امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

مرکزی حکومت نے  فوری طور پر  مسور (دال)  کے ذخیرہ کے  لازمی انکشاف سے متعلق  ایڈوائزری جاری کی


مسور کے ذخیرہ  کا ہر جمعہ کو پورٹل پر  انکشاف  کرنا لازمی  کردیا گیا ہے

انکشاف کے بغیر  مسور کو جمع کرنا ، جمع خوری سمجھا جائے گا: محکمہ امور صارفین، حکومت ہند

Posted On: 06 SEP 2023 4:40PM by PIB Delhi

حکومت ہند کے محکمہ امور صارفین نے ایڈوائزری جاری کرکے  فوری طور پر مسور (دال) کے ذخیرہ سے متعلق انکشاف کو  لازمی کردیا ہے۔ تمام متعلقین  کو  اب ہر جمعہ کو محکمہ کے پورٹل   (https://fcainfoweb.nic.in/psp)پر  مسور کے ذخیرہ کا انکشاف کرنا  ہوگا۔ اگر کوئی بھی ذخیرہ انکشاف کے بغیر پایا گیا تو اسے جمع خوری سمجھا جائے گا اور  اس کے خلاف ای سی  قانون کے تحت مناسب کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ امور صارفین کے سکریٹری جناب روہت کمار سنگھ نے  قیمت  کے جائزے سے متعلق ہر ہفتے ہونے والی  میٹنگ کے دوران محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ  دال کی  وسیع پیمانے پر خریداری کو یقینی بنائیں۔ اس کا مقصد  زیادہ سے زیادہ امدادی قیمت  (ایم ایس پی)  کی بنیاد پر  دستیاب ذخیروں کی  خریداری کرنا ہے۔  یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب   گروہ بندی کی خبروں کے درمیان چند سپلائرز کی طرف سے اونچی بولیاں موصول ہونے کی وجہ سے  نیفیڈ اور این سی سی ایف کو درآمد شدہ دالوں کی خریداری سے متعلق   اپنی نیلامیاں مسترد کرنی پڑی تھیں۔

امور صارفین کے سکریٹری نے کہا کہ   ایسے وقت میں جبکہ کناڈا سے دال اور افریقی ممالک سے تور کی درآمدات میں کافی اضافہ ہوا ہے، کچھ لوگ صارفین اور ملک کے مفادات کے خلاف جاکر  بازار سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حکومت  ان تمام واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئی ہے اور وہ بازار میں ان ذخائر کو پہنچانے کےلئے سخت قدم اٹھائے گی تاکہ  تہوار کے موسم میں تمام دالوں کی  مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا  کہ  کسانوں اور  صارفین کے مفادات کے درمیان  صحیح توازن قائم کرنا بہت ضروری ہے اور یہ محکمہ ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے  سے بالکل بھی پرہیز نہیں کرے گا جو  غلط طریقے سے ہندوستانی صارفین اور کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ق ت۔ن ا۔

U-9251



(Release ID: 1955184) Visitor Counter : 116