دیہی ترقیات کی وزارت
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے تمام ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دیہی ترقی کے وزراء کے ساتھ وزارت کی اسکیموں سے متعلق میٹنگ کی
دیہی ترقی کی وزارت سال 2025 کو غربت سے پاک گاؤں بنانے کے لیے پرعزم ہے: جناب چوہان
دیہی ترقی کی اسکیمیں محض اسکیمیں نہیں ہیں بلکہ یہ دیہی لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کی ایک مہم ہے: جناب شیوراج سنگھ چوہان
ہم اصلاحی اقدامات کے ذریعے ملک کے لاکھوں دیہاتوں سے غربت کو ختم کریں گے: مرکزی وزیر
جون 2024 سے اب تک مہاتما گاندھی نریگا کے تحت 136 کروڑ افرادی دن کے برابر روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے: جناب شیوراج سنگھ چوہان
امرت سروور مشن کو دوسرے مرحلے کی شکل میں بڑھایا جا رہا ہے: جناب چوہان
آواس + سروے کی نگرانی کرنی ہوگی اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ یہ مارچ 2025 تک مکمل ہوجائے: جناب شیوراج سنگھ چوہان
Posted On:
03 JAN 2025 8:09PM by PIB Delhi
دیہی ترقی اور زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج نئی دہلی میں ریاستوں کے دیہی ترقی کے وزراء کے ساتھ وزارت کی مختلف اسکیموں سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کی۔اس میٹنگ میں دیہی ترقی کے محکمے کے سکریٹری جناب شیلیش کمار سنگھ اور وزارت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ وزارت کے مختلف کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ نیا سال ہمارے تمام دیہی بھارت اور دیہات کے بھائیوں اور بہنوں کے لیے خوشی، خوشحالی اور کامیابی لائے اور ہمیں مل کر ان کی زندگیوں کو خوشیوں کے رنگوں سے بھرنا چاہیے۔ دیہی بھارت کی ترقی کے بغیر ترقی یافتہ بھارت کا خواب حقیقت نہیں بن سکتا اور ہمارا مقصد سال 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ بھارت بنانا ہے جوہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ویژن ہے۔مرکز ریاستوں کی مدد کے بغیر کام نہیں کر سکتا۔ میں اس مقصد کے حصول کے لیے اپنے آپ کو وقف کرتا ہوں۔ دیہی اسکیمیں محض اسکیمیں نہیں ہیں بلکہ یہ دیہی لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کی ایک مہم ہے۔ دیہی ترقی کی وزارت سال 2025 کو غربت سے پاک گاؤں بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ گاؤں میں کوئی بے روزگاری نہیں ہونی چاہیے اور ان کی کم از کم روزمرہ کی ضروریات کو مناسب طریقے سے پورا کیا جانا چاہیے۔ ہم مل کر اس کی تکمیل کر سکتے ہیں اور اس تصور کو حقیقت بنانے کے لیے ہمیں بہت سے کام کرنے کی ضرورت ہے، جیسے:
- اسکیموں میں وقت کے پابند اہداف کا تعین کرنا اور انہیں وقت پر مکمل کرنا
- اسکیموں کے نفاذ میں علاقائی امتیازات کی نشاندہی کرنا اور ضرورت مند علاقوں پر خصوصی زور دینا
- مکمل حد تک تکنیکی طور پر جدید ترین آئی ٹی اقدامات تیار کرنا اور استعمال کرنا
- عمل کو آسان اور وقت کا پابند بنانا
- اسٹیک ہولڈرز کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنا
- وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا
- مختلف وزارتوں کی فلاحی اسکیموں کے درمیان بہتر تال میل کو بڑھانا
- دیہی ترقی کی وزارت کی اسکیموں کے درمیان تال میل اور گہرا تعاون
جناب چوہان نے کہا کہ یہ اصلاحی اقدامات سے ملک کے لاکھوں دیہاتوں میں غربت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ غربت سے پاک دیہاتوں کے علاوہ، مجھے ملک کی تعمیر میں دیہاتوں کا کردار نظر آتا ہے، جس میں دیہات کی صلاحیت اور امکانات کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے، بھارت نہ صرف ترقی یافتہ ملکوں کے زمرے میں کھڑا ہو گا، بلکہ دنیا کی نظر میں یہ ایک مثالی ملک بھی ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ دیہی ترقی کی وزارت کی اسکیمیں صرف اسکیمیں نہیں ہیں، یہ عام لوگوں کے لیے ایک امید اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہیں، یہ عزت، بااختیار بنانے اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ ان اسکیموں سے دیہات کی ترقی کے تئیں حکومت ہند کے عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ جناب چوہان نے بتایا کہ جون 2024 سے اب تک مہاتما گاندھی نریگا کے تحت 136 کروڑ افرادی دن کے برابر روزگار کے مواقع پیدا کیے گئےہیں، جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں تقریباً 54 لاکھ 83 ہزار کام مکمل ہو چکے ہیں۔ اس مدت کے دوران مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو کل 50,467 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ جناب چوہان نے بتایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 24 اپریل 2022 کو مشن امرت سروور کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت اب تک 68,000 سے زیادہ امرت سرووروں کی تعمیر / بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اب اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے، اس مشن کو فیز II کی شکل میں بڑھایا جا رہا ہے، جس کے تحت مزید سروور تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گزشتہ دس برسوں میں دیہی علاقوں میں 3.45 کروڑ مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، جس میں پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے تحت مارچ 2024 تک 2 کروڑ 95 لاکھ مکانات کے ہدف کے مقابلے میں 2 کروڑ 68 لاکھ مکانات مکمل کیے جاچکے ہیں۔ پچھلی ہاؤسنگ اسکیم کے تقریباً 77 لاکھ زیر التوا مکانات بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ پچھلے آٹھ برسوں میں روزانہ اوسطاً تقریباً 10,000 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ مکانات کی تکمیل کے اوسط دن 314 سے کم ہو کر 114 دن رہ گئے ہیں۔
جناب چوہان نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی اور دیہی مکانات کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ہاؤسنگ اسکیم کو توسیع دی گئی ہے اور اگلے 5 برسوں میں 3 لاکھ 6 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے 2 کروڑ نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے خاندانوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں اسکیم سے جوڑنے کے لیے سروے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس بار یہ سروے نظر ثانی شدہ اصولوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ آواس + سروے کے کام کی نگرانی کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ اسے اگلے تین مہینوں میں یعنی مارچ 2025 تک مکمل کر لیا جائے۔ اس سمت میں میرے محکمہ نے اس سال ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے کہ اب جو لوگ مکانات کے اہل ہیں، وہ اپنےموبائل سے بذات خود سروے کر سکتے ہیں۔
جناب چوہان نے بتایا کہ دین دیال انتودیا یوجنا- دیہی ذریعۂ معاش کے قومی مشن یعنی این آر ایل ایم بھارت میں نافذ دکیا جانے والا دنیا کا سب سے بڑا خواتین کا نیٹ ورک ہے۔ اس مشن کے تحت 10 کروڑ دیہی خاندانوں کا ہدف پورا کیا گیا ہے۔ ان کو 90.89 لاکھ خود امدادی گروپوں میں منظم کیا گیا ہے اور ان کو 5 لاکھ دیہی تنظیموں (وی او) میں اور مزید 32,000 کلسٹر لیول فیڈریشنز (سی ایل ایف) میں ضم کیا گیا ہے۔ ان کمیونٹی اداروں کو تقریباً 48,289 کروڑ روپے کیپٹلائزیشن کے طور پر فراہم کیے گئے ہیں اور خود امدادی گروپوں کو 9.84 لاکھ کروڑ روپے کے بینک قرض دیے گئے ہیں۔ اس مشن کے تحت تقریباً 4 کروڑ خواتین کسانوں کو شامل کیا گیا ہے اور کل 3.13 لاکھ کاروباری اداروں کو مدد فراہم کی گئی ہے۔ 3 کروڑ لکھپتی دیدی بنانے کے عزت مآب وزیر اعظم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے، آج تک، 1.15 کروڑ دیدی لکھپتی دیدی بن چکی ہیں اور ریاستوں میں 2.91 کروڑ ممکنہ لکھپتی دیدیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی:پی ایم جی ایس وائی-I، IIاور آر سی پی ایل ڈبلیو ای اےکے تحت منظور شدہ کاموں کی تکمیل کی آخری تاریخ مارچ 2024 سے بڑھا کر مارچ 2025 کردی گئی ہے۔ پی ایم جی ایس وائی-IV کے تحت اہل بستیوں کی نشاندہی کے لیے سروے جاری ہے اور 31جنوری 2025تک مکمل کیا جانا ہے تا کہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جا سکے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ دین دیال اپادھیائے گرامین کوشلیہ یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی) کی شکل میں دیہی ذریعۂ معاش کے قومی مشن کے تحت ملک میں کل 629 تربیتی مراکز میں کام ہورہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 2014 سے اب تک کل 16.96 لاکھ امیدواروں کو تربیت دی گئی ہے اور 11.02 لاکھ امیدواروں کو ملازمت دی گئی ہے۔سال 2014 سے اب تک اس اسکیم کے تحت کل 738929.33 لاکھ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔
مرکزی وزیر جناب چوہان نے بتایا کہ دیہی خود روزگار کی تربیت کا ادارہ (آر ایس ای ٹی آئی) پروگرام کے تحت ملک بھر میں کل 602 تربیتی مراکز فعال ہیں۔ جس میں اسکیم کے آغاز (2009) سے اب تک کل 54 لاکھ 32 ہزار دیہی نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے اور 38 لاکھ 60 ہزار مستفیدین کو آمدنی پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت آغاز سے لے کر اب تک پورے بھارت میں کل 1278.81 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ہماری تمام اسکیموں کے اہداف کو حاصل کرنا اور ان کے مقاصد کو پورا کرنا ریاستی حکومتوں کی فعال شراکت اور ان کی مسلسل نگرانی سے ہی ممکن ہے۔ میں آپ سب کا سرگرم تعاون چاہتا ہوں اور آپ کی تعمیری تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ آج کی میٹنگ میں میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ہماری اسکیموں پر عمل درآمد کے سلسلے میں اپنی تجاویز سے ہمیں آگاہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ میری آپ سے یہ بھی گزارش ہے کہ وزارتوں کے آئندہ بجٹ کے حوالے سے جو بھی آپ کے خیالات یا مشورے ہیں، وہ ہمیں بتائیں۔
******************
U. No. 4940
(ش ح ۔ک ح۔ع ر)
(Release ID: 2090845)
Visitor Counter : 8