عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

’’غیر قانونی کان کنی، غیر قانونی کرشرز، زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں اور ڈرگ مافیا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘‘: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ


ڈاکٹر سنگھ نے زور دے کر کہا کہ حکومت جموں ڈویژن میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے تاکہ حالات کو معمول پر لایا جا سکے

’’مودی حکومت کے ترقیاتی سفر نے گذشتہ 10 سالوں میں اودھم پور-کٹھوعہ-ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کو بدل کر رکھ دیا ہے‘‘: ڈاکٹر سنگھ

Posted On: 13 JUL 2024 6:56PM by PIB Delhi

سائنس و ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ، پی ایم او، عملے، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ  نے آج جموں کے کٹھوعہ میں کہا، ’’غیر قانونی کرشرز، غیر قانونی کان کنی، زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں اور منشیات فروشوں سے نمٹنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ‘‘

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ غیر قانونی کرشرز، غیر مجاز کان کنی یا زمین پر قبضے سے جڑے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا، چاہے وہ خود کو کتنا ہی بارسوخ کیوں نہ سمجھتا ہو یا عوامی اثر رکھتا ہو۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی کرے اور کیڈیاں گنڈیال جیسے ہمارے قیمتی پلوں کی بنیادوں کو نقصان پہنچائے۔ انھوں نے کہا کہ اسی طرح کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسروں کے بچوں کو نشے کا عادی بنا کر ناجائز دولت کمائے کیونکہ کل اس کے اپنے بچے بھی اس لت کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ تقریبا تین گھنٹے کے عوامی دربار کے انعقاد کے بعد خطاب کر رہے تھے ، جس کے دوران وزیر موصوف نے ڈپٹی کمشنر اور انتظامیہ کے دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ ان کی شکایات اور مطالبات کے موقع پر حل کو یقینی بنانے کے مقصد سے مختلف شہریوں کے وفود کو سنا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی اور منشیات کا غلط استعمال ایک شیطانی چکر ہے جو دہشت گردی اور دیگر معاشرتی برائیوں کو فروغ دیتا ہے۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مثالی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی، چاہے ان کی سیاسی وابستگیاں یا نام نہاد اثر و رسوخ کچھ بھی ہو۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ نے 25 غیر قانونی کرشرز کے خلاف کارروائی کی ہے اور قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تقریبا ایک درجن ایسے کرشرز کی نئی فہرست تیار کی جارہی ہے۔

مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کا اعتماد اور امن عامہ بحال کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے اور ایک ہفتے کے اندر حالات معمول پر آجائیں گے۔

دہشت گردی کے مقامی سہولت کاروں کو سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سماج پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور خطے میں دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں میں شامل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے وی ڈی سی کو مضبوط کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے علاقے میں مویشیوں کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس جرم سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عہد کیا۔ مرکزی وزیر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ منشیات کی لعنت نے پنجاب سے کٹرا تک اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں ، جس سے مقدس شہر کی بدنامی ہوئی ہے۔ انھوں نے مقامی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے بچوں کو اس لعنت سے دور رکھیں۔ مرکزی وزیر نے زمین پر قبضے کے مسئلے کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی اور متنبہ کیا کہ اگر اس جرم کا قصوروار پایا گیا تو کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کے ذریعہ شروع کیے گئے ترقی کے سفر نے پچھلے دس سالوں میں اودھم پور - کٹھوعہ - ڈوڈا پارلیمانی حلقہ کا منظر نامہ بدل دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حلقے کے ہر دو کلومیٹر کے فاصلے پر ترقی کے سنگ میل دیکھے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے یاد دلایا کہ شمالی بھارت کا پہلا بائیو ٹیک پارک، ایک بیج پروسیسنگ پلانٹ، ایک درجن سے زیادہ پل، جن میں مشہور اٹل سیتو بھی شامل ہیں، اس حلقہ میں بنے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کی آخری دہائی پچھلی حکومتوں کی خامیوں پر قابو پانے کے لیے وقف ہے۔ مرکزی وزیر نے وعدہ کیا کہ اب حکومت اپنی نئی مدت میں پچھلی دہائی کے فوائد کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 8306



(Release ID: 2033007) Visitor Counter : 28