امور داخلہ کی وزارت
ٹرائبل یوتھ ایکسچینج پروگرام (ٹی وائی ای پی) میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کے وفد نے صدر سے ملاقات کی
صدر مملکت نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ملکی آئین اور جمہوریت پر مکمل اعتماد رکھیں، ہمارا جمہوری نظام سب کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ملک اور تمام شہریوں کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کوشاں ہے، بلا تفریق سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے
دور دراز علاقوں میں بھی حکومت سب کی ترقی کے لیے سڑکیں، مواصلات، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے
امور داخلہ اور امداد باہم کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے 18 اکتوبر کو نئی دہلی میں ٹی وائی ای پی کے تحت قبائلی نوجوانوں سے بات چیت کی تھی
قبائلی نوجوانوں کو ملک کے دورے کے بعد اپنے گاؤں واپس جاکر بتانا چاہیے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں آج ملک ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے اور قبائلیوں کے لیے ہر شعبے میں کافی مواقع موجود ہیں
Posted On:
05 NOV 2023 7:24PM by PIB Delhi
مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے نوجوانوں کے ایک وفد نے آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ یہ نوجوان قبائلی یوتھ ایکسچینج پروگرام (ٹی وائی ای پی) کے تحت دہلی میں ہیں، جسے مرکزی وزارت داخلہ نے بائیں بازو کی انتہا پسندی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے منظم کیا ہے۔
صدر مملکت نے وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ملک کے آئین اور جمہوریت پر مکمل اعتماد رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جمہوری نظام سب کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہیں صرف محنت اور لگن سے اپنا راستہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تشدد کے ذریعے کبھی بھی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔
صدر جمہورہ نے کہا کہ حکومت ملک اور تمام شہریوں کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ یہ بغیر کسی امتیاز کے سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دور دراز علاقوں میں بھی حکومت سب کی ترقی کے لیے سڑکیں، مواصلات، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بہت سے آئی ٹی آئی اور اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم انفرادی اور اجتماعی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں اور دوسروں کو بھی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے آباؤ اجداد سے ترغیب حاصل کریں اور ان کی اقدار اور نظریات کو اپنا کر ہندوستان کو مضبوط کریں۔
قبل ازیں امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے 18 اکتوبر 2023 کو نئی دہلی میں ٹی وائی ای پی کے تحت 200 قبائلی نوجوانوں سے بات چیت کی تھی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ تشدد سے روزگار نہیں مل سکتا اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تخلیق کے لیے معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل ہونا ضروری ہے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ یہ قبائلی نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ تو غلط راستے پر چلیں اور نہ ہی دوسروں کو ایسا کرنے دیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قبائلی نوجوانوں کو ملک کے دورے کے بعد اپنے گاؤں واپس جاکر سب کو بتانا چاہیے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں آج ملک ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے اور قبائلیوں کے لیے ہر شعبے میں کافی مواقع موجود ہیں۔
وزارت داخلہ گزشتہ 15 سالوں سے ٹرائبل یوتھ ایکسچینج پروگرام (ٹی وائی ای پی) چلا رہی ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت کے تحت نہرو یووا کیندر سنگٹھن (این وائی کے ایس) کے توسط سے چلایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت، بائیں بازو کی انتہا پسندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اندرونی علاقوں سے قبائلی برادریوں کے نوجوان مرد اور خواتین کو ملک بھر کے بڑے شہروں اور میٹروپولیٹن میں لے جایا جاتا ہے۔
نومبر 2023 میں دہلی میں ایک قبائلی یوتھ ایکسچینج پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دہلی پروگرام کے دوران، آئی آئی آئی ٹی دہلی میں انکیوبیشن سینٹر اور اینوویشن لیب اور ہونڈا فیکٹری، مانیسر کا دورہ کرنے کے ساتھ، ان نوجوانوں کو تعلیم، فروغ ہنرمندی اور کیریئر اور کاروبار کے بارے میں صلاح و مشورہ اور رہنمائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یوتھ پارلیمنٹ کا انعقاد، ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، سی آر پی ایف کیمپ میں سینئر افسران کی رہنمائی اور پولیس میں بھرتی کے لیے کونسلنگ، نوجوان انتظامی افسران کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی، دہلی کے اہم مقامات کا دورہ، ثقافتی پروگرام اور تقریری مقابلہ وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا ۔
******
ش ح۔م م ۔ م ر
U-NO.702
(Release ID: 1974916)
Visitor Counter : 110