پارلیمانی امور کی وزارت
ہندوستان کی جی20 صدارت کے تحت پی 20 سرپراہ کانفرنس اختتام پذیر
ہر قوم اور پارلیمنٹ ،خودمختار ہے، ان کے اندرونی مسائل پر دوسروں کو بحث نہیں کرنی چاہئے: یورپی پارلیمنٹ کے صدر کو لوک سبھا اسپیکر کا پیغام
لوک سبھا کے اسپیکر نے، یورپی پارلیمنٹ میں، ہندوستان کے اندرونی مسائل پر تجویز رکھنے کے خلاف احتجاج درج کرایا
پی20 کی پارلیمانوں کا اجتماعی عزم ،سی اوپی28، جی20 اور اس کے بعد کےمشترکہ وعدوں پر عمل کرے گا: لوک سبھا اسپیکر
Posted On:
14 OCT 2023 7:12PM by PIB Delhi
دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی میزبانی میں پہلی جی20 پارلیمانی اسپیکروں کی سربراہ کانفرنس (پی20 سمٹ) آج 14 اکتوبر 2023 کو انڈیا انٹرنیشنل کنونشن سینٹر، یاشو بھومی، دوارکا، دہلی میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ اکٹھے ہوئے اور اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ جی20 کے عمل میں موثر اور بامعنی پارلیمانی شراکت کے لیے اپنا مشترکہ کام جاری رکھیں۔پی20 سربراہ کانفرنس کے نویں ایڈیشن ،جس کا افتتاح وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 13 اکتوبر 2023 کو کیا تھا، کاآج اختتامی اجلاس میں لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا کے اختتامی خطاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی چیرپرسن، راجیہ سبھا، شری ہری ونش؛ بین الپارلیمانی یونین کے صدر، مسٹر ڈوآرٹے پچیکو؛ جی20 ممالک کی پارلیمانوں کے پریزائیڈنگ افسران اور دیگر معززین نے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔ دو روزہ سربراہی اجلاس سے قبل 12 اکتوبر 2023 کو مشن لائیف پر پارلیمانی فورم منعقد ہوا۔
آج اختتامی اجلاس میں ساتھی اراکین پارلیمنٹ اور دیگر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے، لوک سبھا کے اسپیکر نے ’’ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل کے لیے پارلیمنٹ‘‘ کے موضوع پر اس پی-20 سربراہی اجلاس کی کامیابی میں تعاون کرنے کے لیے، جی20 ممالک کی پارلیمانوں اور مدعو ممالک کے پریزائیڈنگ افسران کا شکریہ ادا کیا۔ جناب برلا نے روشنی ڈالی کہ مشترکہ بیان کو اپنانے سےپی20 عمل کو مزید تقویت ملی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پائیدار ترقی کے اہداف، سبز توانائی، خواتین کی زیر قیادت ترقی اور ڈیجیٹل پبلک بنیادی ڈھانچے سے متعلق اجلاسوں کے دوران شراکت کئے گئے قیمتی خیالات اور معلومات، انسان مرکوز ترقی کے لیےجی-20 کے عمل کو مزیدمستحکم کریں گے۔
جی 20 کی پارلیمانی جہت کا ذکر کرتے ہوئے، اسپیکر نے واضح کیا کہ گزشتہ دو دنوں میں ہونے والی بات چیت نے جی 20 کے پارلیمانی جہت کی اہمیت کو واضح طور پر اجاگر کیا ہے اور یہ بھی ثابت کیا ہے کہ پارلیمنٹ کس طرح ایک کرہ ارض ، ایک خاندان اور ایک مستقبل کے اجتماعی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتی ہے۔
کثیرالجہتی پر زور دیتے ہوئے، جناب برلا نے مشاہدہ کیا کہ آج کی باہمی طور پر منسلک دنیا میں، ہم کسی خاص مسئلے کو الگ تھلگ ہوکر نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے مشترکہ بیان کے پیراگراف 27 کا اعادہ کیا، جو کہ مندرجہ ذیل ہے:
’’ہم تنازعات اورمسائل کے پرامن حل کی حمایت کرتے ہوئے بین الاقوامی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک وسیلے کے طور پر متعلقہ فورمز پر پارلیمانی سفارت کاری اور مکالمے کو جاری رکھیں گے‘‘۔
جناب برلا نے آنے والے وقتوں میں کوپ-20، جی-20 اور اس سے آگے کے مشترکہ وعدوں کو آگے بڑھانے کے لیے جی20 ممالک کی پارلیمانوں کے اجتماعی عزم کو بھی دہرایا۔ اراکین پارلیمنٹ کے کردار پر بات کرتے ہوئے، اسپیکر نے واضح کیا کہ عوامی نمائندوں کی حیثیت سے اراکین پارلیمنٹ عوام کی امیدوں، امنگوں اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری پالیسیاں اور قوانین بنانے کے لیے خصوصی پوزیشن میں ہیں۔ ’’ہمارا کردار حکومت کی کوششوں کو پورا کرنا ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے مقصد کے لیے اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں ہمارا خصوصی تعاون ہے‘‘۔
ہندوستان کی پی20 صدارت کے اختتام پر، لوک سبھا کے اسپیکر نے، صدارت، برازیل کی پارلیمنٹ کو سونپ دی۔
ہندوستان اور آئی پی یو کا مشترکہ مقصد، بین الاقوامی حکمرانی کے ڈھانچے کو جمہوری بنانا ہے جو موجودہ حقائق کی عکاسی کرتے ہیں: آئی پی یو کے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں لوک سبھا اسپیکر
پی20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے صدرجناب ڈوآرٹے پچیکو سے ملاقات کی۔ جناب برلا نے خاکہ پیش کیا کہ ہندوستان آئی پی یو کے ساتھ، جمہوری حکمرانی کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کرنے اور لوگوں کی خدمت کے لیے مضبوط پارلیمنٹ کی تعمیرکرنے کے، ایک مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ جناب برلا نے مزید کہا کہ آئی پی یو اور اس کی کمیٹیوں کی متنوع سرگرمیوں میں ہندوستان کی مسلسل شرکت آئی پی یوکے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ جناب برلا نے مشورہ دیا کہ جمہوری اصولوں اور کثیرالجہتی کو ترجیح دی جانی چاہیے اور عالمی پلیٹ فارمز پر ہر ایک کو مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے۔جناب برلا نے بتایا کہ ہندوستان اور آئی پی یو دونوں کا مشترکہ مقصد بین الاقوامی حکمرانی کے ڈھانچے کو جمہوری بنانا ہے جو موجودہ حقائق کی عکاسی کرتے ہیں۔
دونوں ممالک بحران کے وقت ایک ساتھ کھڑے ہیں: روس کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات میں لوک سبھا اسپیکر
پی 20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے ، روسی فیڈریشن کی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر محترمہ ویلنٹینا ماتویینکو کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب برلا نے پی20 کو کامیاب بنانے میں ان کے تعاون کے لیے محترمہ ماتویینکو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے لیے ان کے سیاسی تجربے اور شراکت کی بھی تعریف کی۔ اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور روس کے دیرینہ گہرے تعلقات ہیں، جناب برلا نے کہا کہ دونوں ممالک بحرانوں کے وقت ایک ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور روس کے مختلف شعبوں جیسے کہ فوج، زراعت، توانائی اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضبوط تعلقات ہیں۔ ہندوستان اور روس کے قائدین کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی تعلقات کو واضح کرتے ہوئے جناب برلا نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور روس دونوں پارلیمانی سفارت کاری کو مزید وسعت دے کر اپنے باہمی تعلقات کو مضبوط بناتے رہیں گے۔
ہر ملک اور پارلیمنٹ خودمختار ہے، دوسروں کے داخلی مسائل پر دوسروں کو بحث نہیں کرنی چاہئے: یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ایچ ای حترمہ نکولا بیئرکے ساتھ بھی دو طرفہ بات چیت کی۔ جناب برلا نے ہندوستان کی خودمختاری کو اجاگر کیا اور ہندوستان کے اندرونی مسائل پر یورپی پارلیمنٹ میں تجویز لانے کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ ہر قوم اور پارلیمنٹ خودمختار ہے اور ان کے اندرونی مسائل پر دوسروں کو بحث نہیں کرنی چاہیے۔ محترمہ بیئر نے جناب برلا کو کامیاب پی20 چوٹی کانفرنس کے لیے مبارکباد دی اور ہندوستان کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ کے قریبی تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یورپ مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور ہندوستان کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ جناب برلا نے محترمہ بیئر کو اگلے سال ہندوستانی عام انتخابات کے دوران جمہوریت کا تہوار دیکھنے کی دعوت دی۔
آپریشن دوست، ترکی کے ساتھ ہندوستان کی دوستی کی علامت: ترکی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے اپنے ترک ہم منصب ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کےا سپیکرجناب کرتولمس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔جناب برلا نے پی20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے مسٹر کرٹلمس کا شکریہ ادا کیا اور مہاتما گاندھی کے تئیں ان کے خیالات کی تعریف کی۔ ہندوستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور تہذیبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، جناب برلا نے واضح کیا کہ صوفیانہ اور بھکتی روایات دونوں ممالک کا مشترکہ ثقافتی ورثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ان کے عوام اور ارکان پارلیمنٹ کی کوششوں سے مزید مضبوط ہوں گے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آپریشن دوست، ترکی کے تئیں ہندوستان کی دوستی کی علامت ہے۔ جناب برلا نے امید ظاہر کی کہ حالیہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کے بعد ترکی میں جلد ہی معمول کی زندگی بحال ہوجائے گی۔ ترکی میں متواتر ہندوستانی فلموں کی شوٹنگ کو یاد کرتے ہوئے،جناب برلا نے مشاہدہ کیا کہ ترکی ہندوستانی منزل کی شادیوں کے لیے پسندیدہ جگہ کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور ترکی کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کو بھی پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے مضبوط کیا جائے گا۔
سنگاپور کی کمپنیوں کو شمسی توانائی اور برقی گاڑیوں جیسے شعبوں میں ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے مدعو کیا: سنگاپور کے ساتھ دو طرفہ بات چیت لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے سنگاپور کی پارلیمنٹ کےا سپیکرجناب سیہ کیان پینگ کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ آب وہوا کی تبدیلی سے نمٹنے میں سنگاپور کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے جناب برلا نے ٹیکنالوجی کا اشتراک کرکے صاف اور سبز توانائی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، صنعت اور سبز ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان ایک تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے جو بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی توسیع کا کام کررہی ہے، جناب برلا نے سنگاپور کی کمپنیوں سے شمسی توانائی اور برقی گاڑیوں جیسے شعبوں میں ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان-سنگاپور نے بحری تعلقات کی تین دہائیاں مکمل کر لی ہیں، جناب برلا نے دفاع اور متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہندوستان کے لیے ایک نئی شروعات کی علامت ہے: ہالینڈ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا اسپیکر نے نیدرلینڈ کے سینیٹ کے صدر جناب جان اینتھونی بروجن سے بھی ملاقات کی۔ ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، جناب برلا نے کہا کہ ہندوستان کی نئی پارلیمنٹ کی عمارت ہمارے لیے ایک نئی شروعات کی علامت ہے جو 140 کروڑ ہندوستانیوں کے عقیدے کی عکاسی کرتی ہے اور امرت کال کی طرف ہمارے راستے میں ہم سب کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے مختلف اوصاف کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اعلیٰ ترین سیاسی سطحوں پر باقاعدہ تبادلوں اور بات چیت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو رہنمائی اور رفتار فراہم کی ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہندوستان اور ہالینڈ، خیالات اور ماہرین کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے، شراکت داری کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔
جی20 میں افریقی یونین کی رکنیت سے عالم جنوب کے خدشات کو مرکزی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی: جنوبی افریقہ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے پی 20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر جنوبی افریقہ کے اپنے ہم منصب محترمہ نوسیوائی نولوتھانڈو مپیسا نقاکولا کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔جناب برلا نے ہندوستان کی جی20 صدارت کو کامیاب بنانے میں جنوبی افریقہ کی طرف سے کئے گئے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے افریقی یونین (اے ی و) کے رکن جنوبی افریقہ کو بھی جی20 میں، ہندوستان کی جانب سے جاری جی-20 صدارت کے دوران ہندوستان کی پہل کی وجہ سے،اے یو کی کامیابی سے شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔ جناب برلا نے مزید کہا کہ جی20 میں افریقی یونین کی رکنیت ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ایک جامع اور نمائندہ جی20 کے تئیں عزم کی گواہی دیتی ہے، جس سے عالمی جنوبی کے خدشات کو مرکزی دھارے میں لانے اور عالمی چیلنجوں کا اجتماعی طور پر حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستان میں صنفی مساوات کو آگے بڑھانے کے لئے ہندوستان میکسیکو سے تحریک حاصل کرتا رہے گا: میکسیکو کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں لوک سبھا اسپیکر
میکسیکو کے چیمبر آف ڈپٹیز کی صدر محترمہ مارسیلا گیرا کاسٹیلو کے ساتھ ایک دو طرفہ میٹنگ کے دوران، جناب برلا نے اس حقیقت کی تعریف کی کہ میکسیکو کی پارلیمنٹ کی دونوں پریزائیڈنگ آفیسرز خواتین ہیں۔ انہوں نے محترمہ کاسٹیلو کو حال ہی میں منظور کئے جانے والے تاریخی ’ناری شکتی وندن بل‘ کے بارے میں آگاہ کیا۔ صنفی مساوات کے لیے میکسیکو کی اولین کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے،جناب برلا نے کہا کہ ہندوستان میں صنفی مساوات کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستان، میکسیکو سے تحریک حاصل کرتا رہے گا۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور میکسیکو کے درمیان تعلقات گزشتہ برسوں میں اچھی طرح سے ترقی کر رہے ہیں، جناب برلا نے کہا کہ یہ تعلقات مضبوط جمہوری اور سیکولر اقدار میں پختہ یقین کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی تعلقات کی مضبوط بنیاد پر استوار ہیں۔
پی20 سمٹ کے بارے میں مزید معلومات:
- نویں جی20 پارلیمانی اسپیکروں کی سربراہ کانفرنس (پی20) اور پارلیمانی فورم
- وزیر اعظم 13 اکتوبر کو نئی دہلی میں 9ویں جی20 پارلیمانی اسپیکروں کی سربراہ کانفرنس (پی-20) کا افتتاح کریں گے
- جی20 ممالک کے پریذائیڈنگ افسران 9ویں پی20 سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں
- نوویں پی20 سربراہی کانفرنس سے پہلے مشن لائیف پر پارلیمانی فورم
- مشن لائیف نے دنیا کو ماحولیات کے تحفظ اور آب وہوا کی تبدیلی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک نیا جامع نقطہ نظر دیا ہے: لوک سبھا اسپیکر
- افریقی یونین کے صدر اور آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے 9ویں پی20 سربراہی اجلاس کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر سے ملاقات کی۔
- وزیر اعظم نے 9ویں جی20 پارلیمانی اسپیکروں کی سربراہ کانفرنس کا افتتاح کیا (پی20)
- پی20 سربراہی اجلاس نے متفقہ طور پر مشترکہ اعلامیہ منظور کیا۔
- جی20 ممالک کے پارلیمانی نظام
ہیش ٹیگ Parliament20 کا استعمال کرتے ہوئے،سوشل میڈیا پر گفتگو میں شامل ہوں۔
*****
(ش ح - اع - ر ا)
U.No.10829
(Release ID: 1967907)
Visitor Counter : 131