لوک سبھا سکریٹریٹ
نائب صدر، وزیر اعظم اور لوک سبھا اسپیکر نے بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو ان کے مہاپری نروان دیوس کے موقع پر پریرنا استھل پر گلہائے عقیدت نذر کئے
لوگوں نے بڑی تعداد میں بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریرنا استھل کا دورہ کیا
Posted On:
06 DEC 2024 4:57PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 6 دسمبر، 2024: ہندوستان کے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین، جناب جگدیپ دھنکھڑ؛ ہندوستان کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی؛ ہندوستان کے سابق صدر جناب رام ناتھ کووند اور لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں پریرنا استھل پر ڈاکٹر بابا صاحب بی آر امبیڈکر کے 69 ویں مہاپری نروان دیوس پر ان کے مجسمے پر آج گلہائے عقیدت نذر کئے۔
کئی مرکزی وزراء؛ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر جناب ملکارجن کھڑگے؛ اراکین پارلیمنٹ، سابق اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی اس موقع پر بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
لوک سبھا کے سکریٹری جنرل جناب اُتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل جناب پی سی موڈی نے بھی پریرنا استھل پر بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو گلہائے عقیدت نذر کئے۔
اس موقع پر 750 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے ایک بہت بڑے خیمے کے ساتھ پریرنا استھل پر تقریب کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے تھے - جو اب تک کا سب سے بڑا رقبہ ہے۔ اس میں 900 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی جو کہ پچھلے مقام سے زیادہ ہے۔ پریرنا استھل جدید سہولتوں سے آراستہ اور تکنیکی سہولیات سے مزین جگہ ہے جہاں سبھی ہندوستانیوں کو تحریک دینے والے ہمارے عظیم رہنماؤں کے مجسمے نصب ہیں۔ مجسموں کے بارے میں معلومات ڈیجیٹل طور پر پریرنا استھل پر بھی دستیاب ہیں۔ بڑ ی تعداد میں پریرنا استھل جاکر بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں کے لئے پارلیمنٹ لائبریری کے گیٹ کی جانب سے داخلے کے آسان انتظامات کیے گئے تھے ۔
اس موقع پر، جناب برلا نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا’’میں قوم کے معمار، سماجی انصاف کے محافظ اور بھارت رتن باباصاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو ان کے مہاپری نروان دیوس پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مساوات پر مبنی معاشرے کا ان کا خواب، ان کی انمول تعلیمات، اور آئین سازی میں ان کا گراں قدر تعاون ہمیشہ ہمیں متاثر کرتا رہے گا۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ض ر ۔ن م۔
U- 3579
(Release ID: 2081698)
Visitor Counter : 23