صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند کا حکومت مہاراشٹر کے‘شاسن آپلیا داری’ اور 'مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بِہن یوجنا' کے استفادہ کنندگان کے ایک اجتماع سے خطاب
Posted On:
04 SEP 2024 5:30PM by PIB Delhi
صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (4 ستمبر 2024) کو اُدگیر میں حکومت مہاراشٹر کی ’شاسن آپلیا داری‘ اور ’مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بِہن یوجنا‘ کے استفادہ کنندگان کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ‘شاسن آپلیا داری‘ اور ’مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بِہن یوجنا‘ ایک جامع اور خوشحال سماج اور ملک کی تعمیر کی سمت میں اہم قدم ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ مہاراشٹر میں خواتین، مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کی مدد سے خود کفیل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو مالی خواندگی اور ہنر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے روزی روٹی کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت شفاف اور جوابدہ حکمرانی کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت شہریوں کی دہلیز پر بنیادی خدمات فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں ان خدمات کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔
صدر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات سے انہیں بے پناہ اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یکساں حالات میں، خواتین کو، مردوں کے مقابلے میں خاندان کے معاشی وسائل کو عام بھلائی کے لیے استعمال کرنے کا زیادہ احساس اور سمجھ ہوتی ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اگر ہم ایک مرد کو تعلیم دیتے ہیں تو ہم صرف ایک شخص کو تعلیم دیتے ہیں لیکن اگر ہم ایک عورت کو تعلیم دیتے ہیں تو ہم پورے خاندان اور آنے والی نسل کو تعلیم دیتے ہیں۔ یہ اقتصادی تفویض اختیارات کے لیے بھی درست ہے۔ اگر خواتین معاشی طور پر بااختیار ہوں گی تو پورا خاندان اور آنے والی نسل بھی بااختیار ہو گی۔
صدر کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ حکومت ہند کی ’لکھ پتی دیدی‘ اسکیم کے ذریعے ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ خواتین لکھپتی دیدی بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خواتین میں خود اعتمادی، بیداری اور نئے شعور کو بڑھا رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے خواتین کی صحت اور غذائیت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کرنے پر مہاراشٹر حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا دیکھا گیا ہے کہ اکثر مائیں بہنیں گھر والوں کی خوراک اور صحت کا خیال رکھتی ہیں لیکن اپنی خوراک اور صحت کا خیال نہیں رکھتیں۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے اور اپنے خاندان کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی صحت کا خیال رکھنا ہوگا۔
صدر کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ گزشتہ چند سالوں میں افرادی قوت میں خواتین کی شرکت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اب ہر شعبے میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ لیکن خواتین کی شرکت کو مزید بڑھانے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام مردوں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کی صلاحیتوں کو پہچانیں اور ان کے خوابوں کی تعبیر میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی میں کوئی بھی رکاوٹ معاشرے اور ملک کی ترقی کی رفتار کو سست کر دیتی ہے۔
اس تقریب میں شرکت کرنے سے پہلے، صدر نے ادگیر میں ایک دھیان مرکز کے ساتھ بدھ وہار کا افتتاح کیا اور بھگوان بدھ کے مجسمے کے سامنے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2024/sep/doc202494387001.pdf
*********
ش ح۔ م م ۔ ج
Uno-10543
(Release ID: 2051853)
Visitor Counter : 60