صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند ملاوی میں
انڈیا-ملاوی تجارتی میٹنگ سے خطاب
ہندوستان اور ملاوی کے درمیان زراعت، کان کنی، توانائی اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے: صدر مرمو
Posted On:
17 OCT 2024 6:33PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو آج صبح (17 اکتوبر 2024) الجزائر، موریطانیہ اور ملاوی کے اپنے سرکاری دوروں کے آخری مرحلے میں لیلونگوے واقع ملاوی پہنچیں۔کاموزو بین اقوامی ہوائی اڈے پر صدر کا استقبال ملاوی کے نائب صدر عزت مآب مسٹر مائیکل یوسی اور دیگر معززین نے كیا۔ رسمی خیر مقدم كے بعدبچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر صدر مملکت کے سامنے روایتی ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
ہندوستان سے ملاوی کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ صدر جمہوریہ کے ساتھ ریاستی وزیر جناب سوکانت مجمدار اور پارلیمانی اراكین جناب مکیش کمار دلال اور جناب اتل گرگ بھی تھے۔
بعد ازاں صدر جمہوریہ نے ہندوستان-ملاوی تجارتی میٹنگ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملاوی قدرتی ذخائر اور زرخیز زرعی زمین سے مالا مال ملک ہے۔ دوسری جانب ہندوستان اپنی بڑی آبادی کے لیے توانائی، معدنیات اور خوراک کی بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ صارفین کی ایک بڑی تعداد ركھتاہے۔اس طرح دونوں ہی ملک بہت سے شعبوں میں ہم آہنگی تلاش کرنے کے لیے ایك ساتھ سرگرم عمل ہو سکتے ہیں۔ زراعت، کان کنی، توانائی، سیاحت وغیرہ کے شعبوں میں ہمارے تعاون کو بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
صدر کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہندوستان اور ملاوی کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھ رہی ہے۔ ہندوستان اس وقت ملاوی کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ہندوستان مختلف شعبوں میں 500 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ ملاوی میں سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔
صدر نے کہا کہ ہندوستان-ملاوی شراکت صرف حکومتوں تک محدود نہیں ہے کیونکہ افریقہ ایک اہم تجارتی اور سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ابھرا ہے۔ ہندوستان کا نجی شعبہ اس تحریک کو آگے بڑھانے میں سب سے آگے ہے۔ افریقہ میں متعدد شعبوں میں ہندوستانی کمپنیوں، کثیر القومی اور ایس ایم ایز کی طرف سے بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔
صدر جمہوریہ نے یقین ظاہر کیا کہ ہندوستان-ملاوی تجارتی میٹنگ میں ہونے والی بات چیت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
شام کو صدر جمہوریہ ایک استقبالیہ میں ہندوستانی برادری کے ارکان سے خطاب کریں گی۔
صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔
******
U.No:1418
ش ح۔ع س۔س ا
(Release ID: 2065914)
Visitor Counter : 48