وزارت دفاع
بھارت- فرانس کی مشترکہ فوجی مشق ‘شکتی’ کا میگھالیہ میں آغاز
Posted On:
13 MAY 2024 1:48PM by PIB Delhi
بھارت اور فرانس کی ساتویں مشترکہ فوجی مشق ‘شکتی’ کا آج میگھالیہ میں ایک مکمل طور پر ترقی یافتہ اور جدید غیر ملکی تربیتی نوڈ میں عمروئی کے مقام پر آغاز ہوا۔ یہ مشق 13 سے 26 مئی 2024 تک منعقد کی جائےگی۔ اس مشترکہ فوجی مشق کی افتتاحی تقریب میں بھارت میں فرانس کے سفیر عزت مآب تھیری ماتھو اور 51 سب ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل پرسنّا سدھاکر جوشی نے شرکت کی۔ فوجی مشق ‘شکتی ’ دو سال میں ایک بار منعقد کیا جانے والا ایک تربیتی پروگرام ہے، جسے بھارت اور فرانس میں باری باری منعقد کیا جاتا ہے۔ آخری فوجی مشق فرانس میں نومبر 2021 میں منعقد کی گئی تھی۔
بھارتی دستہ 90 اہلکاروں پر مشتمل ہے ، جس کی نمائندگی بنیادی طور پر راجپوت رجمنٹ کی ایک بٹالین کے ساتھ ساتھ آرمس اور سروسز کے دیگر اہلکار کر رہے ہیں۔ بھارتی بحریہ اور بھارتی فضائیہ کے مبصرین بھی اس مشق میں شامل ہوں گے۔ 90 اہلکاروں پر مشتمل فرانسیسی دستے کی نمائندگی، خاص طور پر 13ویں فارن لیجن ہاف - بریگیڈ (13ویں ڈی بی ایل ای) کے اہلکار کررہے ہیں۔
فوجی مشق ‘شکتی’ کا مقصد، اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے باب VII کے تحت ذیلی روایتی منظر نامے میں فوجی دائرہ کار کے تحت آپریشن یا کارروائی کرنے کے لیے دونوں فریقوں کی مشترکہ فوجی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ مشترکہ فوجی مشق کے تحت نیم شہری اور پہاڑی علاقوں میں آپریشنز یا کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مشترکہ تربیت سے حاصل کیے جانے والے مقاصد میں اعلیٰ درجے کی جسمانی فٹنس اور صحت مندی، حکمت عملی پر مبنی کارروائیوں یا آپریشنز کے لیے مشق اور ریفائننگ مشقیں اور اپنے بہترین طورطریقوں سے ایک دوسرے کو واقف کرانا شامل ہے۔
اس فوجی مشق کے دوران کی جانے والی ٹیکٹیکل یا حکمت عملی پر مبنی مشقوں میں دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ، ایک متعین علاقے پر قبضہ کرنے کی دہشت گردی کی کارروائی کا جوابی اقدام، ایک مشترکہ کمانڈ پوسٹ کا قیام، ایک انٹیلی جنس اور نگرانی کے مرکز کا قیام، ہیلی پیڈ/ لینڈنگ سائٹ کی حفاظت، چھوٹی ٹیم کو کسی جگہ داخل کرنا اور وہاں سے نکالنا، ہیلی کاپٹروں پر مبنی خصوصی کارروائیاں ، ناکہ بندی اور تلاش کی کارروائیاں اور ڈرونز کو متعین کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے سے متعلق کاؤنٹر ڈرون نظام وغیرہ شامل ہیں ۔
اس فوجی مشق ‘شکتی’ کی بدولت دونوں فریقوں کو حکمت عملی، تکنیک اور مشترکہ کارروائیوں کے طریقہ کار میں اپنے بہترین طور طریقوں سے ایک دوسرے کو واقف کرانے میں مدد ملے گی۔ مشترکہ مشق دونوں ممالک کی مسلح افواج کے اہلکاروں کے مابین باہمی تعاون، خیر سگالی نیز گرم جوشی اور دوستانہ روابط کو فروغ دینے میں سہولت فراہم کرے گی۔ اس سے دفاعی تعاون کی سطح میں بھی اضافہ ہو گا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید فروغ ملے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۰۰۰۰۰۰۰۰
(ش ح- ع م - ق ر)
(13-05-2024)
U-6877
(Release ID: 2020426)
Visitor Counter : 108