بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت

حکومت جلد ہی بیورو آف پورٹ سیکورٹی قائم کرے گی: جناب سربانند سونووال


جناب سونووال نے 2047 تک 10,000 ایم ٹی پی اے پورٹ صلاحیت کو عبور کرنے کے لیے جامع منصوبہ کا اعلان کیا

بڑی سرمایہ کاری اور نجی شعبے میں اضافے کا اعلان: دس لاکھ کروڑ سے زیادہ

سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی؛ 2047 تک قومی آبی گزرگاہوں پر 500 ایم ٹی پی اے کارگو نقل و حمل حاصل کر لیا جائے گا

تمام مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی بندرگاہیں ہائیڈروجن ہب قائم کرنے کے امکان کی تلاش کریں گی

Posted On: 19 AUG 2023 5:38PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں (MoPSW) اور آیوش کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے آج کیواڈیا، گجرات میں 19ویں میری ٹائم اسٹیٹس ڈیولپمنٹ کونسل کی میٹنگ میں اہم اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے، ہندوستان کے بحری شعبے کے لیے ایک وژن پیش کیا۔

جناب سونووال نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت جلد ہی بیورو آف پورٹ سیکورٹی کو ملک کی تمام بندرگاہوں پر سیکورٹی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے قائم کرے گی۔ انہوں نے پائیدار ترقی پر حکومت کی توجہ کو بھی اجاگر کیا اور مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی بندرگاہوں میں ہائیڈروجن ہب تیار کرنے کے وزارت کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا، ”تمام مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی بندرگاہیں ہائیڈروجن ہب بنانے کے امکانات کا جائزہ لیں گی۔“ انہوں نے مزید کہا کہ دین دیال پورٹ اتھارٹی پہلے ہی اس منصوبے کے لیے 1.68 لاکھ کروڑ روپے کے مفاہمت ناموں کو حتمی شکل دے چکی ہے۔

اس کے علاوہ، جناب سونووال نے، بندرگاہوں کے لیے امرت کال وژن کے تحت اپنی بندرگاہ کی صلاحیت کو چار گنا کرنے کے لیے ملک کے عزم کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام بڑی بندرگاہوں نے 2047 کے لیے اپنے پورٹ ماسٹر پلان تیار کر لیے ہیں، اور ریاستیں بھی 2047 کے لیے اپنے پورٹ ماسٹر پلان تیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ملک کی بندرگاہ کی کل گنجائش موجودہ 2,600 ایم ٹی پی اے سے بڑھ کر 2047 میں 10,000 ایم ٹی پی اے سے زیادہ ہو جائے گی۔“

بندر گاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کی وزارت کے زیر اہتمام کیواڈیا، گجرات میں بڑی اور نامزد بندرگاہوں، ریاستی میری ٹائم بورڈوں، ریاستی حکومتوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں کے درمیان بہتر تال میل کو بڑھانے کے لیے دو روزہ 19ویں میری ٹائم اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی میٹنگ آج اختتام پذیر ہوئی۔ ایم ایس ڈی سی ایک اعلیٰ مشاورتی ادارہ ہے جسے مئی 1997 میں میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ اس کا مقصد میجر اور دیگر نامزد بندرگاہوں کی مربوط ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

جناب سونووال نے مزید کہا، ”وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، ایم او پی ایس ڈبلیو نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ وہ ہمیشہ بہتر تعاون پر یقین رکھتے ہیں، اور میری ٹائم اسٹیٹس ڈیولپمنٹ کونسل تعاون کے ایک اہم طریقہ کار کے طور پر ابھر رہی ہے اور ہمارے ملک کے بحری شعبے کی رفتار کو تشکیل دینے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔“

اس کے علاوہ، وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کا بحری شعبہ اس وقت خاطر خواہ ترقی کے لیے تیار ہے، جس میں سرمایہ کاری کے مواقع 10 لاکھ کروڑ سے زیادہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ ملک میں 15 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنے کے موقع کی علامت ہے، جو معاشی ترقی کو سماجی طور سے با اختیار بنانے کے ساتھ جوڑتا ہے۔ اس وژن کے مطابق، پرائیویٹ پلیئرز کے کردار کو بتدریج بڑھایا جا رہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ٹرمینلز اس وقت تقریباً 50 فیصد کارگو کو بڑی بندرگاہوں پر ہینڈل کر رہے ہیں اور آنے والے وقت میں ان کا حصہ تقریباً 85 فیصد تک بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ مزید برآں، ہندوستان کے قومی آبی گزرگاہوں پر کارگو کی نقل و حرکت کو بڑھانے پر واضح توجہ دی گئی ہے، جس میں گزشتہ مالی سال میں سال بہ سال 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 2047 تک 500 ایم ٹی پی اے کی خاطر خواہ مقدار حاصل کرنے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

جناب سونووال نے ساگر مالا پروگرام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران، ساگر مالا پروگرام کے اسٹریٹجک اقدامات نے بندرگاہ کی صلاحیت، کنیکٹیویٹی، اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں اضافہ کیا ہے، اخراجات کو کم کیا ہے، جہازوں کی آمد و رفت کے وقت کو مختصر کیا ہے اور جنوبی ایشیائی خطے میں ہندوستانی بندرگاہوں کی اسٹریٹجک مطابقت کو بڑھایا ہے۔

کرناٹک کے ماہی پروری، بندرگاہوں اور اندرون ملک آبی نقل و حمل کے وزیر مملکت جناب منکال ویدیا نے میٹنگ کے دوران کرناٹک کے سمندری شعبے کو ترقی دینے میں باہمی تعاون کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ”میں کلیدی منصوبوں کی منظوری کے لیے اظہار تشکر کرتا ہوں اور ریاست میں کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت اور سمندری ترقی کو بڑھانے کے لیے زیر التوا اقدامات کے لیے فوری منظوریوں پر زور دیتا ہوں۔“

دوسرے دن ساگر مالا پروگرام کے نفاذ سے متعلق مختلف ترقیاتی ایجنڈوں نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس (این ایم ایچ سی)، لوتھل، گجرات کی ترقی؛ قومی آبی گزرگاہوں کی ترقی؛ رو پیکس/فیری کے فروغ کے لیے چیلنج اور مواقع؛ شہری مسافر آبی گزرگاہوں کی نقل و حمل؛ سڑک اور ریل پورٹ کنیکٹیویٹی؛ ساحلی ریاستوں اور یو ٹی کی کامیابی کی کہانیاں اور ریاستی میری ٹائم بورڈ کو درپیش مسائل/چیلنجز پر بات چیت کی گئی۔

************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 8574



(Release ID: 1950507) Visitor Counter : 113