صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

ہندوستانی ریلوے کے پروبیشنرز نے صدر سے ملاقات کی


عوام دوست اور ماحول دوست نقل و حمل کے نظام کے لیے، نئے ایپلی کیشنز اور نظام وضع کر کے، ملک کی تکنیکی ترقی میں ایک نئی راہ کا نقشہ بنائیں: صدر جمہوریہ مرمو کا ریلوے کے پروبیشنرز  کو مشورہ

Posted On: 14 SEP 2023 12:48PM by PIB Delhi

ہندوستانی ریلوے (2018 بیچ) کے 255 پروبیشنرز کے ایک گروپ نے ،آج (14 ستمبر 2023) راشٹرپتی بھون کلچرل سنٹر میں، صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

پروبیشنرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے نہ صرف ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے بلکہ یہ ہندوستان کے اتحاد اور سماجی و ثقافتی تنوع  کی بھی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان جیسے نوجوان افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریلوے کے ماحولیاتی نظام کی بھرپور وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہندوستانی ریلوے کو دنیا میں بہترین معیار کی خدمات فراہم کرنے والا بنانے کی کوشش کریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی محرک ہے۔ انہوں نے اس بات  کو اجاگر کیا کہ ہندوستانی ریلوے کے لیے،جو ہر روز لاکھوں لوگوں کی ضروریات اور مطالبات کو پورا کرتی ہے اور ہر ماہ لاکھوں ٹن مال کی نقل و حمل کرتی ہے، ٹیکنالوجی کا بہترین حد تک استعمال کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ عوام دوست اور ماحول دوست نقل و حمل کے نظام کے لیے، نئے ایپلی کیشنز اور نظام وضع کرکے ملک کی تکنیکی ترقی کی نئی راہیں طے کرنے میں اپنی حصہ رسدی کریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جو لوگ ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں وہ اپنے ساتھ اپنے سفر کی یادیں لے کر جاتے ہیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ مسافروں کے ساتھ اپنے مہمانوں جیسا سلوک کریں اور بہترین خدمت اور بہترین تجربہ فراہم کریں جس کی وہ قدر کر سکیں۔ انہوں نے ہر طرح سے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کے ساتھ، موثر اور خامیوں سے پاک نظام، ریلوے کی حفاظت کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہوئے ،تیار کیا جانا چاہیے۔

صدرجمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

************

ش ح۔ا ع۔ ر ا

U- 9495



(Release ID: 1957312) Visitor Counter : 78