وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے 17ویں لوک سبھا کی آخری نشست سے خطاب کیا


سترہویں لوک سبھا کئی اہم فیصلوں کی گواہ رہی ہے۔ یہ پانچ سال ’ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم‘ کے بارے میں ہیں

’’سینگول ہندوستان کے ورثے کی بحالی اور آزادی کے پہلے لمحے کی یاد کی علامت ہے‘‘

اس دوران ہندوستان کو G-20 کی صدارت ملی اور ہر ریاست نے ملک کی طاقت اور اس کی شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کیا

’’ہم اطمینان کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ جن کاموں کے لیے کئی نسلیں صدیوں سے انتظار کر رہی تھیں وہ 17ویں لوک سبھا میں پورے ہو گئے‘‘

’’آج سماجی انصاف کے لیے ہماری عہد بستگی جموں و کشمیر کے لوگوں تک پہنچ رہی ہے‘‘

’’ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ملک 75 سال تک تعزیرات سے متعلق قانون کے تحت رہتا تھا لیکن اب ہم نیا سنہیتا کے تحت رہتے ہیں‘‘

’’مجھے یقین ہے کہ انتخابات ہماری جمہوریت کی شان کے عین مطابق ہوں گے‘‘

شری رام مندر کے بارے میں آج کی تقریروں میں ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘کے منتر کے ساتھ ’سنویدنا‘، ’سنکلپ‘ اور ’سہانوبھوتی‘شامل ہیں

Posted On: 10 FEB 2024 6:18PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج 17ویں لوک سبھا کی آخری نشست سے خطاب کیا۔

ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا موقع ہندوستان کی جمہوریت کے لیے بیحد اہم ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اہم فیصلے کرنے اور ملک کو سمت دینے میں 17ویں لوک سبھا کے تمام ممبران کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قوم کے لیے نظریاتی سفر اور اس کی بہتری کے لیے وقت وقف کرنے کا ایک خاص موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اس کا تجربہ کر سکتی ہے، "ریفارم (اصلاحات)، پرفارم (کارکردگی) اور ٹرانسفارم (تبدیلی) گزشتہ 5 سالوں سے منتر رہا ہے۔" وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے لوگ 17ویں لوک سبھا کو اس کی کوششوں کے لیے آشیرواد دیتے رہیں گے۔ ایوان کے تمام اراکین کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب مودی نے ان اراکین کے تئیں تشکر کا اظہار کیا، خاص طور پر وزیراعظم نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور ایوان کو ہمیشہ مسکراتے ہوئے، متوازن اور غیر جانبدارانہ طریقے سے چلانے پر ان کی کافی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے اس صدی کی سب سے بڑی آفت یعنی کورونا وبائی مرض کا ذکر کیا جو اس عرصے کے دوران انسانیت پر آئی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے اور قوم کے کام کو ایوان میں رکنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے سانسد ندھی کو چھوڑنے اور وبائی امراض کے دوران ممبران کی طرف سے اپنی تنخواہ میں 30 فیصد کٹوتی کرنے پر بھی ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اراکین کے لیے سبسڈی والی کینٹین کی سہولیات کو ہٹانے پر اسپیکر کا شکریہ بھی ادا کیا جو لوگوں کے منفی تبصروں کا سبب بنتی تھی۔

وزیراعظم نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے بارے میں تمام اراکین کو ایک صفحے پر لانے پر اسپیکر کی تعریف کی جس کی وجہ سے اس کی تعمیر ہوئی اور موجودہ اجلاس یہاں منعقد ہوا۔

پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں قائم سینگول کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ہندوستان کی وراثت کی بحالی اور آزادی کے پہلے لمحے کی یاد کی علامت ہے۔ انہوں نے اسپیکر کے سینگول کو سالانہ تقریب کا حصہ بنانے کے فیصلے کی بھی ستائش کی اور کہا کہ یہ آنے والی نسلوں کو اس لمحے سے جوڑ دے گا جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی اور یہ ایک تحریک کا ذریعہ ہے۔

وزیر اعظم نے اس عالمی شناخت کا ذکر کیا جو G20 سربراہ کانفرنس کی صدارت نے لائی اور جس کے لیے ہر ریاست نے اپنی قومی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح P20 سربراہ اجلاس نے مادر جمہوریت کے طور پر ہندوستان کی ساکھ کو تقویت بہم پہنچائی۔

وزیر اعظم نے تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے ملک گیر تقریبات میں پھولوں کی نذرانے کی رسم کو توسیع دینے کی بھی نشاندہی کی۔ ہر ریاست سے سرفہرست 2 دعویدار دہلی آتے ہیں اور اعزاز کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس عمل نے لاکھوں طلباء کو ملک کی پارلیمانی روایت سے جوڑ دیا۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کی لائبریری کو عام شہریوں کے لیے کھولنے کے اہم فیصلے کا بھی ذکر کیا۔

وزیر اعظم مودی نے کاغذ سے مبرا پارلیمنٹ کے تصور اور اسپیکر کے ذریعہ متعارف کرائی گئی ڈیجیٹل ٹکنالوجی کے نفاذ پر بات کی اور اس پہل کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے 17ویں لوک سبھا کی پیداواری صلاحیت کو تقریباً 97 فیصد تک لے جانے کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی مشترکہ کوشش اور اسپیکر کی مہارت اور اراکین کی بیداری کو اس کا سہرا دیا۔ وزیر اعظم نے اراکین پر زور دیا کہ اگرچہ یہ ایک قابل ذکر تعداد ہے، تاہم وہ عزم کریں اور 18ویں لوک سبھا کے آغاز پر پیداواری صلاحیت کو 100 فیصد تک لے جائیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 7 اجلاس 100 فیصد سے زیادہ نتیجہ خیز رہے جب ایوان میں آدھی رات تک کام کاج ہوا اور تمام اراکین کو اپنی بات کہنے کی اجازت دی گئی۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ 17ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس میں 30 بل منظور کیے گئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

آزادی کا امرت مہوتسو کے دوران ممبر پارلیمنٹ بننے کی خوشی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اپنے اپنے پارلیمانی حلقوں میں مہوتسو کو عوامی تحریک بنانے کے لیے ممبران کی تعریف کی۔ اسی طرح آئین کے 75ویں سال نے بھی سب کو متاثر کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 21ویں صدی کے ہندوستان کی مضبوط بنیاد اس دور کی اہم تبدیلی لانے والی اصلاحات میں دیکھی جاسکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہم بڑے اطمینان کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ بہت سی چیزیں جن کے لیے عرصے سے انتظار ہورہا تھا، وہ 17ویں لوک سبھا کے ذریعے پوری ہوئیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سے آئین کی پوری شان و شوکت ظاہر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آئین بنانے والوں کو خوشی ہوئی ہوگی۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ ’’آج سماجی انصاف کے لیے ہماری عہد بستگی جموں و کشمیر کے لوگوں تک پہنچ رہی ہے۔"

دہشت گردی کی لعنت کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایوان کی جانب سے بنائے گئے سخت قوانین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے والوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی طور پر ہو گا۔

"ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ملک 75 سال تک تعزیرات سے متعلق قوانین کے تحت رہا لیکن اب ہم نیا سنہیتا کے تحت رہتے ہیں"، وزیر اعظم نے نئے ضابطوں سے متعلق قوانین کو اپنانے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔

وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ناری شکتی وندن ادھینیم کی منظوری کے ساتھ کارروائی شروع کرنے پر اسپیکر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اگرچہ پہلا اجلاس باقی اجلاسوں سے مختصر تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ناری شکتی وندن ادھینیم کی منظوری کا نتیجہ ہے کہ آنے والے وقت میں یہ ایوان خواتین ارکان سے بھر جائے گا۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے 17ویں لوک سبھا میں تین طلاق کو ختم کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔

ملک کے لیے اگلے 25 سال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک نے اپنے خوابوں کی تکمیل کا عزم کر لیا ہے۔ مہاتما گاندھی اور سودیشی آندولن کے ذریعہ 1930 میں شروع ہونے والے نمک ستیہ گرہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اجاگر کیا کہ یہ واقعات اس کے آغاز کے وقت شاید معمولی تھے لیکن انہوں نے اگلے 25 سالوں کے لیے بنیادیں قائم کیں جس سے 1947 میں ہندوستان کو آزادی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کا احساس ملک کے اندر بھی محسوس کیا جا سکتا ہے جہاں ہر شخص نے 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عزم کرلیا ہے۔

نوجوانوں کے لیے پہل اور قوانین کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پیپر لیک کے مسئلے کے خلاف مضبوط قانون کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے تحقیق کی اہمیت پر زور دیا اور نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن ایکٹ کی دور رس اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ایکٹ ہندوستان کو تحقیق اور اختراع کا عالمی مرکز بنانے میں مدد کرے گا۔

یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ 21ویں صدی میں دنیا میں بنیادی ضروریات بدل گئی ہیں، وزیر اعظم نے ڈیٹا کی قدر و قیمت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری نے موجودہ نسل کے ڈیٹا کو محفوظ بنایا ہے اور دنیا بھر سے پذیرائی بھی حاصل کی ہے۔ ہندوستان میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے ملک کی گوناگونیت اور ملک کے اندر تیار کردہ متنوع ڈیٹا کو اجاگر کیا۔

سیکورٹی کی نئی جہتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے سمندری، خلائی اور سائبر سیکورٹی کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں ان شعبوں میں مثبت صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی اور منفی قوتوں سے نمٹنے کے لیے ایسے طریقے بھی تیار کرنا ہوں گے"، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ خلائی اصلاحات طویل مدتی مضمرات کے ساتھ آگے کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

سترہویں لوک سبھا کے ذریعہ کئے گئے معاشی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ عام شہریوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لئے ہزاروں فرسودہ قوانین کو ہٹا دیا گیا ہے۔ 'کم سے کم حکومت اور زیادہ سے زیادہ حکمرانی' پر یقین کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی جمہوریت کی صلاحیتوں کو شہریوں کی زندگیوں میں کم سے کم حکومتی مداخلت کو یقینی بنا کر زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 سے زائد فرسودہ قوانین کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے اس کی ضرورت تھی۔ وزیراعظم مودی نے شہریوں پر بھروسہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن وشواس ایکٹ نے 180 سرگرمیوں کو جرم سے مبرا قرار دیا ہے۔ ثالثی ایکٹ نے قانونی چارہ جوئی سے متعلق غیر ضروری مسائل کو ہٹانے میں مدد کی ہے۔

مخنث برادری کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے مخنث برادری کے لیے قانون لانے کے لیے ممبران کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کے لیے حساس انتظامات عالمی سطح پر قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخنث افراد ایک شناخت حاصل کر رہے ہیں اور سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر کاروباری بن رہے ہیں۔ پدم ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں مخنث افراد بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے ان اراکین کے لیے گہرے دکھ کا اظہار کیا جو کووِڈ وبا کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس نے تقریباً 2 سال تک ایوان کی کارروائی کو متاثر کیا۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ "ہندوستان کی جمہوریت کا سفر لازوال ہے اور ملک کا مقصد پوری انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔" انہوں نے دنیا کو ہندوستان کے طرز زندگی کو قبول کرنے کا تذکرہ کیا اور ممبران پر زور دیا کہ وہ اس روایت کو آگے بڑھائیں۔

آئندہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات جمہوریت کی فطری اور ضروری جہت ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انتخابات ہماری جمہوریت کی شان کے عین مطابق ہوں گے۔

وزیر اعظم نے 17ویں لوک سبھا کے کام کاج میں ان کے تعاون کے لیے ایوان کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ رام مندر کی پران پرتیشٹھا کی تقریب کے بارے میں آج منظور کی گئی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ملک کی آنے والی نسلوں کو اپنی وراثت پر فخر کرنے کے لیے آئینی اختیارات دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کے منتر کے ساتھ ’سمویدنا‘، ’سنکلپ‘ اور ’سہانوبھوتی‘ شامل ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ اپنے اراکین کو مستقبل کی نسلوں کے لیے میراث چھوڑنے اور اپنے تمام اراکین کی اجتماعی کوششوں سے آنے والی نسلوں کے خوابوں اور امنگوں کی تکمیل کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔

******

U.No:4795

ش ح۔ م ع ۔ س ا



(Release ID: 2004884) Visitor Counter : 50