صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے انڈیا اسمارٹ سٹیز کانکلیو 2023 میں شرکت کی
Posted On:
27 SEP 2023 1:52PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (27 ستمبر، 2023) مدھیہ پردیش کے اندور میں انڈیا اسمارٹ سٹیز کانکلیو 2023 میں شرکت کی۔
اس موقع پر بولتے ہوئے، صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ ایک جائزہ کے مطابق، سال 2047 تک ہماری 50 فیصد سے زیادہ آبادی شہری علاقوں میں زندگی بسر کرے گی اور اُس وقت تک جی ڈی پی میں شہروں کا کل تعاون 80 فیصد سے زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہروں اور ان کے باشندوں کی آرزوؤں اور ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں مستقبل کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنا ہے اور اس پر آگے بڑھنا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر سطح پر پائیدار ترقی سے متعلق ہونے والی ہر بات چیت کا ایک اہم حصہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔ اس تناظر میں، موسمیاتی اسمارٹ سٹیز کے جائزہ کا فریم ورک، جسے ہندوستان کے 100 اسمارٹ شہروں کے لیے شروع کیا گیا تھا، اس بات کی مثال ہے کہ کیسے شہر قومی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ کو حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہروں میں توانائی کی اثر انگیزی کے لیے سبز عمارتوں اور قابل تجدید توانائی پر زور دیا جا رہا ہے، لیکن ان علاقوں میں مزید جامع سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمیں پائیدار ترقی کے اہداف کی طرف بڑھتے ہوئے اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔ ایس ڈی جی 11 کا مقصد شہروں اور انسانی آبادی کو جامع، محفوظ، لچکدار اور پائیدار بنانا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ پائیدار ترقی کی ترجیحات پر عمل کرنے میں شہروں کے بندو بست کا ایک اہم رول ہے۔ اسی لیے، ہمیں دنیا کے بہترین بندوبست والے شہروں سے بہترین طور طریقے اور بزنس کے ماڈل کے بارے میں سیکھنا چاہیے اور اپنی کامیاب کوششوں کو دیگر ممالک کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی اور پائیدار ترقی کے لیے مقامی اور عالمی سطح پر اشتراک بہت ہی ضروری ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمیں پورے ملک میں محفوظ، صاف، صحت مند علاقے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ لوگوں کو ذمہ دار بننا پڑے گا اور اپنے شہر اور باشندوں کے تئیں اپنے فرائض کو سمجھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں ڈینگو اور ملیریا جیسی بیماریوں کو روکنے کے لیے لوگوں کی سرگرم شراکت داری اور متعلقہ محکموں کا تعاون ضروری ہے۔
صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ دیہی علاقوں میں بھی شہروں جیسی طبی خدمات، تعلیمی اداروں اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے شہروں کے بنیادی ڈھانچوں پر دباؤ کم ہوگا اور دیہی عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔
صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں –
************
ش ح۔ ق ت
(U: 10016)
(Release ID: 1961224)
Visitor Counter : 84