وزیراعظم کا دفتر
یاوتمال، مہاراشٹر میں مختلف پروجیکٹوں کے آغاز کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
28 FEB 2024 8:37PM by PIB Delhi
جئے بھوانی، جئے بھوانی، جئے سیولال! جئے برسا!
آپلیا سروانا ماجھا نمسکار!
مہاراشٹر کے گورنر جناب رمیش بیس جی، وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے جی، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس جی، اجیت پوار جی، اسٹیج پر موجود دیگر تمام سینئر معززین۔ آج ملک کے دیگر حصوں سے ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی ہے، میں انہیں بھی یہاں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔
بھائیو اور بہنو،
میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی اس مقدس سرزمین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں مہاراشٹر کے بیٹے اور ملک کی شان ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو بھی سلام کرتا ہوں۔ یاوتمال-واشیم ٹانڈیر مار گور بنجارہ بھائی، بھیا، نائک، داؤ، کاربھاری تمنون ہاٹ جوڈن رام رامی!
ساتھیو،
جب میں 10 سال پہلے ‘چائے پر بحث’ کرنے یاوتمال آیا تھا تو آپ نے مجھے بہت آشیرواد دیا تھا۔ اور ملک کے عوام نے این ڈی اے کو 300 سے اوپر پہنچا دیا تھا۔ پھر میں 2019 میں فروری کے مہینے میں یاوتمال آیا تھا۔ اس وقت بھی آپ نے ہم پر خوب محبتوں کی بارش کی تھی ۔ اس وقت ملک نے این ڈی اے کو بھی 350 سے تجاوز کر دیا تھا۔ اور آج جب میں 2024 کے انتخابات سے قبل ترقی کے جشن میں شرکت کرنے آیا ہوں تو ملک بھر میں ایک ہی آواز گونج رہی ہے۔ اس بار400 پار، ا ب کی بار 400 پار ، اب کی بار400 پار! میں یہاں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں، اتنی بڑی تعداد میں مائیں بہنیں ہمیں آشیرواد دینے آئی ہیں، زندگی میں اس سے بڑی خوش قسمتی اور کیا ہوسکتی ہے۔ میں خاص طور پر ہر گاؤں سے آئی ہوئی ان ماؤں بہنوں کو سلام کرتا ہوں۔ جس طرح سے پورے ودربھ بشمول یاوتمال، واشیم، چندرپور کا بے پناہ آشیرواد مل رہا ہے، اس نے طے کر دیا ہے کہ این ڈی اے سرکار۔۔۔ 400 پار! این ڈی اے سرکار۔۔۔ 400 پار!
ساتھیو،
ہم وہ لوگ ہیں جو چھترپتی شیواجی مہاراج کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ ان کی حکومت کو 350 سال ہو چکے ہیں۔ جب ان کو تاج پہنایا گیا ،اور سب کچھ مل گیا تو وہ بھی آرام سے اقتدار کے مزے لے سکتے تھے۔ لیکن انہوں نے اقتدار کو نہیں بلکہ قوم کے شعور کو، قوم کی طاقت کو سب سے اوپر رکھا۔ اور جب تک زندہ رہے، انہوں نے صرف اس کے لیے کام کیا۔ ہم بھی وہ لوگ ہیں جو ملک کی تعمیر اور اہل وطن کی زندگیوں کو بدلنے کا مشن لے کر نکلے ہیں۔ اس لیے پچھلے 10 سالوں میں جو کچھ بھی کیا گیا وہ آنے والے 25 سالوں کی بنیاد ہے۔ میں نے ہندوستان کے ہر کونے کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم کیا ہے۔ اس عزم کی تکمیل کے لیے میرے جسم کا ایک ایک حصہ اور میری زندگی کا ہر ہر لمحہ آپ سب کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ اور بھارت کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے چار سب سے بڑی ترجیحات ہیں – غریب، کسان، نوجوان اور خواتین کی طاقت۔ اگریہ چار مضبوط ہو جائیں تو ملک کا ہر معاشرہ، ہر طبقہ، ہر خاندان مضبوط ہو جائے گا۔
ساتھیو،
آج یہاں یاوتمال میں غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی طاقت کو بااختیار بنانے کا کام کیا گیا ہے۔ آج یہاں مہاراشٹر کی ترقی سے متعلق ہزاروں کروڑ روپے کی لاگت کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور اس کا افتتاح کیا گیا ہے۔ آج کسانوں کو آبپاشی کی سہولیات مل رہی ہیں، غریبوں کو پکے مکان مل رہے ہیں، گاؤں میں میری بہنوں کو مالی مدد مل رہی ہے، اور نوجوانوں کو مستقبل کی تعمیر کا بنیادی ڈھانچہ مل رہا ہے۔ ودربھ اور مراٹھواڑہ کے ریل رابطے کو بہتر بنانے کے لیے ریل پروجیکٹ اور نئی ٹرینیں آج شروع ہو گئی ہیں۔ میں آپ کو ان سب کے لیے بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔
ساتھیو،
آپ کو یاد ہے کہ جب اس ہندوستانی اتحاد کی مرکز میں حکومت تھی تو اس کی کیا حالت تھی؟ اس وقت وزیر زراعت بھی یہیں سے تھے، اسی مہاراشٹر سے تھے۔ اس وقت دہلی سے ودربھ کے کسانوں کے نام پر پیکیج کا اعلان کیا جاتا تھا اور اسے بیچ میں ہی لوٹ لیا جاتاتھا۔ دیہاتوں، غریبوں، کسانوں اور قبائلیوں کو کچھ نہیں ملتا تھا۔ آج دیکھئے، میں نے ایک بٹن دبایا، اور کچھ ہی دیر میں پی ایم کسان سمان ندھی کے 21 ہزار کروڑ روپے، یہ کوئی چھوٹے اعداد و شمار نہیں ہیں، 21 ہزار کروڑ روپے ملک کے کروڑوں کسانوں کے کھاتوں میں پہنچ گئے۔ اور یہی تو مودی کی گارنٹی ہے۔ جب کانگریس کی حکومت تھی تو دہلی سے 1 روپیہ نکلتا تھا اور 15 پیسےپہنچتا تھا۔ اگر کانگریس کی حکومت ہوتی تو آج آپ کو جو 21 ہزار کروڑ روپے ملے ہیں، ان میں سے 18 ہزار کروڑ روپے درمیان میں ہی لوٹ لئے گئے ہوتے۔ لیکن اب بی جے پی حکومت میں غریبوں کو پورا پیسہ مل رہا ہے۔ مودی کی گارنٹی ہے - ہر فائدہ اٹھانے والے کو پورا حق ملے گا، ایک ایک پیسہ بینک اکاؤنٹ میں۔
ساتھیو،
مہاراشٹر کے کسانوں کے پاس ڈبل انجن کی ڈبل گارنٹی ہے۔ فی الحال مہاراشٹر کے کسانوں کو 3800 کروڑ روپے الگ سے منتقل کیے گئے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ مہاراشٹر کے کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی سے ہر سال 12 ہزار روپے مل رہے ہیں۔
ساتھیو،
پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت اب تک ملک کے 11 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہو چکی ہے۔ اس کی وجہ سے مہاراشٹر کے کسانوں کو 30 ہزار کروڑ روپے اور یاوتمال کے کسانوں کو 900 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ذرا سوچئے کہ یہ رقم چھوٹے کسانوں کے لیے کتنی مفید ہے۔ ابھی چند روز قبل ہی ہماری حکومت نے گنے کی منافع بخش قیمت میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ اب گنے کی منافع بخش قیمت 340 روپے فی کوئنٹل ہو گئی ہے۔ اس سے مہاراشٹر کے کروڑوں گنے کے کسانوں اور کھیت مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔ ابھی چند دن پہلے ہمارے گاؤں میں اناج کے گودام بنانے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ یہ گودام ہماری کسانوں کی کوآپریٹو سوسائٹیاں ہی بنائیں گی، ہماری کوآپریٹو تنظیمیں ہی ان کو کنٹرول کریں گی۔ اس سے چھوٹے کسانوں کو خاص فائدہ ہوگا۔ انہیں اپنی پیداوار کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔
ساتھیو،
ایک ترقی یافتہ ہندوستان (وِکست بھارت)کے لیے گاؤں کی معیشت کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔ اس لیے گزشتہ 10 سالوں میں ہماری یہ مسلسل کوشش رہی ہے کہ گاؤں میں رہنے والے ہر خاندان کے مسائل کو دور کیا جائے اور ان کی مالی مدد کی جائے۔ پانی کی اہمیت کے بارے میں ودربھ سے بہتر کون جان سکتا ہے؟ پینے کا پانی ہو یا آبپاشی کا پانی، 2014 سے پہلے ملک کے دیہاتوں میں افراتفری تھی۔ لیکن اس وقت کی اِنڈی مخلوط حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں تھی۔ ذرا سوچئے، آزادی کے وقت سے لے کر 2014 تک ملک کے دیہاتوں میں 100 میں سے صرف 15 گھرانے ایسے تھے جن کے گھروں میں پانی کے پائپ لگے تھے، 100 میں سے 15 گھرانوں میں۔ اور ان میں سے زیادہ تر غریب، دلت، پسماندہ اور قبائلی تھے، جنہیں یہ فوائد نہیں ملے۔ یہ ہماری ماؤں اور بہنوں کے لیے بہت بڑا بحران تھا۔ ماؤں بہنوں کو اس صورتحال سے باہر نکالنے کے لیے مودی نے لال قلعہ سے ہر گھر تک پانی کی گارنٹی دی تھی۔ 4سے 5 سالوں میں، آج ہر 100 دیہی خاندانوں میں سے 75 کو پائپ کے پانی تک رسائی حاصل ہے۔ یہاں تک کہ مہاراشٹر میں، جہاں 50 لاکھ سے بھی کم خاندانوں کے پاس نل کا پانی تھا، آج تقریباً 1.25 کروڑ نل کنکشن ہیں۔ اسی لیے ملک کہتا ہے- مودی کی گارنٹی کا مطلب پورا ہونے کی گارنٹی ہے۔
ساتھیو،
مودی نے ملک کے کسانوں کو ایک اور گارنٹی دی تھی۔ کانگریس کی حکومتوں نے ملک میں آبپاشی کے تقریباً 100 بڑے پروجیکٹوں کو کئی دہائیوں سے روک رکھا تھا، جن میں سے 60 سے زیادہ مکمل ہو چکے ہیں اور باقی بھی مکمل ہونے والے ہیں۔ ان زیر التواء آبپاشی پروجیکٹوں میں مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 26 پروجیکٹ تھے۔ مہاراشٹر اور ودربھ کے ہر کسان خاندان کو یہ جاننے کا حق ہے کہ آپ کی نسلوں کو کس کے گناہوں کی سزا بھگتنی پڑی ہے۔ ان 26 زیر التوا منصوبوں میں سے 12 مکمل ہو چکے ہیں اور باقی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ بی جے پی کی حکومت ہے جس نے 50 سال بعد نیلوانڈے ڈیم پروجیکٹ کو مکمل کیا ہے۔ کرشنا کوینا-لفٹ اریگیشن پروجیکٹ اور ٹیمبھو لفٹ اریگیشن پروجیکٹ بھی کئی دہائیوں کے بعد مکمل ہوئے ہیں۔ گوسی خورد پراجیکٹ کا زیادہ تر کام بھی ہماری حکومت نے مکمل کر لیا ہے۔ آج بھی یہاں ودربھ اور مراٹھواڑہ کے لیے پی ایم کرشی اریگیشن اور بالی راجا سنجیوانی یوجنا کے تحت 51 پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس سے 80 ہزار ہیکٹر سے زائد اراضی کو آبپاشی کی سہولت میسر آئے گی۔
ساتھیو،
مودی نے گاؤں کی بہنوں کو لکھپتی دیدی بنانے کی گارنٹی بھی دی ہے۔ اب تک ملک کی ایک کروڑ بہنیں لکھپتی دیدی بن چکی ہیں۔ اس سال کے بجٹ میں ہم نے 3 کروڑ بہنوں کو لکھپتی دیدی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اب میں اس عہدکو حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہوں۔ آج سیلف ہیلپ گروپس میں بہنوں اور بیٹیوں کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان بہنوں کو بینکوں سے 8 لاکھ کروڑ روپے دیے گئے ہیں، مرکزی حکومت نے 40 ہزار کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ دیا ہے۔ مہاراشٹر میں بھی بچت گروپوں سے وابستہ بہنوں کو اس سے بہت فائدہ ہوا ہے۔ آج ان گروپوں کو 800 کروڑ روپے سے زیادہ کی امداد دی گئی ہے۔ یاوتمال ضلع میں بہنوں کو کئی ای رکشے بھی دیے گئے ہیں۔ میں خاص طور پر مہاراشٹر کی پوری حکومت بشمول شنڈے جی، دیویندر جی اور اجیت دادا کو اس کام کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔
اورساتھیو،
اب بہنیں نہ صرف ای رکشہ چلا رہی ہیں، اب ڈرون بھی چلائیں گی۔ نمو ڈرون دیدی یوجنا کے تحت بہنوں کے گروپوں کو ڈرون پائلٹ کے طور پر تربیت دی جارہی ہے۔ پھر حکومت ان بہنوں کو ڈرون دے گی جو کھیتی باڑی میں استعمال ہوں گے۔
ساتھیو،
آج یہاں پنڈت دین دیال اپادھیائے جی کے مجسمے کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ پنڈت جی انتودے کے محرک تھے۔ ان کی ساری زندگی غریبوں کے لیے وقف رہی ہے۔ ہم سب پنڈت جی کے خیالات سے تحریک لیتے ہیں۔ پچھلے 10 سال غریبوں کے لیے وقف ہیں۔ پہلی بار مفت راشن کی ضمانت دی گئی ہے۔ پہلی بار مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ آج بھی مہاراشٹر کے ایک کروڑ خاندانوں کو آیوشمان کارڈ دینے کی مہم شروع ہو چکی ہے۔ پہلی بار کروڑوں غریبوں کے لیے شاندار پکے مکانات بنائے گئے ہیں۔ آج او بی سی خاندانوں کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے ایک خصوصی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 10 لاکھ او بی سی خاندانوں کے لیے پکے مکانات بنائے جائیں گے۔
ساتھیو،
جن کو کبھی کسی نے نہیں پوچھا، مودی نے ان کو پوچھا ہے، ان کو پوجا ہے۔ وشوکرما ساتھیوں کے لیے، بلوتیدار ملازمین کے کاریگروں کے لیے، کبھی کوئی بڑا منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ پہلی بار مودی نے 13 ہزار کروڑ روپے کی پی ایم وشوکرما یوجنا شروع کی ہے۔ کانگریس کے دور میں قبائلی برادری کو ہمیشہ پیچھے رکھا گیا، انہیں سہولیات نہیں دی گئیں۔ لیکن مودی نے قبائلی معاشرے کے سب سے پسماندہ قبائل کی بھی فکر کی ہے۔ پہلی بار ان کی ترقی کے لیے 23 ہزار کروڑ روپے کی پی ایم-جن من یوجنا شروع کی گئی ہے۔ یہ اسکیم مہاراشٹر کی کئی قبائلی برادریوں جیسے کاتکاری، کولام اور ماڈیا کو بہتر زندگی فراہم کرے گی۔ غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی طاقت کو بااختیار بنانے کی یہ مہم مزید تیز ہونے جا رہی ہے۔ آنے والے 5 سال اور بھی تیز رفتار ترقی کے ہوں گے۔ آنے والے 5 سال ودربھ کے ہر خاندان کی زندگی کو بہتر بنائیں گے۔ ایک بار پھر کسان خاندانوں اور آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو۔ میرے ساتھ بولیے۔
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بہت بہت شکریہ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ج ق ۔ع ن
(U: 5492)
(Release ID: 2010016)
Visitor Counter : 138
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Manipuri
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Malayalam