بھارتی چناؤ کمیشن
الیکشن کمیشن آف انڈیا کا بزرگ اور معذور رائے دہندگان کی دہلیز تک پہنچنے کے لیے اضافی اقدام
85 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں اور معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ ڈالنے کے عمل کا آغاز: 18 ویں لوک سبھا کے انتخابات نے تاریخ رقم کی
1.7 کروڑ سے زیادہ 85 سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں
Posted On:
12 APR 2024 5:39PM by PIB Delhi
ایک شاندار اقدام کرتے ہوئے، الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے پہلی بار لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوران بزرگوں اور معذور افراد کو گھر پر ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ 85 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور 40 فیصد بینچ مارک معذوری والے معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) گھر سے ووٹ ڈالنے کی اختیاری سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس زمرے کے رائے دہندگان نے پہلے ہی مرحلے I اور II کے لیے ووٹ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام انتخابی عمل کی شمولیت اور رسائی کو یقینی بنانے اور جمہوری شراکت داری کو تقویت دینے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ملک بھر میں 81 لاکھ 85 سے زیادہ کے عمر رسیدہ رائے دہندگان اور 90 لاکھ سے زیادہ معذور رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں۔
(چھتیس گڑھ، تمل ناڈو اور راجستھان میں 85 سے زیادہ عمر کے ووٹرز گھر پر ووٹ ڈالنے کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے)
چیف الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار نے الیکشن کمشنروں جناب گیانش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو کے ساتھ مل کر اعلان کیا تھا کہ بزرگوں اور معذور افراد کو گھر سے ووٹنگ کی سہولت دینا کمیشن کا ان کے تئیں دیکھ بھال اور احترام کے جذبے کا اظہار ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ایک مثال قائم کرے گا۔ معاشرہ اسے روزمرہ کی زندگی میں اپنائے گا۔ وہ رائے دہندگان جنہوں نے فیز 1 کے انتخابات میں گھر پر ووٹ ڈالنے کی سہولت کا فائدہ اٹھایا، انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اقدام کے تئیں تشکر اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ گھر سے ووٹ ڈالنے کا کام پولنگ عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کے مکمل دستے کی شمولیت کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچتا ہے اور ووٹنگ کی رازداری کو مستعدی کے ساتھ برقرار رکھا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، الیکشن آف انڈیا نے ایک زیادہ منصفانہ اور نمائندگی پر مبنی جمہوریت کی سہولت کے لیے ایک اور فیصلہ کن اقدام کیا ہے، جہاں ہر شہری کی آواز، جسمانی حدود یا عمر سے قطع نظر اہمیت رکھتی ہے۔
راجستھان کے چورو میں آٹھ معذور رائے دہندگان ، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، نے گھر پر ووٹنگ کی سہولت کا استعمال کیا جس سے ہندوستان کی انتخابی جمہوریت کی مضبوطی کا اظہار ہوتا ہے۔ چھتیس گڑھ میں، بستر اور سکما قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والی 87 سالہ اندومتی پانڈے اور 86 سالہ سون متی بگھیل نے گھر پر پوسٹل بیلٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور اس سہولت کے لیے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ مہاراشٹر میں، الیکشن کمیشن آف انڈیا کی پولنگ ٹیموں نے بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ متاثرہ علاقے گڈچرولی ضلع کے سرونچا قصبے میں دو بزرگ ووٹروں کو گھر پر ووٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 107 کلومیٹر کا سفر کیا۔
راجستھان کے چورو میں معذور رائے دہندگان
مدھیہ پردیش کے جے سنگھ نگر سے تعلق رکھنے والے جناب بی آر مشرا نے گھر سے ووٹنگ کا فائدہ اٹھانے کے بعد خوشی اور تعریف کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’آپ لوگوں نے اپنا جو فرض نبھایا ہے، وہ قابل تعریف ہے، بہت اچھا کام کیا ہے، کہہ سکتا ہوں کہ آپ نے جو اپنے فرائض کی ادائیگی کی ہے وہ غیرمعمولی ہے، ایسے ہی سب کریں تو ہمارا ملک قابل فخر بن جائے گا۔‘‘
اسی طرح کی کہانیاں ملک کے دیگر حصوں سے بھی موصول ہو رہی ہیں جہاں گھر سے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ یہ تعریفیں نہ صرف اسٹریٹیجک سہولت کے طور پر بلکہ ہمارے معاشرے کے جمہوری تانے بانے میں شمولیت، ہمدردی اور تفویض اختیارات کی علامت کے طور پر، گھر سے ووٹ ڈالنے کی سہولت کی شکل میں بڑی تبدیلی لانے والے اثرات کو واضح کرتی ہیں۔ ملک کی وسیع انتخابی فہرست میں 85 سال کی عمر کے افراد اور معذور افراد کی شناخت بذات خود ایک مشکل کام ہے۔
محترمہ رکمنی سنگھ (عمر 91 سال) 6-مرادآباد، پی سی اور جناب سمت جین نگینہ پی سی، یوپی سے
راجندر لال اگروال، 95 سال، الور، راجستھان دیما پور، ناگالینڈ
اتراکھنڈ کے چمولی میں بزرگ ووٹر گھر سے ووٹنگ کی سہولت کا استعمال کررہی ہیں۔
ہری دوار میں 107 سالہ جناب دھرم دیو اور اتراکھنڈ کے چمولی میں گھر سے ووٹ ڈلوانے کے لیے پولنگ ٹیمیں جاتی ہوئیں۔
(بزرگ شہری گھر سے ووٹ ڈال رہے ہیں: بشکریہ سی ای او راجستھان)
ایک اور ووٹر، جناب متل نے کہا کہ ’’بہت ہی خوشی ہوئی، بہت مسرت ہوئی، کہ ہم لوگوں کے لیے جو 85 سال سے اوپر کے لوگ ہیں ان کو گھر میں ہی ووٹ ڈالنے کی سہولت دی ہے اور یہ انتخاب کا بہترین جو ہے، ..... اس کے لئے میں بہت شکرگزار ہوں۔‘‘
ہوم ووٹنگ کی سہولت کے بارے میں:
گھر سے ووٹنگ (ہوم ووٹنگ) کی سہولت کی فراہمی ایک ترقی پسندانہ اقدام ہے جس کا مقصد ان ووٹروں کو بااختیار بنانا ہے جنہیں پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عمل میں حصہ لینے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر، اس سہولت کو دو کلیدی آبادیاتی گروپوں تک بڑھایا گیا ہے: معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) جو 40 فیصد بینچ مارک معذوری کے معیار پر پورا اترتے ہیں اور 85 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری۔ اس اختیاری سہولت کو ووٹرز کے ان طبقات تک پہنچا کر، الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت کو تسلیم کرتا ہے کہ شہریوں کے ووٹ کا حق جسمانی رکاوٹوں اور معذوریوں سے متاثر نہ ہو۔ یہ یقینی بنانے کے کمیشن کے نصب العین - کوئی ووٹر چھوٹنے نہ پائے- کو برقرار رکھتا ہے۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ کار سادہ لیکن مکمل ہے۔ انتخابی نوٹیفکیشن کے پانچ دنوں کے اندر، اہل ووٹرز کو فارم 12 ڈی کو مکمل کرکے ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرانا ہوگا۔ معذور ووٹرز کو اپنی درخواستوں کے ساتھ معذوری کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوتا ہے۔
بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) مطلوبہ دستاویزات مکمل ہونے کے بعد ووٹر کی رہائش گاہ سے فارم 12ڈی حاصل کرنے کا ذمہ دار ہے۔ جواب دہی اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے امیدواروں کو ان ووٹرز کی لسٹ موصول ہوتی ہے۔ اگر وہ چاہیں تو وہ اس عمل کی نگرانی کے لیے ایک نمائندہ منتخب کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد پولنگ اہلکاروں کی ایک مخصوص ٹیم سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ووٹ لینے کے لیے ووٹر کی رہائش گاہ پر جاتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ووٹرز کو منصوبہ بند دورے کے وقت سے پہلے مطلع کیا جاتا ہے، جس سے وہ اپنے ووٹ کا حق محفوظ اور آرام دہ طریقے سے استعمال کرنے کے لیے تیار ہوسکیں۔ طریقہ کار کو مزید تیز کرنے اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ووٹرز ایس ایم ایس کے ذریعے ان دنوں کے بارے میں اطلاعات بھی حاصل کر سکتے ہیں جب ان کے گھر ووٹنگ کی سہولت دستیاب ہو گی۔ مکمل عمل کی شفافیت کے لیے ویڈیو گرافی کی جاتی ہے۔
یہ اقدام انتخابی عمل کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے تئیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی لگن کو واضح کرتا ہے۔ ڈیجیٹل اطلاعات سے لے کر ویڈیو گرافروں کی تعیناتی تک، اختراعی حلوں کی شمولیت اہل افراد کے لیے بغیر کسی رکاوٹ اور شفاف ووٹنگ کے تجربے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ جیسا کہ ہندوستان، 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے تیار ہو رہا ہے، گھر سے ووٹ ڈالنے کی سہولت کو متعارف کرانا، جامع اور قابل رسائی انتخابات کو برقرار رکھنے کے تئیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اٹل عزم کا ثبوت ہے۔
تصاویر https://elections24.eci.gov.in/ پر دستیاب ہوں گی۔
******
ضمیمہ A
ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 85 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں اور معذور رائے دہندگان سے متعلق اعداد وشمار
******
ش ح ۔م م ۔ م ر
U-NO.6528
(Release ID: 2017802)
Visitor Counter : 333