوئے، میجر سندیپ اُنّی کرشنن کی  چھبیس / گیارہ  ممبئی حملوں کے دوران کی گئی شجاعانہ قربانی کا حوالہ دیا، جو آج بھی ملک کو تحریک دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میجر اُنّی کرشنن کے اپنی ٹیم سے کہے گئے الفاظ ’اوپر مت آؤ، میں ان سے نمٹ لوں گا‘  ، نہ صرف ان کے فاتحانہ رویے اور انسانیت کے جذبے کی گواہی دیتے ہیں بلکہ ان کی قیادت کی صلاحیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ ایسے غیرمعمولی لمحات  ، ایک عام شخص کو قائد بنا دیتے ہیں۔ این سی سی ان خوبیوں کو پروان چڑھاتا ہے۔ ‘‘

جناب راج ناتھ سنگھ نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ کبھی سیکھنا نہ چھوڑیں کیونکہ حالات مسلسل بدلتے رہتے ہیں، جو ہر بار ایک نئے انداز اور نئے ہنر کی ضرورت کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے بدلتے وقت کے مطابق  ، خود کو ڈھالنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ نئے مسائل  ، پرانے انداز یا پرانی مہارتوں سے حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے، مہارتوں کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے۔ رکشا منتری نے کیڈٹس کو ہر چیلنج کا اعتماد کے ساتھ اور ناکامی کے خوف کے بغیر سامنا کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ  ’ کبھی نہ ہار ماننے ‘  کا رویہ کامیابی کی کلید ہے۔

رکشا منتری نے اپنی تقریر کا اختتام کیڈٹس کو بڑے خواب دیکھنے، اپنی حقیقی صلاحیتوں کو پہچاننے اور ان کے حصول کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دے کر کیا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی مشہور نظم ، ’’ چھوٹے من سے کوئی بڑا نہیں ہوتا، ٹوٹے من سے کوئی کھڑا نہیں ہوتا ‘‘   کا حوالہ دیتے ہوئے  ،  انہوں نے کیڈٹس کو ہمیشہ عاجزی کا مظاہرہ کرنے اور  پُر امید  رہنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر جناب راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کے تینوں ونگس کے کیڈٹس کی جانب سے پیش کیے گئے شاندار ’گارڈ آف آنر‘ کا جائزہ لیا۔
اس میں ’ اعزازات سے نوازے جانے کی تقریب ‘ بھی شامل تھی، جس میں کیڈٹس کو ان کی شاندار کارکردگی اور فرض شناسی کے لیے رکشا منتری پدک اور توصیفی کارڈز سے نوازا گیا۔ اس سال، رکشا منتری پدک  سے کیرالہ اور لکشدیپ ڈائریکٹوریٹ کے انڈر آفیسر تھیجا  وی پی اور نارتھ ایسٹرن ریجن ڈائریکٹوریٹ کے سینئر انڈر آفیسر آریہ مترا ناتھ کو  نوازا گیا ۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ ڈائریکٹوریٹ کی کیڈٹ دونتارا گریشما، جموں کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ کی جونیئر انڈر آفیسر عابدہ آفرین، مہاراشٹر ڈائریکٹوریٹ کے سارجنٹ منن شرما اور مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ ڈائریکٹوریٹ کے سارجنٹ راہل بگھیل کو توصیفی کارڈز  سے نوازا گیا ۔

تقریب کے بعد  ، میزو  ہائی اسکول، آئیزول کے این سی سی کیڈٹس کی جانب سے ایک شاندار بینڈ پرفارمنس پیش کی گئی۔ رکشا منتری نے ’فلیگ ایریا‘ کا بھی دورہ کیا، جہاں تمام 17 ڈائریکٹوریٹس کے کیڈٹس نے مختلف سماجی مسائل پر رنگا رنگ  پروگرام پیش کئے ۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ’آئیڈیا اور انوویشن‘ کی نمائش  کا معاینہ کیا ، جہاں کیڈٹس نے اپنے مختلف تخلیقی پروجیکٹوں کے بارے میں  مختصر طور پر بتایا ۔  اس کے بعد، جناب راج ناتھ سنگھ نے پرتاپ ہال میں این سی سی کیڈٹس کی جانب سے پیش کیے گئے ثقافتی پروگراموں  میں شرکت کی۔  اس موقع پر ڈی جی این سی سی لیفٹیننٹ جنرل گربیر پال سنگھ ،  این سی سی اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔

................

) ش ح –      ا گ  -  ع ا )

U.No. 5423


(Release ID: 2094568) Visitor Counter : 30