صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ نے عمان کے سلطان کی میزبانی کی


بھارت، خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں عمان کے اہم کردار کو تسلیم کرتا ہے اور اسے بہت اہمیت دیتا ہے: صدر مرمو

Posted On: 16 DEC 2023 9:31PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے  آج (16 دسمبر 2023) کو راشٹرپتی بھون میں عمان کے سلطان عزت مآب ہیثم بن طارق کا خیرمقدم کیا۔ صدر جمہوریہ نے ان کے اعزاز میں  عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔

بھارت کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر  عزت مآب سلطان کا خیرمقدم کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے کہا کہ عمان اس خطے میں بھارت کا سب سے قدیم  اسٹریٹجک شراکت دار،  اور اُس کی ایشیا پالیسی کے سنگ بنیاد کے طور پر ایک منفرد مقام  رکھتاہے۔ بھارت، خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں عمان کے اہم کردار کو تسلیم کرتا ہے اور اس کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بھارت اور عمان کے درمیان تعلقات اب واقعی کثیر جہتی بن چکے ہیں۔ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور ثقافت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں شاندار پیش رفت ہوئی ہے۔ مستقبل کی جانب توجہ مرکوز کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمان کا ’وژن 2040‘ اور بھارت کا ترقی  کا جاری  سفرہمارے لئے اسٹریٹجک شعبوں میں بڑے پیمانے پر تعاون کرنے کے لئے بہترین پیش منظر تیار کرتا ہے۔

صدر جمہوریہ  نے بھارت کی صدارت میں اس سال کی جی 20 سربراہ کانفرنس اور دیگر متعلقہ  میٹنگوں میں عمان کی قابل قدر شراکتداری کی سراہنا کی۔

صدر جمہوریہ نے عمان کی ترقی میں بھاتی نژاد لوگوں کے ذریعے ادا کئے گئے اہم کردار کو بھی یاد کیا، اور بھارت - عمان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ یہ دورہ، بھارت- عمان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے لئے مضبوط بنیاد رکھنے کاکام کرے گا۔

*******

ش ح۔ ن ر 

U NO:2540



(Release ID: 1987380) Visitor Counter : 65


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Punjabi