وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

ناگاپٹنم، بھارت اور کنکیسنتورئی، سری لنکا کے درمیان کشتی خدمات کے آغاز کے موقع وزیر اعظم کا خطاب کا متن

Posted On: 14 OCT 2023 8:21AM by PIB Delhi

عالی مرتبت، بھائیو اور بہنو،  نمسکار، ایوبوون، ونکم!

دوستو،

اس اہم موقع پر آپ کے ساتھ شامل ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ ہم بھارت اور سری لنکا کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔ ناگاپٹنم اور کنکیسنتھورئی کے درمیان فیری خدمات کا آغاز ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

دوستو،

بھارت اور سری لنکا کی ثقافت، تجارت اور تہذیب کی تاریخ عمیق ہے۔ ناگاپٹنم اور قرب و جوار کے قصبے طویل عرصے سے سری لنکا سمیت کئی ممالک کے ساتھ بحری تجارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ پوپموہار کی تاریخی بندرگاہ کا تذکرہ قدیم تمل ادب میں ایک مرکز کے طور پر کیا گیا ہے۔ سنگم کے عہد کا ادب  یعنی پٹن پلائی اور منیمکلائی بھارت اور سری لنکا کے مابین چلنے والی کشتیوں اور بحری جہازوں کے بارے میں تذکرہ کرتا ہے۔ عظیم شاعر سبرامنیم بھارتی نے اپنے گیت ’سندھو ندھیوں میسائی‘ میں ہمارے دونوں ممالک کو مربوط کرنے والے پل کی بات کی تھی۔ یہ فیری سروس ان تمام تاریخی اور ثقافتی رابطوں کو زندہ کرتی ہے۔

دوستو،

صدر وکرم سنگھے کے حالیہ دورے کے دوران، ہم نے مشترکہ طور پر اپنی اقتصادی شراکت داری کے لیے ایک ویژن دستاویز کو اپنایا۔ کنکٹیویٹی اس شراکت داری کا مرکزی موضوع ہے۔ کنکٹیویٹی صرف دو شہروں کو قریب لانے کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ یہ ہمارے ممالک کو بھی قریب لاتی ہے،ہمارے عوام کو قریب لاتی ہے اور ہمارے دلوں کو بھی قریب لاتی ہے۔ کنکٹیویٹی تجارت، سیاحت اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ کرتی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

دوستو،

2015 میں میرے دورۂ سری لنکا کے بعد، ہم نے دہلی اور کولمبو کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کا مشاہدہ کیا۔ بعدازاں، ہم نے سری لنکا سے زائرین کے شہر کشی نگر میں اولین بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ کا جشن منایا۔ چنئی اور جافنا کے درمیان براہِ راست پرواز 2019 میں شروع ہوئی۔ اب، ناگاپٹنم اور کنکیسنتھورئی کے درمیان کشتی خدمات اس سمت میں ایک اور اہم قدم ہے۔

دوستو،

کنکٹیویٹی کو لے کر ہماری تصوریت نقل و حمل کے شعبے سے آگے ہے۔ بھارت اور سری لنکا مالی تکنالوجی اور توانائی جیسے وسیع شعبوں میں قریبی تعاون کرتے ہیں۔ یو پی آئی  کی وجہ سے ڈجیٹل ادائیگی بھارت میں ایک عوامی تحریک اور زندگی کا ایک طریقہ بن گئی ہے۔ ہم یو پی آئی اور لنکا پے کو جوڑ کر مالی تکنالوجی کے شعبے کی کنکٹیویٹی پر کام کر رہے ہیں۔ ہماری ترقی کے سفر کو تقویت بہم پہنچانے کے مقصد سے ہمارے ممالک کے لیے توانائی کا تحفظ بہت ضروری ہے۔ ہم توانائی کے تحفظ اور اعتماد میں اضافے کے لیے توانائی گرڈس کو مربوط کر رہے ہیں۔

دوستو،

پیش رفت اور ترقی کے لیے شراکت داری ہمارے دو طرفہ تعلقا ت کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔ ہمارا ویژن کسی کو پیچھے نہ چھوڑتے ہوئے ترقی کے فوائد سبھی تک پہنچانا ہے۔ اس ویژن کے مطابق سری لنکا میں بھارتی تعاون سے نافذ کیے گئے پروجیکٹوں نے لوگوں کی زندگیوں کو چھولیا ہے۔ شمالی ریاست میں رہائش، پانی، صحت اور ذریعہ معاش سے متعلق کئی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔

دوستو،

آپ سب جانتے ہیں کہ بھارت نے حال ہی میں جی20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ وسودھیو کٹمب کم کی ہماری تصوریت کا بین الاقوامی برادری نے خیرمقدم کیا ہے۔ اس تصوریت کا ایک حصہ ترقی اور خوشحالی کو بانٹتے ہوئے، اپنے ہمسائے کو ترجیح دینا ہے۔ جی20 سربراہ اجلاس کے دوران، بھارت – مشرق وسطیٰ – یوروپ اقتصادی راہداری کا آغاز کیا گیا تھا۔ یہ ایک اہم رابطہ کار گلیارہ ہے جو پورے خطے میں بڑے پیمانے پر اقتصادی اثرات مرتب کرے گا۔ سری لنکا کے لوگوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا کیونکہ ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان ملٹی ماڈل کنکٹیویٹی کو مضبوط کرتے ہیں۔ میں آج کشتی خدمات کے کامیاب آغاز پر سری لنکا کے صدر، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج کے آغاز کے ساتھ، ہم رامیشورم اور تلیمنار کے درمیان کشتی خدمات کے ازسر نو آغاز کی سمت میں بھی کام کریں گے۔

دوستو،

بھارت اپنے لوگوں کے باہمی مفادات کی غرض سے اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں سری لنکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ شکریہ !

 

 

**********

 

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:10753


(Release ID: 1967603) Visitor Counter : 116