وزارات ثقافت
ڈاکٹر ہرےکرشن مہتاب کے 125ویں یوم پیدائش کی یاد میں ان کی شاندار وراثت کو خراج تحسین پیش کیا
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے ڈاکٹر ہرےکرشن مہتاب کے اعزاز میں ایک خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کیا
Posted On:
21 NOV 2024 5:46PM by PIB Delhi
وزارت ثقافت نے اُتکَل کیشری ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر آج وگیان بھون، نئی دہلی میں ایک خصوصی یادگاری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے شرکت کی، جس میں جناب گجیندر سنگھ شیکھاوت، مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت، جناب دھرمندر پردھان، مرکزی وزیر تعلیم اورجناب موہن چرن ماجھی،اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ بھی موجود رہے۔ ایک سال تک چلنے والی یہ قومی یادگاری تقریب ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کی آزادی کی جدوجہد، ایک ممتاز مصنف، سیاستدان، مؤرخ، صحافی اور جدید اڈیشہ کے معمار کے طور پر اہم خدمات کو اجاگر کرے گی، جس میں مختلف تقریبات، خطبات، نمائشیں، سیمینارز اور دیگر پروگرام شامل ہوں گے۔
للت کلا اکادمی کی جانب سے ڈاکٹر مہتاب کی زندگی کے سفر پر مبنی ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ یہ نمائش اڈیشہ کے 15 سے زائد فنکاروں کے گروپ نے ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کی وراثت، ان کی ابتدائی زندگی، آزادی کی جدوجہد میں ان کی شراکت داری اور ریاست اڈیشہ کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر تیار کی گئی تھی۔ نمائش اور پینٹنگز کے پیغامات ، رنگت اور تخلیقی صلاحیتوں کو معزز صدر جمہوریہ نے سراہا۔ فنکاروں کو صدر جمہوریہ کے ساتھ بات چیت کرنے اور تصاویر کھینچنے کا بھی موقع ملا۔ اس کے علاوہ، ایک مختصر فلم بھی پیش کی گئی، جو ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کی زندگی کو اجاگر کرتی ہے اور ناظرین کو ان کی اہم خدمات اور دائمی وراثت کے بارے میں گہرائی سے آگاہ کرتی ہے۔
یادگاری اجراء
اس موقع پر، صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر مہتاب کے125ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کیا۔
اس کے علاوہ، درج ذیل کتابیں بھی جاری کی گئیں:
1. ہرے کرشن مہتاب: اُڑیہ میں ایک مونوگراف، بذریعہ بیشنباچرن سمل، جو کہ ساہتیہ اکیڈمی کے ذریعے شائع ہوئی ہے۔
2. گاؤں مجلس: ڈاکٹر مہتاب کے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈیافتہ اڑیہ مضامین کا انگریزی ترجمہ ہے، جو ترون کمار ساہوکے ذریعے کیا گیا ہے۔
3. گاؤں مجلس: اسی کام کا ہندی ترجمہ، سجاتا شیون کے ذریعے کیا گیا۔
ان کتابوں کی پہلی کاپیاں متعلقہ وزیروں نے صدر جمہوریہ کو پیش کیں۔
صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کی ہندوستان کی جد و جہدآزادی میں ان کے ناقابل فراموش اثرات اور ادب و حکمرانی میں ان کی دائمی خدمات پر زور دیا۔ انہوں نے وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اڈیشہ کے عظیم شخصیت کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی دائمی وراثت کے لیے ایک سالہ جشن کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب ایک دور اندیش رہنما تھے۔ انہیں یہ بات معلوم تھی کہ مادی ترقی ہی کافی نہیں ہے، بلکہ ثقافتی بیداری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب نے حب الوطنی کو ملک کی ترقی کی بنیاد سمجھا۔
جناب گجیندر سنگھ شیکھاوت، مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت، نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر مہتاب کی شاندار زندگی کا جامع جائزہ پیش کیا، جس میں بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ڈاکٹر مہتاب نے نہ صرف آزادی کی تحریک کی حمایت کی بلکہ اڈیشہ کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بھی اپنے آپ کو وقف کیا۔
اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا اور ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کی بے شمار خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اڈیشہ ڈاکٹر مہتاب کی اہم کوششوں کا عکاس ہے، جن میں سردار پٹیل کے ساتھ مل کر ریاست کے 26 صوبوں کو یکجا کرنے میں ان کا کردار شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر مہتاب کے اڑیہ زبان و ادب پر ان کےاثرات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ان کی وراثت ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے ڈاکٹر مہتاب کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک سالہ جشن کا اعلان کیا، جس میں موجودہ نسل کو متاثر کرنے کےلیےایک بایوپک بھی شامل ہوگی۔
وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم تقریب کا انعقاد کیا اور اس طریقے سے اڈیشہ کو عزت بخشی۔ انہوں نے ابراہم لنکن کا قول پیش کیا: ’’اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا نام آپ کی موت کے بعد یاد رکھا جائے، تو کچھ ایسا کریں جو لکھنے کے قابل ہو یا کچھ ایسا لکھیں جو پڑھنے کے قابل ہو۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹر مہتاب نے تاریخ میں اپنے نقوش چھوڑنے کے لیے ان دونوں پرکام کیا۔ وزیر موصوف نے فخر کے ساتھ ڈاکٹر مہتاب کو ایک حقیقی ریاستدان اور اڈیشہ کے لیے فخر کا باعث قرار دیا۔
ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کے 125ویں یوم پیدائش کا جشن ان کی غیر معمولی زندگی کی یاد دلائی، جو قوم کی ترقی کے لیے وقف تھی۔ نمائش، ثقافتی پروگراموں اور یادگاری اجراء کے ذریعے اس تقریب نے بھارت کے ایک عظیم مجاہد آزادی اور ادبی شخصیت کو شایانِ شان خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب کے بارے میں:
ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب، جنہیں ’’اتکَل کیشری‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 21 نومبر 1899 کو اڈیشہ کے اگرپاڑہ میں پیدا ہوئے۔ وہ ہندوستانی تاریخ کے ایک کثیر جہتی رہنما تھے، جنہیں مجاہد آزادی، سیاستدان، مؤرخ، مصنف، سماجی مصلح اور صحافی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان پر سوامی وویکانند، رامکشن پرم ہنس اور مہاتما گاندھی جیسی عظیم شخصیات سے گہرا اثر تھا۔ ان کا سیاسی کیریئر کالج کے دوران آزادی کی تحریک میں شمولیت سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے عدم تعاون تحریک اور نمک ستیہ گرہ جیسے اہم واقعات میں فعال طور پر حصہ لیا۔ انہیں اپنے سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے متعدد بار قید کیا گیا اور وہ وفاقی ہندوستان میں اڈیشہ کو شامل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنما تھے۔
ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب اڑیسہ رجواڑے کے آخری وزیر اعظم تھے۔ بعد میں آزاد ہندوستان میں وزیر اعلیٰ کے طور پر انہوں نے اڈیشہ کی صنعت کاری اور ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے جدوجہد کی۔ ڈاکٹر ہرے کرشن مہتاب ایک اہم ادبی شخصیت بھی تھے، جنہوں نے اڑیہ اور انگریزی دونوں زبانوں میں خوب لکھا اور اپنے کام کے لیے متعدد اعزازات حاصل کیے، جن میں ’ہسٹری آف اڑیسہ‘ کی تاریخی تصنیف شامل ہے اور 1983 میں انہیں ’گاؤں مجلس‘ کے لیے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ بھی ملا۔ انہوں نے مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور 1962 میں لوک سبھا کے انتخابات میں بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
*******
UR-2753
(ش ح۔ ش م۔ش ہ ب)
(Release ID: 2075614)
Visitor Counter : 17