وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ممبئی میں رکشا منتری نے اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرآئی این ایس امپھال کو بحریہ میں شامل کیا؛  اسے  انہوں نے دفاع میں 'آتم نربھربھارت' کی علامت قرار  دیا


بہتر خفیہ کارروائی کی  خصوصیات کا حامل75 فیصد دیسی اجزا سے تیار اور جدید ترین آلات کے ساتھ، یہ جہاز ہندوستان کی سمندری طاقت کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ قومی مفادات کاتحفظ کرے گا

آئی این ایس امپھال ہند بحرالکاہل کے خطے میں ’جلمیو یسہ، بالمیو تسیہ‘ (جوسمندر کو کنٹرول کرے  وہی  سب سے زیادہ طاقتور ہے) کے ہمارے اصول کو تقویت  دے گا: جناب راجناتھ سنگھ

‘‘ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت نے کچھ قوتوں کو حسد اور نفرت سے بھر دیا ہے۔ تجارتی جہاز ‘ چیم  پلوٹو’اور ‘سائی بابا’ پر حملوں کے قصورواروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا’’

‘‘ہندوستان بحر ہند کے علاقے میں نیٹ سیکورٹی فراہم کنندہ کا کردار ادا کرتا ہے؛ ہم دوست ممالک کے ساتھ مل کر سمندری راستوں کو محفوظ رکھیں گے تاکہ سمندری تجارت  کومزید بلندیوں لے جانے کی کوشش کو یقینی بنایاجاسکے’’

Posted On: 26 DEC 2023 2:40PM by PIB Delhi

آئی  این ایس امپھال کو جو بی 15 اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر سے مزین  ایک پروجیکٹ ہے، 26 دسمبر 2023 کو ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں منعقدہ ایک متاثر کن تقریب میں رکشا منتری  جناب راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں ہندوستانی بحریہ میں شامل کیا گیا۔ چار مقامی 'وشاکھاپٹنم' کلاس ڈسٹرائرز میں سے تیسرا، جسے ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز ڈیزائن بیورو نے ڈیزائن کیا ہے اور مژگاؤں  ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ (ایم ڈی ایل)، ممبئی نے  تیار کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے، رکشا منتری نے آئی این ایس امپھال کو دفاع میں 'آتم نربھربھارت' کی ایک روشن مثال کے طور پرقرار دیا اور قومی سلامتی کے تئیں ہندوستانی بحریہ، ایم ڈی ایل اور دیگر تمام فریقوں کے عزم کا عکاس بھی قرار دیا ۔انہوں نے کہا، “آئی این ایس امپھال ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سمندری طاقت کی علامت ہے اور یہ اسے مزید مضبوط کرے گا۔ اس سے ہند-بحرالکاہل کے خطے میں ہمارے 'جلمیو یسہ، بالمیو تسیہ' (یعنی جو  سمندر کو کنٹرول کرتا ہے وہی  طاقتور ہے) کے اصول کو تقویت دے گا،’’۔

اس جہاز کی لمبائی 163 میٹر، چوڑائی 17 میٹر ہے اور 7,400 ٹن کی نقل مکانی کے ساتھ یہ ہندوستان میں بنائے گئے سب سے طاقتور جنگی جہازوں میں سے ایک ہے۔ اسے چار طاقتور گیس ٹربائنز کے ذریعے چلایا جاتا ہے، ایک مشترکہ گیس اور گیس کی ترتیب میں، اور یہ 30  سمندری کلومیٹر سے زیادہ رفتار کے قابل ہے۔

رکشا منتری نےآئی  این ایس امپھال کو قوم کی مختلف طاقتوں کے مجموعہ کے طور پر بیان کیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘برہموس ایرو اسپیس نے جہاز پر براہموس میزائل نصب کیا ہے۔ ٹارپیڈو ٹیوب لانچر لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈٹی) کے ہیں۔ ریپڈ گن ماؤنٹ بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (بی ایچ ای ایل) اور درمیانی رینج کے میزائل بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) کے ذریعے نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، بہت سے اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ای اس کی تعمیر میں شامل ہیں۔جس طرح بہت سے عناصر نے آئی این ایس امپھال کو ایک ٹھوس شکل دی ہے، اسی طرح زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو 'وکست بھارت' بننے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ہر شہری ہندوستان کی سلامتی اور ترقی کا نگہبان ہے۔ جب بھی کوئی کام کرتا ہے تو قوم کی بہتری کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔’’

جناب راج ناتھ سنگھ نے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تینوں خدمات کی جدید کاری پر یکساں زور دینے کے حکومت کے عزم کو دہرایا، اور کہا کہ پہلے کی حکومتیں صرف زمینی خطرات سے ملک کو بچانے پر توجہ مرکوز کرتی تھیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شمال میں ہمالیہ اور مغرب میں پاکستان کے معاندانہ رویے کے سبب ہندوستان کی زیادہ تر اشیاء کی تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے، جو اسے 'تجارت' کے نقطہ نظر سے ایک جزیرہ نما ملک بناتا ہے۔ انہوں نے بحریہ کی صلاحیتوں کو مسلسل ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ عالمی تجارت ہندوستان کے لیے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔

رکشا منتری نے بحیرہ عرب میں تجارتی جہاز (ایم وی) چیم پلوٹو  پر مشتبہ حملے اور بحیرہ احمر میں 'ایم وی سائی بابا' پر حملے  کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی معاشی اور اسٹریٹجک طاقت نے کچھ طاقتوں کو حسد اور نفرت سے بھر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہند نے ان حملوں کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور بحریہ نے اپنی نگرانی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جناب راجناتھ سنگھ نے کہا ‘‘بھارت بحر ہند کے پورے خطے میں نیٹ سیکورٹی فراہم کنندہ کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس خطے میں سمندری تجارت مزید بلندیوں کو چھوئے۔ اس کے لیے ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ مل کر سمندری راستوں کو محفوظ رکھیں گے۔ ہمیں اپنی بحریہ کی صلاحیت اور طاقت پر پورا بھروسہ ہے’’ ۔

بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی این ایس امپھال کو دفاع میں خود انحصاری کے وژن کو حاصل کرنے کے لیے ہندوستانی بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی ایک روشن علامت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے اسے حکومت کے ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ ویژن کا ثبوت بھی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جہاز نہ صرف سمندروں سے پیدا ہونے والے جسمانی خطرات سے نمٹے گا بلکہ ایک مربوط ملک کی طاقت کا بھی مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا ،‘‘آئی این ایس امپھال مختلف  نوعیت کے خطرات کو روکے گا جو قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ دشمن پر آگ برسائے گا اور مصیبت کے وقت غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرے گا۔’’

بحریہ کے سربراہ نے اس بات پر یقین ظاہر کیا کہ چوتھا پروجیکٹ 15بی اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر 'سورت' 2024 میں شروع کیا جائے گا۔ آئی این ایس امپھال کی کمیشننگ سے پہلے اسی درجے کے دو تباہ کار جہازوں  آئی این ایس وشاکھاپٹنم اور آئی این ایس مرموگاؤ کو بالترتیب 2021 اور 2022 میں کمیشن کیا گیا تھا۔

ایڈمرل آر ہری کمار نے نشاندہی کی کہ تجارتی جہاز پر بحری قزاقی اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے، ہندوستانی بحریہ نے پروجیکٹ 15بی اور 15اے کلاس کے چار تباہ کن جہازوں کو تعینات کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی8I ایئر کرافٹ، ڈورنیئرز، سی گارڈین، ہیلی کاپٹر اور کوسٹ گارڈ کے جہاز ان خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر تعینات کیے گئے ہیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے مزید کہا کہ بحریہ کا مقصد ملک کے ہر ضلع، ہر بلاک اور ہر گاؤں سے کم از کم ایک اگنی ویر کو شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ‘‘حکمت عملی یہ ہے کہ ملک کے کونے کونے سے نوجوانوں ،مرد اور خواتین دونوں  کو متوجہ کیا جائے ۔ جب وہ سروس میں ہوں، ان کی تربیت کی جائے ، تعلیمی اداروں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کی تصدیق کی جائے، قوم پرستی کا جذبہ ابھارکر اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ وہ دوبارہ انمول اثاثوں کے طور پر سول سیکٹر میں شامل ہوں۔ اس کا وژن ملک کے طول و عرض میں ایسی قوم پرست افرادی قوت کو پھیلانا ہے’’ ۔

آئی این ایس امپھال کو پہلا جنگی جہاز ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے جس کا نام شمال مشرق میں ایک شہر کے نام پر رکھا گیا ہے، جس نے قوم اور ہندوستانی بحریہ کے لیے خطے اور منی پور کی اہمیت اور شراکت کو اجاگر کیا ہے۔ اس کی کیل 19 مئی 2017 کو رکھی گئی تھی اور جہاز کو 20 اپریل 2019 کو لانچ کیا گیا تھا۔ یہ جہاز 28 اپریل 2023 کو اپنی پہلی سمندری سفر کے لیے روانہ ہوا، اور بندرگاہ اور سمندر میں جامع آزمائشوں سے گزرا، اس کی ترسیل 20 اکتوبر 2023  کوہوئی جو کہ چھ ماہ سے بھی کم کا ریکارڈ ٹائم فریم ہے۔ آئی این ایس امپھال کی تعمیر اور آزمائشوں سے گزرنے میں لگنے والا وقت کسی بھی دیسی تباہ کار کے لیے سب سے کم رہا ہے۔ بحری جہاز نے اپنے شروع ہونے سے پہلے توسیعی رینج کے براہموس میزائل کی پہلی بار ٹیسٹ فائرنگ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، جس سے یہ ‘وھیپن ریڈی’ ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلی جناب ایکناتھ شندے، فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف، ویسٹرن نیول کمانڈ کے وائس ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور ڈائریکٹر (فنانس) کے ساتھ چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر، ایم ڈی ایل جناب سنجیو سنگھل ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے کمیشننگ تقریب میں شرکت کی۔

اس جہاز میں کل 315 اہلکار شامل ہیں، اور اس کی کمان کیپٹن کے کے چودھری کر رہے ہیں، جو بندوق اور میزائل کے ماہر ہیں۔ یہ ملک کی بحری سلامتی اور مفادات کے تحفظ میں بحریہ کی نقل و حرکت، رسائی اور لچک کو بڑھا دے گا۔

آئی این ایس امپھال نے اسٹیلتھ خصوصیات میں اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں رڈار کراس سیکشن میں کمی واقع ہوئی ہے، جو ہل کی موثر شکل سازی، مکمل بیم سپر اسٹرکچر ڈیزائن، پلیٹڈ ماسٹ اور بے نقاب ڈیکس پر رڈار شفاف مواد کے استعمال کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔ یہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہے، جن میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، اینٹی سب میرین وارفیئر (اے ایس ڈبلیو) راکٹ لانچرز اور ٹارپیڈو لانچرز،اے ایس ڈبلیو ہیلی کاپٹر، ریڈار، سونار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم شامل ہیں ۔ یہ جہاز جوہری، حیاتیاتی اور کیمیائی جنگ کے حالات میں لڑنے کے لیے لیس ہے۔

اس جہاز کی ایک انوکھی خصوصیت تقریباً 75 فیصد کی اعلیٰ سطح کی مقامییت ہے، جس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کی ‘آتم نر بھر بھارت’ کی کوششوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ مقامی آلات/نظاموں میں کمبیٹ مینجمنٹ سسٹم، راکٹ لانچر، ٹارپیڈو لانچر، انٹیگریٹڈ پلیٹ فارم مینجمنٹ سسٹم، آٹومیٹڈ پاور مینجمنٹ سسٹم، فولڈ ایبل ہینگر ڈورز، ہیلو ٹریورسنگ سسٹم، کلوز ان ویپن سسٹم، اور بو ماونٹڈ سونار شامل ہیں۔

*****

ش ح۔ج ق ۔ م ص

(U:2982)


(Release ID: 1990470) Visitor Counter : 124