امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے ربیع مارکیٹنگ سیزن (آرایم ایس) 2024-25 کے دوران 266 لاکھ میٹرک ٹن (ایل ایم ٹی) گندم کی خریداری کی


آرایم ایس  2024-25کے دوران 22 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی کسانوں نے فائدہ اٹھایا۔انہیں  کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کے تحت 0.61 لاکھ کروڑ روپے دیے گئے

مرکز نے گزشتہ ایک سال میں ایم ایس پی پر دھان اور گیہوں کی خریداری کے لیے 1.29 کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 2.3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ براہ راست  جمع کیے

Posted On: 03 JUL 2024 6:29PM by PIB Delhi

فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) نے رواں ربیع مارکیٹنگ سیزن (آرایم ایس) 2024-25 کے دوران کامیابی کے ساتھ 266 لاکھ میٹرک ٹن (ایل ایم ٹی) گندم کی خریداری کی ہے، جس نے گزشتہ سال کے 262 ایل ایم ٹی کے اعداد و شمار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ملک کے غذائی اناج کی کفایت کو حاصل کیا ہے۔ آرایم ایس  2024-25 کے دوران گیہوں کی خریداری سے تقریباً 22 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر گیہوں کی خریداری سے فوری طور پر ان کسانوں کے بینک کھاتوں میں 0.61 لاکھ کروڑ روپے براہ راست جمع کر دیے گئے ہیں۔

 آرایم ایس کے تحت گندم کی خریداری عام طور پر ہر سال یکم اپریل کو شروع ہوتی ہے۔ تاہم، کسانوں کی سہولت کے لیے، اس سال زیادہ تر خریداری کرنے والی ریاستوں میں اسے تقریباً پندرہ دن پہلے پیش کیا گیا تھا۔ یہ کامیابی کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور سب کے لیے خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

گندم کی خریداری کرنے والی مختلف ریاستوں سے جمع کیے گئے عارضی اعداد و شمار کے مطابق، آرایم ایس  2024-25 کے دوران گندم کی کل خریداری 266 ایل ایم ٹی ہے، جو آرایم ایس  2023-24 کے 262 ایل ایم ٹی کے اعداد و شمار اور آرایم ایس  2022-2023 کے دوران ریکارڈ کی گئی 188 ایل ایم ٹی سے زیادہ ہے۔ اتر پردیش اور راجستھان کی ریاستوں نے اپنی گندم کی خریداری کی مقدار میں نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ اتر پردیش نے گزشتہ سال 2.20 ایل ایم ٹی کے مقابلے 9.31 ایل ایم ٹی کی خریداری ریکارڈ کی ہے، جبکہ راجستھان نے 12.06 ایل ایم ٹی خریداری کی ہے، جو پچھلے سیزن میں 4.38 ایل ایم ٹی سے زیادہ ہے۔

گندم کی خریداری کی خاطر خواہ مقدار نے ایف سی آئی  کو عوامی تقسیم کے نظام (پی ڈی ایس)  میں غذائی اجناس کے مستقل بہاؤ کو یقینی بنانے میں مدد کی ہے۔ خریداری کا یہ پورا عمل مختلف فلاحی اسکیموں بشمول پی ایم جی کے اے وائی کے تحت تقریباً 184 ایل ایم ٹی گندم کی سالانہ ضرورت کو پورا کرنے میں اہم رہا ہے۔

حکومت ہند نے آرایم ایس  2024-25 کے لیے گیہوں کے لیے 2275 روپے فی کوئنٹل کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی)  کا اعلان کیا ہے۔ایم ایس پی ایک حفاظتی جال کے طور پر کام کرتا ہے، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کسانوں کو مناسب قیمت ملے۔ مزید برآں، کسان کھلے بازار میں اپنا اناج فروخت کرنے کے لیے آزاد ہیں، اگر انہیں بہتر قیمتیں ملیں، اس طرح مسابقتی بازار کے ماحول کو فروغ ملے گا۔ ایم ایس پی کی یقین دہانی اور کھلے بازار میں فروخت کی لچک نے اجتماعی طور پر کسانوں کے لیے بہتر آمدنی کا تحفظ حاصل کیا ہے۔

گندم کے علاوہ، خریف مارکیٹنگ سیزن 2023-24 کے دوران، سنٹرل پول کے لیے دھان کی خریداری 775 ایل ایم ٹی سے تجاوز کر گئی، جس کے باعث ایم ایس پی پر دھان کی خریداری کے لیے ان کسانوں کے بینک کھاتوں میں 1.74 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی تقسیم  سے ایک کروڑ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچا۔ یہ کسان زیادہ تر پسماندہ کسان ہیں جو پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ دھان کی موجودہ خریداری نے مرکزی پول کے لیے چاول کے ذخیرے کو 490 ایل ایم ٹی سے زیادہ کر دیا ہے، جس میں 160 ایل ایم ٹی چاول بھی شامل ہے جو ابھی ملنگ کے بعد موصول ہونا باقی ہے۔ چاول کی سالانہ ضرورت تقریباً 400 ایل ایم ٹی ہے، جب کہ یکم جولائی کے لیے حکومت ہند کی طرف سے تجویز کردہ بفر کے اصول 135 ایل ایم ٹی ہیں۔ چاول کے موجودہ اسٹاک کی سطح کے ساتھ، ملک نہ صرف اپنے بفر اسٹاک کے اصولوں سے زیادہ ہے بلکہ اپنی پوری سالانہ ضرورت سے بھی زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ اگلے خریف مارکیٹنگ سیزن (آرایم ایس) 2024-25 کے تحت خریداری بھی اکتوبر 2024 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

اس سیزن میں گندم اور دھان کی خاطر خواہ خریداری حکومت، ایف سی آئی، ریاستی ایجنسیوں، کسانوں، اور دیگر اسٹیک ہولڈرز، بشمول آڑھتیوں (کمیشن ایجنٹس)، ہینڈلنگ اور ٹرانسپورٹ ٹھیکیداروں، اور روڈ ٹرانسپورٹ ٹھیکیداروں کی مشترکہ کوششوں کا ثبوت ہے۔ یہ کامیابی ایف سی آئی کی خریداری اور ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کی بھی نشاندہی کرتی ہے، جو ملک میں غذائی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ ایف سی آئی پورے ہندوستان میں غذائی اجناس کی دستیابی کو یقینی بنانے، کاشتکار برادری کی مدد کرنے اور قومی غذائی تحفظ کے بڑے ہدف کو حاصل کرنے کے اپنے مشن کے لیے پرعزم ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ رض  ۔ ت ع(

8040

 



(Release ID: 2030523) Visitor Counter : 13