وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ورچوئل وسیلے سے گیارہ ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے دو ہزار دوسو چھتیس کروڑ روپے کی لاگت سے سرحدی سڑک تنظیم کے بنیادی ڈھانچے کے پچہتر پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا
جناب راج ناتھ سنگھ نے ان پروجیکٹوں کو سرحدی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے ، دفاعی تیاری کو بڑھانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا ثبوت قرار دیا
’’ آنے والے وقت میں ، بھارت دنیا کے محفوظ ترین اور مضبوط ترین ممالک میں شامل ہوگا
Posted On:
12 OCT 2024 1:28PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 12 اکتوبر ، 2024 ء کو سرحدی سڑک تنظیم (بی آر او) کے 75 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کو ورچوئل وسیلے سے قوم کے نام وقف کیا، جن کی کل لاگت 2236 کروڑ روپے ہے۔ ان پروجیکٹوں میں 22 سڑکیں، 51 پل اور دو دیگر منصوبے شامل ہیں، جو 11 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان میں سے 19 پروجیکٹ جموں و کشمیر میں، 18 اروناچل پردیش میں، 11 لداخ میں، 9 اتراکھنڈ میں، 6 سکم میں، 5 ہماچل پردیش میں، 2 مغربی بنگال اور راجستھان میں اور ایک ایک پروجیکٹ ناگالینڈ، میزورم اور انڈمان و نکوبار جزائر میں واقع ہیں۔
وزیر دفاع نے ان پروجیکٹوں کا افتتاح مغربی بنگال کے سکنا میں واقع ہیڈکوارٹر سے کیا ۔ ان میں سے ایک اہم پروجیکٹ سکم کی کوپاپ-شیراٹھنگ سڑک کا افتتاح تھا، جو جواہر لال نہرو مارگ اور زولوک محور کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے ، ان پروجیکٹوں کو حکومت کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت قرار دیا کہ وہ سرحدی بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط کرنے اور ان علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروجیکٹ ، ملک کی دفاعی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’ 2047 ء تک وکست بھارت ‘‘ کے ویژن کو ایسے بنیادی ڈھانچہ کے پروجیکٹوں کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ان 75 منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ، بی آر او نے 2024 ء میں مجموعی طور پر 111 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ مکمل کیے ہیں، جن کی کل لاگت 3751 کروڑ روپے ہے۔ اس میں اروناچل پردیش میں جدید ترین سیلا سرنگ سمیت 36 پروجیکٹ شامل ہیں ، جس کا افتتاح وزیر اعظم نے رواں سال کے آغاز میں کیا تھا اور جن کی مالیت 1508 کروڑ روپے ہے ۔ گزشتہ سال بی آر او کے 125 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ 3611 کروڑ روپے کی لاگت سے قوم کے نام وقف کیے گئے تھے۔
وزیر دفاع نے بی آر او کے اہلکاروں کے حوصلے اور عزم کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے مشکل ترین علاقوں اور موسم کے سخت حالات کے باوجود منصوبے بروقت مکمل کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی تیسری مدت کار میں سرحدی بنیادی ڈھانچہ کو فوری طور پر مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ 25-2024 ء کے مرکزی بجٹ میں بی آر او کے لیے 6500 کروڑ روپے کے اضافہ شدہ بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نہ صرف اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا بلکہ سرحدی علاقوں، بشمول شمال مشرقی خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
وزیر دفاع نے اجاگر کیا کہ 2014 ء سے پہلے کی حکومتوں کا خیال تھا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی کا منفی اثر ہو سکتا ہے کیونکہ اسے ملک کے مخالفین استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سرحدی بنیادی ڈھانچہ کی ترقی ، وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے کیونکہ یہ علاقے، خاص طور پر شمال مشرقی خطہ ، سماجی و اقتصادی اور اسٹریٹجک لحاظ سے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ گزشتہ دہائی میں، ہم نے گاؤوں سے شہروں تک سڑکوں کا وسیع نیٹ ورک تیار کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک نے بے مثال رفتار سے ترقی کا مشاہدہ کیا ہے ۔ ‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے عوام کو یقین دلایا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی میں مزید نئے پہلو شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آنے والے وقت میں دنیا کے محفوظ ترین اور مضبوط ترین ممالک میں شامل ہوگا۔
اس موقع پر ، دفاعی عملے کے سربراہ جنرل اپیندر دویدی، دفاع کے نامزد سکریٹری جناب آر کے سنگھ، ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل رام چندر تیواری، ڈی جی بارڈر روڈز لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواس، تری شکتی کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل زوبین اے منوالا ، وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ورچوئل وسیلے سے افتتاح کے دوران موجود تھے، جب کہ سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمانگ شیراٹھنگ میں مرکزی مقام پر موجود تھے۔
اس تقریب میں سکم، اروناچل پردیش، راجستھان، ہماچل پردیش، ناگالینڈ اور میزورم کے گورنرز؛ جموں و کشمیر اور لداخ کے لیفٹیننٹ گورنرز؛ اروناچل پردیش اور اتراکھنڈ کے وزرائے اعلیٰ؛ سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور ارضیاتی سائنسز کے وزیر مملکت نیز وزیر اعظم کے دفتر ، عملہ اور عوامی شکایات نیز قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ورچوئل وسیلےسے شرکت کی۔
******************
(ش ح ۔ م ع ۔ ع ا )
U.No. 1180
(Release ID: 2064374)
Visitor Counter : 45