وزارت سیاحت
شمال مشرق میں سیاحت کی ترقی کے لیے خطے کے حساس ماحولیاتی نظام کو مدنظر رکھنا ہوگا: سیکریٹری سیاحت
Posted On:
22 NOV 2023 12:46PM by PIB Delhi
سیاحت کی وزارت کی سکریٹری محترمہ وی ودیاوتی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شمال مشرق میں سیاحت کی ترقی میں خطے کے حساس ماحولیاتی نظام کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ محترمہ ودیاوتی شمال مشرقی خطہ میں سیاحت کی ترقی اور نمو سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کے لیے میگھالیہ کے شیلانگ میں آئی ٹی ایم کے دوسرے دن منعقدہ بزنس سیشن میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ آٹھ شمال مشرقی ریاستوں کے نمائندوں نے اپنی نئی منزلوں کے ساتھ ساتھ اپنی ریاستوں میں نئے مواقع کے بارے میں تازہ معلومات پیش کیں۔ نالج سیشنز اورپینل میں شامل افراد کے ساتھ حکومتی اور نجی دونوں شعبوں کے پینل مباحثوں میں خطے میں کنکٹیوٹی کی ترقی پر غور وخوض کیا گیا۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری نے کہا کہ قدرتی حسن اور سیاحت کے وسائل کے لحاظ سے شمال مشرقی خطہ ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ اس خطے میں بہت بڑا جغرافیائی تنوع پایا جاتا ہے جو کہ ایڈونچر سیاحت کے لیے بڑی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ سیاحت کی وزارت نے ایڈونچر سیاحت کے لیے ایک قومی حکمت عملی تیار کی ہے اور ملک میں ایڈونچر سیاحت کو فروغ اور ترقی دینے کے لیے حکمت عملی کو فعال بنانے اور اس پر عمل درآمد کی رہنمائی کے لیے ایڈونچر سیاحت کے لیے ایک قومی بورڈ تشکیل دیا ہے۔ وزارت سیاحت نے ایڈونچر سیاحت ماڈل قانون کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں ذمہ داریاں، ادارہ جاتی فریم ورک، جرمانے، رجسٹریشن اور بیمہ کی فراہمی شامل ہے۔ اسے رائے حاصل کرنے کے لیے تمام ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے شمال مشرقی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ شمال مشرق سمیت ملک میں ایڈونچر کھیلوں کی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے لیے حفاظت کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
سکریٹری موصوف نے بتایا کہ تجرباتی سیاحت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزارت سیاحت نے دیہی ہوم اسٹے کے فروغ کے لیے ایک قومی حکمت عملی تیار کی ہے کیونکہ ہوم اسٹے سیاحوں کو نہ صرف رہائش کا متبادل ذریعہ فراہم کرتا ہے بلکہ مقامی کمیونٹیز کے لیے کاروباری اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے شمولیت پر مبنی ترقی کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے تمام شمال مشرقی ریاستوں سے کہا کہ وہ ‘ووکل فار لوکل’ کے ہدف کے حصول کے لیے ہوم اسٹے کی حکمت عملی کے نفاذ پر سرگرمی سے غور کریں اور اس خطے میں دیہی سیاحت کی ترقی میں بھی مدد کریں۔
انٹرنیشنل ٹورازم مارٹ ایک سالانہ تقریب ہے جو وزارت سیاحت، حکومت ہند کی طرف سے شمال مشرقی ریاستوں میں سے ایک میں باری باری کی بنیاد پر منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مارٹ مقامی فریقوں کو ملک کے اندر اور بیرون ملک دونوں بازاروں سے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سیاحت کی وزارت ٹریول مارٹ میں میڈیا اور ٹور آپریٹرز کی میزبانی بھی کرتی ہے تاکہ شمال مشرق میں مختلف سیاحتی مصنوعات اور مقامات کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے تاکہ خطے میں سیاحت کو بڑھایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ف ا ۔ع ن
(U: 1259)
(Release ID: 1978702)