وزارت دفاع

کرتویہ پتھ پر 75ویں یوم جمہوریہ کی پریڈ خواتین پر مرکوز ہوگی۔ وکست بھارت’ اور‘بھارت – لوک تنتر کی متروکا’ مرکزی موضوعات ہوں گے: دفاع  کےسکریٹری جناب  گریدھرارامانے


پریڈ کا آغازپہلی مرتبہ 100 خواتین فنکار ہندوستانی  موسیقی کے آلات کے  ساتھ  کریں گی ۔ 16 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقے  اور نو وزارتیں/تنظیمیں ملک کے بھرپور ثقافتی تنوع، اتحاد اور ترقی کی نمائش کرنے کے لیے کی جھانکیاں  پیش کریں گی

فرانس کے  صدر ایمینوئل میخاںمہمان خصوصی ہوں گے۔ مارچنگ اور بینڈ دستے  اور ساتھ ہی  ساتھ فرانس کے ہوائی جہاز بھی  اپنے  بھارتی ساتھیوں کے ساتھ  شامل ہوں گے

پورے ہندوستان کے تقریباً 13,000 خصوصی مہمانوں کو میں  پریڈ دیکھنے  کے لئے مدعو کیاگیاہے ،تاکہ جن بھاگداری کو یقینی بنایاجاسکے

‘اننت سوترا - دی اینڈ لیس تھریڈ’ ملک کے کونے کونے سے تقریباً 1,900 ساڑیوں اور پردوں کی نمائش  اس کی دوسری  خاص بات ہے

Posted On: 19 JAN 2024 6:06PM by PIB Delhi

‘وکست بھارت’ اور ‘بھارت – لوک تنتر کی ماتروکا’ کے موضوعات کے ساتھ، 26 جنوری 2024 کو کرتویہ پتھ پر 75ویں یوم جمہوریہ پریڈ خواتین پر مرکوز ہوگی۔ 19 جنوری 2024 کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے،  دفاع  کے سکریٹری جناب گریدھر ارامانے نے کہا کہ خواتین مارچ کرنے والے دستے پریڈ کا ایک بڑا حصہ بنیں گے، جس میں زیادہ تر ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں (یوٹیز) اور مرکزی وزارتوں/تنظیموں کی جھانکیاں دکھائی جائیں گی جس کے ذریعہ  ملک کے بھرپور ثقافتی تنوع، اتحاد اور ترقی کی نمائش کی جائیگی ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موضوعات کا انتخاب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے خیالات کے  عین مطابق کیا گیا ہے کہ بھارت حقیقت میں مادر جمہوریت ہے۔

پریڈ کا آغاز پہلی مرتبہ 100 خواتین فنکاروں کے ذریعہ ہندوستانی موسیقی کے آلات  بجاتے ہوئے کیا جائے گا۔ پریڈ کا شروعات  سنکھ، نادسورم  نگاڑا وغیرہ کی موسیقی سے ہوگا جسے  خواتین فنکار بجائیں گی۔

پریڈ میں پہلی بار کرتویہ پتھ پر مارچ کرتے ہوئے تمام خواتین پرمشتمل  تینوں افواج کی خدمات کے دستے بھی دیکھے  جائیں گے ۔ سی اے پی ایف کا دستہ بھی خواتین اہلکاروں پر مشتمل ہوگا۔ سیکرٹری دفاع نے کہا ‘‘اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ میں خواتین کی بہترین نمائندگی نظر آئے گی’’ ۔

پریڈ صبح 1030 بجے شروع ہوگی اوریہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ  تک چلے گی۔ کرتویہ پتھ پر 77,000  افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس میں سے 42,000 عام لوگوں کے لیے مختص ہیں۔

مہمان خصوصی

جناب گریدھر ارامانے نے کہا کہ فرانس کے صدر مسٹر ایمنوئل میخاں اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔اس سال  فرانس سے 95 رکنی مارچنگ دستے اور 33 رکنی بینڈ دستے بھی پریڈ میں حصہ لیں گے ساتھ ہی انڈین ایئرفورس کے طیارے کے ساتھ ساتھ فرانس ایئرفورس کا ایک  ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ (ایم آر ٹی ٹی) طیارہ اور دو رافیل طیارے  بھی فلائی پاسٹ میں حصہ لیں گے۔

خصوصی مہمان

اس سال یوم جمہوریہ  کی پریڈ کودیکھنے کے لئے   تقریباً 13,000 خصوصی مہمان بھی مدعوکئے گئے ہیں ۔ دفاع کے سکریٹری نے بتایا کہ اس کا مقصد زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قومی تہوار میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے، جو  حکومت کے جن بھاگیداری کے وژن کے  عین مطابق ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ یہ مہمان ملک کے لئے  فخر  کی بات ہیں۔

ان خصوصی مہمانوں میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اور وہ لوگ بھی شامل ہیں، جنہوں نے حکومت کی مختلف اسکیموں جیسے پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی اور شہری)، پی ایم اجولا یوجنا، پی ایم اسٹریٹ وینڈرز آتم نربھر ندھی (پی ایم سواندھی)، پی ایم کرشی۔ سنچائی یوجنا، پی ایم فصل بیمہ یوجنا، پی ایم وشوکرما یوجنا، پی ایم انسوچیت جاتی ابھیودے یوجنا، پی ایم متسیا سمپدا یوجنا، اسٹینڈ اپ انڈیا اسکیم، پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم اور راشٹریہ گوکل مشن کابہترین استعمال کیاہے۔ متحرک دیہاتوں کے سرپنچ، سوچھ بھارت ابھیان کی خواتین کارکنان، الیکٹرانک مینوفیکچرنگ سیکٹرز اور سینٹرل وسٹا پروجیکٹ، اسرو کی خواتین خلائی سائنسدان، یوگا ٹیچرز (آیوشمان بھارت)، بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے فاتح اور پیرا اولمپک میں تمغہ حاصل کرنے والے بھی اس پریڈ میں شرکت کریں گے۔  اپنی مدد آپ کے بہترین گروپس، فارمرز پروڈیوسر آرگنائزیشنز،(زرعی اشیاء پیداکرنے والی کسان تنظیمیں) پی ایم من کی بات پروگرام کے حوالے، اور پروجیکٹ ویر گاتھا 3.0 کے ‘سپر 100’اور نیشنل اسکول بینڈ مقابلے کے فاتحین بھی اس میں شامل ہوں گے ۔ ان خصوصی مہمانوں کو کرتویہ پتھ پر خاص طورپرمقام دیاجائے گا۔

جناب  گریدھر ارامانے نے کہا کہ  متحرک دیہاتوں کو ان کی مشکل روزی  روٹی کے پیش نظر خصوصی مہمانوں کی فہرست میں شامل کرنے پر خاص زور دیا گیا ہے  تاکہ وہ ملک کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کا حصہ بن سکیں۔

جھانکیاں

           پریڈ کے دوران  16 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور نو وزارتوں/ محکموں کی کل 25 جھانکیاں کرتویہ پتھ پراپنی کارکردگی کا مظاہرکریں گی ۔ ان  ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں : اروناچل پردیش، ہریانہ، منی پور، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، راجستھان، مہاراشٹر، آندھرا پردیش، لداخ، تمل ناڈو، گجرات، میگھالیہ، جھارکھنڈ، اتر پردیش اور تلنگانہ شامل ہیں  ان جھانکیوں میں جن  وزاتوں/ تنظیوں  کی جھانکیاں ہوں گی ، ان میں  وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت، ثقافت کی وزارت، ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو)، سائنسی اور صنعتی تحقیق کے مرکز ( سی ایس آئی آر، الیکشن کمیشن آف انڈیا، اور سنٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ یعنی تعمیرات عامہ  کے مرکزی محکمے  (سی پی ڈبلیو ڈی)شامل ہیں ۔

           ہر سال کی طرح، جھانکیوں کا انتخاب  ماہرین کی ایک  کمیٹی نے کیا ہے جس  کمیٹی میں فن، ثقافت، پینٹنگ، مجسمہ سازی، موسیقی، فن تعمیر، کوریوگرافی وغیرہ کے شعبوں کے نامور افراد شامل ہیں۔ پریڈ میں ان کی جھانکیوں  کو شامل نہ کرنے پر، وزارت دفاع نے ایک منفرد تین سالہ رول اوور منصوبہ تیار کیا ہے، جو تین سال کی مدت میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی باری باری بنیادوں پر مساوی شرکت کو یقینی بناتا ہے۔

اننت سوترا

 ثقافت  کی وزارت کرتویہ پاتھ پر ‘اننت سوترا – دی اینڈ لیس تھریڈ’ ٹیکسٹائل کی تنصیب کی نمائش کرے گی۔ یہ انکلوژر میں بیٹھے مہمانوں کے پیچھے نصب کیا جائے گا۔ اننت سوتر ساڑی کے لیے ایک بصری طور پرایک شاندار خراج عقیدت ہے، جو فیشن کی دنیا کے لیے ہندوستان کا لازوال تحفہ ہے۔ یہ منفرد تنصیب ملک کے کونے کونے سے تقریباً 1,900 ساڑیوں اور پردوں کی نمائش کرے گی، جو کرتویہ پتھ پر لکڑی کے فریموں کے ساتھ اونچائی پر نصب  کئے گئے ہیں۔ اس میں کیوآکوڈز ہوں گے، جنہیں باآسانی اسکین کیا جا سکتا ہے تاکہ اس میں استعمال ہونے والی بنائی اور کڑھائی کے فن کے بارے میں تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔

یادگاری سکے اور ڈاک ٹکٹ

اب کیونکہ ملک اس  سال اپنا75واں یوم  جمہوریہ منا رہا ہے،  دفاع کی وزارت تقریبات کے دوران ایک یادگاری سکہ اور یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گی۔

نیشنل اسکول بینڈ مقابلہ

وزارت دفاع نے، وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر، یوم جمہوریہ کی تقریبات 2024 کے لیے  ملک کی سطح پر ایک قومی اسکول بینڈ مقابلہ کا انعقاد کیا تاکہ اسکول کے بچوں میں اپنے ملک کے تئیں حب الوطنی، اتحاد اور  فخرسے لبریز جذبات کو ابھارا جا سکے۔  اس مقابلے میں 30 مختلف ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 486 اسکولی بینڈس نے حصہ لیا، جس میں 12,857 طلباء شامل ہوئے۔ نیشنل اسکول بینڈ مقابلے کی سطحیں درج ذیل ہیں:-

  • سطح 1 : ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعہ ریاستی سطح
  • لیول 2: ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں  کی زونل سطح جنھیں  04 زونوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
  • سطح 3: قومی سطح (فائنل) - نیشنل اسٹیڈیم، نئی دہلی میں کارکردگی پیش کی گئی۔

مقابلے کی پہلی دو سطح پہلے ہی منعقد کی  جا چکی ہیں اور فائنل سطح کا مقابلہ 21 اور 22 جنوری 2024 کو نئی دہلی کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مقابلے کے دوران 15 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے منتخب کردہ کل 16 بینڈس اپنی کارکردگی پیش کریں گے ۔ فائنل میں آنے والی ٹیموں کا انعامات سے نوازاجائے گا جبکہ کچھ فاتحین کوسلامی کے مقام پر پریڈ دیکھنے کاشرف بھی حاصل ہوگا۔

وندے بھارتم 3.0

وندے بھارتم رقص مقابلے کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد یوم جمہوریہ کی تقریبات 2024 کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔ خواتین فنکاروں کے گروپ کرتویہ پتھ میں پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریباً 200 خواتین فنکارسلامی کے مقام  کے سامنے کارکردگی پیش کریں گی۔

ویر گاتھا 3.0

پروجیکٹ ویر گاتھا کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد یوم جمہوریہ کی تقریبات 2024 کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا تاکہ بچوں میں مسلح افواج کے بہادری کے کارناموں اور قربانیوں کے بارے میں حوصلہ افزائی اور بیداری پیدا کی جا سکے۔ اس تقریب کا اہتمام وزارت دفاع نے وزارت تعلیم کے تعاون سے 13 جولائی سے 30 ستمبر 2023 کے بیچ  کیا تھا۔ ویر گاتھا 3.0 میں پورے ہندوستان کے 2.42 لاکھ اسکولوں کے ریکارڈ 1.36 کروڑ طلباء نے حصہ لیا تھا۔‘Super-100’ کہلانے والے  کل 100 اسکولی طلباء  کو فاتح قرار دیا گیا ہے ان طلباءکو 25 جنوری 2024 کو نئی دہلی میں وزیردفاع کے  ذریعے نوازا جائے گا۔ یہ طلباء یوم جمہوریہ کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔

بھارت پرو

‘جن بھاگیداری’ موضوع  کی عکاسی کرتے ہوئے، سیاحت کی وزارت کی طرف سے 23 سے 31 جنوری 2024 تک  دہلی کے لال قلعہ، میں ‘بھارت پرو’ کا انعقاد کیا گیاہے۔ اس میں یوم جمہوریہ  جھانکیاں، ملٹری بینڈز کی پرفارمنس، ثقافتی پرفارمنس، کرافٹس بازار اور فوڈ کورٹس کی نمائش کی جائے گی جس میں پورے بھارت  کے کھانوں کو پیش کیا جائے گا۔

پراکرم دیوس

ثقافت کی وزارت نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یاد میں 23 جنوری 2024 کو لال قلعہ پر پراکرم دیوس کا اہتمام کرے گی۔ پروگرام  کے دوران، مختلف سرگرمیاں جیسے 3-D پروجیکشن میپنگ/لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، ڈراموں/ڈانس پرفارمنس کے ساتھ پروجیکشن میپنگ وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔

ای دعوت

اس سال بھی مختلف معززین کو دعوت نامے الیکٹرانک موڈ میں وقف پورٹل www.e-invitation.mod.gov.in کے ذریعے جاری کیے گئے۔ اس نے پورے عمل کو زیادہ محفوظ اور کاغذ کے بغیر بنانے اور ملک کے تمام حصوں سے لوگوں کو اس قومی تقریب میں شرکت کے قابل بنایا۔

ای ٹکٹ

عوام کے لیے سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ جن بھاگیداری کو یقینی بنایاجاسکے ،لہذا اسی مناسبت سے عوام کے لیے ٹکٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جنہیں www.aaamantran.mod.gov.in سے بک کیا جاسکتا ہے۔ یوم جمہوریہ پریڈ اور بیٹنگ ریٹریٹ تقریب 2024 کے ٹکٹوں کی قیمت اور تعداد کی تفصیلات حسب ذیل ہیں:-

26 جنوری 2024 کو یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے

-/20 روپے : 4320ٹکٹس

-/100روپے = 37,680 ٹکٹس

29 جنوری 2024 کو بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کے لیے

-/100روپے = 1200 ٹکٹس

یوم جمہوریہ پریڈ اور بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کے ٹکٹ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ایم سیوا موبائل ایپ کے ذریعے بھی بک کیے جا سکتے ہیں۔

پارک اور سواری اور میٹرو کی سہولت

یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کو مفت پارکنگ، سواری اور میٹرو کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ میٹرو 26 جنوری 2024 کو 0400 بجے شروع ہوگی۔ مہمان اور ٹکٹ رکھنے والے  اپنا دعوت نامہ/ٹکٹ دکھا کر مفت میٹرو کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ مہمانوں اور ٹکٹ  رکھنے والوں کوجواہرلال نہرواسٹیڈیم  اور پالیکا بازار پارکنگ ایریا سے مفت پارک اینڈ رائیڈ بس میں سوارہونے  کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کی گھر پر تقریب

روایت  کے مطابق، وزیر اعظم جناب نریندر مودی 24 جنوری 2024 کو نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر یوم جمہوریہ کی تقریبات کے این سی سی کیڈٹس، این ایس ایس رضاکاروں، یوتھ ایکسچینج پروگرام کے کیڈٹس، جھانکیوں کے فنکار، قبائلی مہمانوں وغیرہ سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم کی این سی سی ریلی

وزیر اعظم کی این سی سی ریلی  27 جنوری 2024کو کریپا پریڈ گراؤنڈ، دہلی کینٹ میں ہونے والی ہے۔ جہاں وزیر اعظم جناب نریندر مودی این سی سی کی متعدد سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

بیٹنگ ریٹریٹ

           بیٹنگ ریٹریٹ کی تقریب میں، جو 29 جنوری 2024 کو ، 75 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے اختتام پر وجے چوک میں منعقد ہوگی، اس میں  تمام ہندوستانی دھنیں بجائی جائیں گی۔ بھارتی فوج،بھارتی بحریہ، بھارتی فضائیہ، سی اے پی ایف پرمشتمل  بینڈس صدر محترمہ دروپدی مرمو، نائب صدر جناب جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی، وزیردفاع جناب  راج ناتھ سنگھ، دیگرمرکزی وزارتوں کے سینئرافسران اورعام لوگوں کے سامنے دھنیں بجائیں گے ۔ دفاع کے سکریٹری نے بتایا کہ ایک آن لائن مقابلہ منعقد کیا جائے گا جس میں لوگ ہندوستانی دھنیں گا سکتے ہیں / بجا سکتے ہیں، جو وجیوں کی قربانیوں اور حب الوطنی کو اجاگر کریں اور انہیں مائی گو پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔اس میں سرکردہ رہنے والے افراد کو انعامات سے نوازاجائے گا۔

*********

 (ش ح۔ش م ۔ع آ)

U-3912



(Release ID: 1998850) Visitor Counter : 81