نیتی آیوگ

نیتی آیوگ اٹل انوویشن مشن کے ذریعے علاقائی اختراع اور کاروباری ماحولیات کی ترقی کو متحرک کرنے کے لیے ریاستی سطح کی اختراعی ورکشاپ کی میزبانی کرے گا

Posted On: 02 NOV 2023 12:38PM by PIB Delhi

ہندوستان بھر میں اختراعی اور کاروباری ماحولیات کو فروغ دینے اور پروان چڑھانے کے ایک اسٹریٹجک اقدام میں، اٹل انوویشن مشن ریاستی سطح کے اختراعی ماحولیاتی نظام کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک ماہرین کے باہمی تبادلہ خیال  پر مبنی  ورکشاپ کا اہتمام کرنے کے لیے تیار ہے۔

آنے والی تقریب، 6 سے 8 نومبر تک ‘‘بلڈنگ اسٹیٹ – لیول انوویشن ایکو سسٹم انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بنگلور (آئی آئی ایم  بنگلور)  کی پرشکوہ  عمارت میں منعقد ہونے والی ہے۔ یہ تین روزہ اجتماع ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گا کہ وہ  ہندوستان بھر میں اپنے اپنے علاقوں میں جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ(آئی اینڈ ای) کو فروغ دینے کے لیے  پروگراموں کاانعقاد  کریں ، معلومات کا تبادلہ کریں اور حکمت عملی تیار کریں۔

مشن ڈائریکٹر اٹل انوویشن مشن ڈاکٹر چنتن ویشنو نے جمعرات کو یہاں تقریب سے پہلے منعقد کی جانے والی  ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘عالمی اختراعی انڈیکس میں ہندوستان کی حالیہ پیش رفت، یعنی81 ویں سے 40 ویں مقام تک پہنچ جانا، ملک کی وسیع اختراعی صلاحیت کو واضح کرتی ہے۔ اس قابل ذکر رفتار کو جاری رکھنے اور ٹاپ 25 میں شامل ہونے کے لیے، یہ ضروری ہے کہ ہندوستان کی متنوع ریاستیں اپنی مخصوص طاقتوں اور مقامی سیاق و سباق کے مطابق لچکدار اختراع کاری  اور کاروباریت ( آئی اینڈ ای)  ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے تعاون کریں۔ یہ ماحولیاتی نظام علاقائی صنعتوں کو مضبوط بنانے، اقتصادی ترقی کو تحریک دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں’’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان بھر کی ریاستیں پہلے ہی مضبوط اختراع کاری  اور کاروباریت ( آئی اینڈ ای)  ماحولیاتی نظام کی تعمیر کا سفر شروع کر چکی ہیں،  ان ریاستوں کو  اپنے پروگراموں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے اقدامات سے تعاون حاصل  رہاہے۔ نتیجتاً، ریاستی سطح کے ماڈلز کی ایک بڑی تعداد سامنے آئی ہے، جن میں سے ہر ایک اپنی معلومات  اور کارنامے پیش کرتا ہے۔ تاہم، اس ریاستی سطح کی ورکشاپ کو ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں  کے درمیان باہمی طور پر تجربات سے استفادہ کرنے کی طاقت کو بروئے کار لانے کے لیے احتیاط سے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے ان کے متعلقہ ریاستی سطح کے اختراع کاری  اور کاروباریت ( آئی اینڈ ای) ماحولیاتی نظام کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کو فروغ دیا گیا ہے۔

اس ورکشاپ کا مقصد ہر ریاستی سطح کے ماحولیاتی نظام کو آگے بڑھانے کے لیے ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہم مرتبہ سیکھنے کی طاقت کو فروغ دینا ہے۔

ریاستی/ مرکز کے زیرانتظام علاقوں  کی سطح کی جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ ماڈلز کے اشتراک کے علاوہ، شرکاء خیالات، حکمت عملیوں اور تجربات کا تبادلہ کریں گے، اسی کے ساتھ ساتھ  کامیاب نفاذ اور اختراعی ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے حوالے سے حاصل کردہ علم کی نمائش کریں گے۔

مزید برآں، ورکشاپ کا مقصد ریاستی اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی سطح کے ماحولیاتی نظام  تشکیل دینے  والوں کا ایک متحرک نیٹ ورک بنانا ہے جو تعاون، خیالات کا تبادلہ، اور ترقی کو ورکشاپ کے مرحلے سے آگے تک لے جا سکتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران شرکاء کرناٹک کے اختراعی ماحولیاتی نظام کے کچھ حصوں کا بھی دورہ کریں گے۔

****************

ش ح۔ س ب۔ رض

U. No.594



(Release ID: 1974071) Visitor Counter : 78