بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
گجرات کے لوتھل میں نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کامپلیکس ( این ایم ایچ سی) کے ساتھ بحری تاریخ کے تحفظ میں ہندوستان اور ویتنام کا اشتراک
نئی دہلی میں حیدرآباد ہاؤس میں ہندوستان اور ویتنام کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے
این ایم ایچ سی سے متعلق اشتراک مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہوگا جس کا مقصد دونوں ممالک کے بحری ورثے کو نمایاں کرنا ہے
یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان گہرے روابط کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مستقبل کے ثقافتی تبادلوں اور کلیدی تعاون کی منزل بھی طے کرتی ہے:
جناب سربانند سونووال
Posted On:
01 AUG 2024 3:58PM by PIB Delhi
ہندوستان اور ویتنام ایک مالا مال اور ایک دوسرے کی سمندری تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ملک گجرات کے لوتھل میں نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس (این ایم ایچ سی) کی ترقی کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔ یہ شراکت داری، جو صدیوں پرانے بحری رابطوں سے جڑی ہوئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار رشتوں اور ان کے مشترکہ ورثے کے تحفظ اور اسے منانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ آج نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ویتنام کے وزیر اعظم جناب فام من چن کی موجودگی میں ہندوستان اور ویتنام کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ مفاہمت نامہ دونوں ممالک کے درمیان کلیدی شراکت داری کو مزید مضبوط کرتے ہوئے، این ایم ایچ سی کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔
این ایم ایچ سی سےمتعلق اشتراک مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہوگا جس کا مقصد دونوں ممالک کے سمندری ورثے کو نمایاں کرنا ہے۔ یہ کمپلیکس ہندوستان اور ویتنام کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتوں پر زور دے گا، ان کی مشترکہ بحری تاریخ کی قربت اورطوالت کو اجاگر کرے گا۔ دونوں ممالک اپنی سمندری تاریخ سے متعلق نوادرات، نقلیں، پینٹنگز، آثار قدیمہ سے متعلق ڈیٹا اور دیگر نوادرات کے تبادلے اور قرض پر مل کر کام کریں گے۔ فن پارے کے تبادلے کے علاوہ، اس اشتراک کو ڈیزائن، تکنیکی عمل درآمد، اور دیکھ ریکھ میں مہارت کے اشتراک تک توسیع د ی جائے گی۔ اس کا مقصد این ایم ایچ سی میں تعلیمی اور تفریحی مقام بنانا ہے جو جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کرے۔
’’لوتھل میں نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس پر ہندوستان اور ویتنام کے درمیان تعاون ہماری شاندار سمندری تاریخ کے تحفظ اور جشن منانے کے ہمارے مشترکہ عزم میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ شراکت داری نہ صرف ہماری دونوں ملکوں کے درمیان گہرے روابط کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مستقبل کے ثقافتی تبادلوں اور کلیدی تعاون کی منزل بھی طے کرتی ہے۔ مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے کہا کہ ہم ایک ساتھ مل کر ایک پل بنا رہے ہیں جو ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہوئے ہمارے ماضی کی عزت افزائی کرتا ہے۔
ویتنام اور ہندوستان سمندری ورثے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے، ڈیزائن کی معلومات کو مشترک کرنے اور بحری وراثت اور تحفظاتی لیبارٹری تیار کرنے میں بھی تعاون کریں گے۔ این ایم ایچ سی ثقافتی تبادلے، تحقیق اور سیکھنے کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا، جس میں تعلیمی پروگراموں اور نمائشوں پر زور دیا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف ہندوستان اور ویتنام کی شاندار بحری تاریخ کو محفوظ رکھا جائے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ مفاہمت اور تعاون کو فروغ ملے گا اور دونوں ملکوں کی کلیدی شراکت داری کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔
حکومت گجرات نے این ایم ایچ سی کے لیے سراگ والا گاؤں میں 400 ایکڑ اراضی مختص کی ہے اور اس منصوبے کے لیے باہری بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کا کام بھی شروع کیا ہے۔
فیز 1 اے کی تعمیر زورو شور سے جاری ہے اور 55 فیصد سے زیادہ عملی پیشرفت پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہے۔ منصوبے کو اگلے سال عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ میری ٹائم کمپلیکس دنیا کے بلند ترین لائٹ ہاؤس عجائب گھروں میں سے ایک، دنیا کی سب سے بڑی کھلی آبی گیلری، اور ہندوستان کا عظیم ترین بحریہ میوزیم پیش کرے گا، جو اسے ایک اہم بین الاقوامی سیاحتی مقام بنائے گا۔
یہ پروجیکٹ، جس کا آغاز مارچ 2022 میں ہوا تھا، تقریباً4500 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اور اس میں کئی اختراعی اور منفرد خصوصیات شامل ہوں گی۔ ان میں ہڑپہ کے فن تعمیر اور طرز زندگی کو نقل کرنے کے لیے ایک لوتھل منی تفریح، چار تھیم پارکس (میموریل تھیم پارک، میری ٹائم اینڈ نیوی تھیم پارک، کلائمیٹ تھیم پارک، اور ایڈونچر اینڈ ایموزمنٹ تھیم پارک) اور چودہ گیلریاں جو ہڑپہ کے زمانے سے موجودہ دور تک ہندوستان کے سمندری ورثے کو اجاگر کرتی ہیں، شامل ہیں۔ مزید برآں ، ساحلی ریاستوں کا پویلین ہوگا جس میں ہندوستان کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے متنوع سمندری ورثے کو دکھایا جائے گا۔
****
ش ح۔ ح ا ۔ ج
UNO-9130
(Release ID: 2040260)
Visitor Counter : 61