وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

وزارت سیاحت 4 اکتوبر سے نئی دہلی میں پی اے ٹی اے ٹریول مارٹ 2023 کی میزبانی کرے گی


بھارت میں متعدد مقامات کے ایک وسیع تر تجربہ کے لیے مارٹ میں بھارت کے لیے ایک پویلین مخصوص کی گئی

Posted On: 30 SEP 2023 12:14PM by PIB Delhi

حکومت کی وزارت سیاحت  نے اعلان کیا ہے کہ بھارت نئی دہلی کے پرگتی میدان میں شاندار بین الاقوامی نمائش اور کنونشن سینٹر (آئی ای سی سی) میں پیسفک ایشیا ٹریول ایسو سی ایشن (پی اے ٹی اے) ٹریول مارٹ 2023 کے 46ویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔

اس مارٹ کا اہتمام 4 سے 6 اکتوبر 2023 کو کیا جائے گا، جس میں سیاحتی شعبے کے پیشہ واران اور دنیا بھر کے متعلقہ کاروباری فریقین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ٹریول مارٹ کے فزیکل ورژن کا اہتمام وبائی مرض کی وجہ سے تین برسوں کے وقفے کے بعد کیا جا رہا ہے۔

پیسفک ایشیا ٹریول ایسو سی ایشن (پی اے ٹی اے) جس کا قیام 1951 میں عمل میں آیا اور جس کا صدر دفتر بینکاک میں ہے، ایک مشہور غیر منافع بخش انجمن ہے۔ یہ انجمن ایشیا پیسفک خطے میں سفرو سیاحت کی ذمہ دار ترقی میں ایک محرک کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے جانی جاتی ہے۔ پی اے ٹی اے ٹریول مارٹ  اہم بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے جو سیاحتی شعبے کے مفادات کے لیے کام کرتی ہے اور عالمی خریداروں اور فروخت کاروں کے درمیان خصوصاً ایشیاپیسفک خطے  میں تجارتی رابطے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی اپنے فرائض انجام دیتی ہے۔ مارٹ مختلف شعبوں سے نمائش کنندگان اور شرکاء کو اکٹھا کرے گی ، جو نیٹ ورکنگ ، سیکھنے اور تعاون کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔

اس سال اس تقریب میں مختلف قسم کی سرگرمیاں ملاحظہ کی جائیں گی جن میں مقتدر پی اے ٹی اے گولڈ ایوارڈ، پی اے ٹی اے یوتھ سمپوزیم، اور بی 2 بی مارٹ کے ساتھ ساتھ پائیداری کے موضوع پر پی اے ٹی اے  فورم شامل ہیں۔ اس تقریب کا اہتمام نئی دہلی کے پرگتی میدان میں واقع بین الاقوامی نمائش اور کنونشن مرکز (آئی ای سی سی) میں کیا جائے گا جس کا افتتاح ماہ ستمبر میں کیا گیا تھا اور جو کہ بھارت کے نئے مشہور نمائشی مقامات میں سے ایک ہے۔ جی20 سربراہ ملاقات کے ایک مقام کے طور پر، اس نے دنیا بھر کے عالمی قائدین کی میزبانی کی۔ جی 20 سربراہ اجلاس کا کامیاب انعقاد اس سال کیا گیا اور یہ پہلے ہی بھارت کو بڑی تقریبات اور کانفرنسوں کی میزبانی کے لیے ایک از ہد اہم مقام کے طور پر قائم کر چکا ہے۔ اپنی ہمہ گیر اور مبنی بر شمولیت سیاحتی سرگرمیوں کے ساتھ، بھارت بہت تیزی سے ایم آئی سی ای تقریبات کے اہتمام کے لیے ایک ترجیحی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ جی 20 نئی دہلی سربراہ اعلانیہ (این ڈی ایل ڈی) میں ہمہ گیر ترقیاتی اہداف کی حصولیابی کے لیے ازسر نو عہد کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہمہ گیر سماجی اقتصادی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لیے ایک وسیلے کے طور پر سیاحت و ثقافت کا اہم کردار اجاگر ہوا ۔ اعلانیے میں ہمہ گیر ترقیاتی اہداف کی حصولیابی کے سلسلے میں ایک وسیلے کے طور پر سیاحت کے لیے گوا روڈ میپ کا ذکر کیا گیا۔ حال ہی میں، وزارت سیاحت نے 27 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت کے موقع پر  مشن لائف کے تحت، سیاحت برائے لائف کے ہمہ گیر پروگرام کا عالمی سطح پر آغاز بھی کیا، جو کہ سیاحتی شعبے پر مرتکز ہے اور اس کامقصد سیاحوں کے درمیان دوران سفر ایک ذمہ دار رویے کو فروغ دینا ہے۔

بھارت بھی پی اے ٹی ٹریول مارٹ میں کافی حد تک حصہ لے رہا ہے۔ مارٹ نمائش بھارت کے لیے مخصوص کی گئی پویلین بھارت کے متعدد مقامات، معروف اور غیرمعروف دونوں، کا عمیق تجربہ پیدا کرے گی۔ راجستھان، گجرات، دہلی، کرناٹک، تلنگانہ، اتراکھنڈ، اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں کی حکومتیں  اور ہتھ کرگھا ترقیاتی کمشنر جیسی متعلقہ وزارتیں بھی اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے اسٹینڈس اور اسٹالس لگا رہی ہیں ۔ حالانکہ مارٹ نمائش ایک خصوصی  بی 2 بی مارٹ تقریب ہے، لیکن یہ  مختلف ریاستوں کی فلاح و بہبود،  مہم جوئی، ورثہ، کھانہ پکانے کا ہنر ، فن اور دستکاری جیسی متنوع موضوعاتی مصنوعات  کو دنیا بھر کے ناظرین کے سامنے پیش کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

**********

 (ش ح ۔ا ب ن ۔م ف )

U.No:10146


(Release ID: 1962332) Visitor Counter : 116