پنچایتی راج کی وزارت
پنچایتی راج کی وزارت آٹھویں انڈیا واٹر ویک میں ایک پارٹنر وزارت کے طور پر حصہ لے گی
Posted On:
16 SEP 2024 11:40AM by PIB Delhi
پنچایتی راج کی وزارت 17 سے 20 ستمبر 2024 تک بھارت منڈپم، ہال نمبر 12 اے، پرگتی میدان، نئی دہلی میں منعقد ہونے والے 8ویں انڈیا واٹر ویک اور نمائش میں ایک پارٹنر وزارت کے طور پر حصہ لے رہی ہے۔ اس مرتبہ کی تھیم، " پانی کی سب کی شمولیت والی ترقی اور نظم و نسق کے لیے شراکت داری اور تعاون"، دیہی ہندوستان میں پانی کے پائیدار طریقوں کو آگے بڑھانے کے لیے پنچایتی راج کی وزارت کے عہد سے مطابقت رکھتی ہے جس کے لیے وہ پانی سے بھرپور دیہاتوں کو فروغ دے رہی ہے اورپائیدار ترقی کے اہداف کو مخصوص پنچایت ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے وسائل کی ہم آہنگی کے ذریعے حاصل کررہی ہے۔
وزارت کا نمائشی اسٹال ملک بھر کی گرام پنچایتوں کے پانی کے انتظام کے بہترین طریقوں کی نمائش کرے گا جس میں پانی کی بچت، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، زمینی پانی کی ریچارج، پانی کی تقسیم، پانی کی تقسیم میں راشننگ وغیرہ شامل ہیں۔ اتراکھنڈ کے پوڑی گڑوال ضلع کی کوٹھار گرام پنچایت اس کی ایک خاص مثال ہے جہاں پانی جمع کرنے کے لیے پہاڑ کی بنیاد پر پانی کی ٹینک بنائی گئی ہے، جسے پھر پمپ ہاؤس کے ذریعے قریبی دیہاتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ پروجیکٹ پانی کی کفایت کو یقینی بنانے کے لیے عملی، اختراعی حل کو نافذ کرنے کے لیے گرام پنچایت کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کےعلاوہ واٹر اے ٹی ایم کیوسک کے قیام کے ذریعے گاؤں والوں کو آر او +یو ای پانی کی فراہمی کے لیے منی پور میں کینو گرام پنچایت کا اختراعی نقطہ نظر، دیگر گرام پنچایتوں جیسے وانگمن (ضلع – جمپوئی ہلز، تریپورہ) ، چلوورو (ضلع - گنٹور، آندھرا پردیش)، بیر گنج (ضلع - گومتی، تریپورہ)، ہیوارے بازار (ضلع - احمد نگر، مہاراشٹرا)، بجاڑواڑا (ضلع - وردھا، مہاراشٹرا)، اور خرساپر (ضلع - ناگپور، مہاراشٹرا) کے ذریعے پانی کے تحفظ اور انتظام میں کمیونٹی کی کوششوں کا اجاگر کیا جائے گا۔
پانی کی کافی مقدار والی پنچایت تھیم پائیدار ترقیاتی اہداف کی لوکلائزیشن (ایل ایس ڈی جیز ) کی تھیمس میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد صاف پانی کی رسائی کو یقینی بنانا، صفائی ستھرائی کو فروغ دینا، اور پانی کے پائیدار انتظام کو اپنانا ہے۔ سبھی نو تھیمس جن کا تصور پنچایتی راج کی وزارت نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے تعاون سے کیا ہے، ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دیہی علاقوں میں جامع ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔
پنچایتی راج کی وزارت دیہی ہندوستان میں پانی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں گرام پنچایتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ پنچایتی راج کی وزارت پنچایتی راج اداروں (پی آر آئیز)، دیہی علاقوں کے مقامی باشندوں، دیگر اہم شراکتداروں اور میڈیا سے اس نیک، عوام پر مبنی مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتی ہے۔ ان اقدامات کی کامیابی عوامی بیداری اور اجتماعی کارروائی پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، کیونکہ دیہی علاقوں میں پانی کا انتظام ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آٹھواں انڈیا واٹر ویک اس مشن میں تمام شراکتداروں کو شامل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ایل ایس ڈی جیز کے پانی کی وافر مقدار والی پنچایت تھیم کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی چند پنچایتوں کے نمائندے آٹھویں انڈیا واٹر ویک میں بطور مندوبین شرکت کریں گے۔ پنچایتی راج کی وزارت نے انڈیا واٹر ویک-2024 میں ہندوستان بھر کی گرام پنچایتوں کے منتخب نمائندوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ یہ اقدام پانی کے انتظام پر قومی مباحثوں میں نچلی سطح پر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے وزارت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پنچایتی راج کی وزارت نے مختلف کانفرنسوں، ورکشاپس، صلاحیت سازی، تربیت اور ترغیب دینے جیسے پروگراموں ، اور پنچایتوں کے منتخب نمائندوں اور عہدیداروں سمیت اہم شراکتداروں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کے ذریعے پانی کی کفایت کو مسلسل فروغ دیا ہے۔ آزادی کا امرت مہوتسو (اے کے اے ایم ) یادگار ہفتہ کے حصے کے طور پر 16 اپریل 2022 کو پانی کی وافر مقدار والی پنچایتوں اور صاف اور آلودگی سے پاک پنچایتوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ایل ایس ڈی جیز پر ایک قومی کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کے بعد پونے، مہاراشٹر میں 22 سے 24 ستمبر 2022 تک انہی موضوعات پر ایک قومی تھیمیٹک ورکشاپ منعقد ہوئی۔ 20 اپریل 2023 کو قومی پنچایتی راج دن (24 اپریل 2023) کے موقع پر ایل ایس ڈی جیز پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحت مند پنچایتوں، واٹر پنچایتوں، اور صاف اور آلودگی سے پاک پنچایتوں پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
ان کانفرنسوں اور ورکشاپس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پنچایتوں کے لیے پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے بہترین طریقوں کواجاگر کر سکیں، جس سے پانی کی پائیداری کے لیے ملک گیر تحریک کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ وکست بھارت کے لیے عزت مآب وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، پنچایتیں پانی کے انتظام، پانی کے تحفظ، اور دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اس طرح پائیدار ترقی کے اہداف کی لوکلائزیشن (ایل ایس ڈی جیز) اور ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی طرف ہندوستان کا سفر میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
پنچایتی راج کی وزارت قومی پنچایت ایوارڈز کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پنچایتوں کو ترغیب دے رہی ہے۔ سال 2022 کے دوران ان ایوارڈز کو نئی شکل دی گئی ہے اور انہیں 9 پائیدار ترقی کے اہداف کی نشاندہی (ایل ایس ڈی جیز) تھیمز کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے جن میں 17 ایل ایس ڈی جیز شامل ہیں۔ اسی مناسبت سے، پنچایتی راج کی وزارت نے پانی کی وافر مقدار والی پنچایت تھیم کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پنچایتوں کے لیے ایک ترغیبی طریقہ کار کا تعارف کرایا ہے، جو دوسروں کو بھی اسی طرح کے بہترین طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ان مثالی پنچایتوں کی حصولیابیوں کو مثال بنانے کے لیے قومی پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے، جو دوسروں کو ان کی اپنی گرام پنچایتوں میں پانی کے انتظام کے کامیاب اقدامات کو نقل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ پنچایت ڈیولپمنٹ انڈیکس (پی ڈی آئی ) کے ذریعے احتساب کو فروغ دیکر اور مسلسل بہتری پیدا کرکے پیش رفت کی نگرانی کی جاتی ہے ۔
آٹھویں انڈیا واٹر ویک کے دوران، پانی کے شعبے میں بہترین طریقوں پر ایک موضوعی سیشن ہندوستان بھر میں مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کامیاب پہل پر زور دے گا۔ اس سیشن کا مقصد ریاستوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور ایسے ماڈلز کو اجاگر کرنا ہے جنہیں ملک بھر میں پانی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نقل کیا جا سکتا ہے۔
*****
U.No:10971
ش ح۔م ع۔س ا
(Release ID: 2055318)
Visitor Counter : 53