وزارتِ تعلیم
جناب دھرمیندر پردھان اور جناب ایس جے شنکر نے مشترکہ طور پر نئی دہلی میں اسٹڈی ان انڈیا (ایس آئی آئی) پورٹل لانچ کیا
ایس آئی آئی پورٹل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو ہندوستان میں بین الاقوامی طلبا کے تعلیمی سفر کو آسان بنائے گا:جناب دھرمیندر پردھان
اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل ہندوستان کو اعلیٰ تعلیم کی ترجیحی منزل بنانے کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوگا: جناب دھرمیندر پردھان
ایس آئی آئی تعلیم کے شعبے میں برانڈ ’انڈیا‘ کو بین الاقوامی سطح پر مضبوط مقام دلائے گا:ڈاکٹر ایس جے شنکر
Posted On:
03 AUG 2023 4:28PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ہندوستان کو دوبارہ عالمی تعلیمی مرکز بنانے کے وژن کو پورا کرتے ہوئے تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان اور مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے مشترکہ طور پر آج نئی دلی میں اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل لانچ کیا۔ اس موقع پر تعلیم کے وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار ، تعلیم کی وزیر مملکت محترمہ اَن پورنا دیوی، تعلیم اور امور خارجہ کے وزیر مملکت جناب راج کمار سنگھ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہیش شرما، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کی وزارت کے سینئر عہدیدار اور 10 سے زیادہ ممالک کے سفارتکار موجود تھے۔
اس موقع پر ہندوستان میں زیر تعلیم روس، تھائی لینڈ، جاپان، ایتھوپیا، ایکواڈور، قزاخستان اور جمہوریہ کوریا کے طلبا نے معزز شخصیات کی عزت افزائی کے طور پر اپنی ثقافت کے سووینئر پیش کئے۔
اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل ایک ایسی ویب سائٹ ہے جو ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں (ایچ ای آئی) کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرے گی۔ ویب سائٹ پر انڈر گریجویٹ (یو جی)، پوسٹ گریجویٹ (پی جی)، ڈاکٹورل سطح کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ یوگا، آیوروید، کلاسیکی آرٹ وغیرہ جیسے ہندوستانی تعلیمی نظام سے متعلق نصابوں کے بارے میں بھی تدریسی پروگراموں کی تفصیلات دستیاب ہوں گی۔ اس پورٹل کی ویب سائٹ پر تعلیمی سہولیات، تحقیقی امداد اور متعلقہ معلومات پیش کی جائیں گی۔ اس ویب سائٹ پر اب طلبا اپنی پسند کے ایک سے زیادہ ادارہ/ کورس میں اپلائی کرسکتے ہیں۔ نیا پورٹل طلبا کے رجسٹریشن اور ویزا اپلی کیشن کے عمل کے بارے میں ایک ہی مقام پر تمام حل فراہم کرے گا۔
اِس موقع پر بولتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ ایس آئی آئی پورٹل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو بین الاقوامی طلبا کو ہندوستان کے تعلیمی سفر میں سہولت فراہم کرے گا۔ قومی تعلیمی پالیسی سے رہنمائی حاصل کرنے والا ایس آئی آئی پورٹل ہندوستان کو تعلیم کی ایک ترجیحی منزل بنانے کے ساتھ ساتھ خوشحال مستقبل بنانے کے لیے تعلیمی سرحدوں کو دور کرنے کا کام کرے گا۔ جناب پردھان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تعلیم سے متعلق جغرافیائی وسیاسی سرحدوں کو عبور کرنے کے وژن کے مطابق اسٹڈی اِن انڈیا پورٹل پوری دنیا کے طلبا کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے لیے ہندوستان کو ایک ترجیحی منزل بنانے کی سمت میں اٹھایاگیا ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ یہ پورٹل مختلف پس منظر کے حامل طلبا کا استقبال کرتے ہوئے ہندوستان کو تعلیم کے شعبے میں ایک عالمی مرکز بنانے کی حکومت کی عزم کی علامت ہے۔ یہ تعلیم کے میدان میں برانڈ ’انڈیا‘ کو بین الاقوامی سطح پر تقویت فراہم کرے گا۔ رجسٹریشن سے لے کر ویزا کی منظوری اور من چاہے کورس یا اداروں کے انتخاب تک یہ پورٹل ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی طلبا کے پورے سفر کو آسان بنائے گا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ بین الاقوامی طلبا کی موجودگی سے گھریلو طلبا کو بھی فائدہ ہوگا اور انہیں پوری دنیا سے جوڑے گا اور عالمی کام کی جگہ کے لیے انہیں بہتر طریقے سے تیار کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے این ای پی 2020 کے نفاذ کی وجہ سے ہندوستان میں غیر ملکی یونیورسٹیوں کا داخلہ شروع ہوچکا ہے اور ہمارے پریمیئر اداروں کے بین الاقوامی کیمپس کھلنے لگے ہیں۔
اہم خصوصیات:
کلیدی تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری: اسٹڈی اِن انڈیا پروگرام درج ذیل شرائط میں سے کسی ایک کو پورا کرنے والے تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کا موقع فراہم کرتا ہے:
· نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) درجہ بندی (<=100)
· نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (این اے اے سی) کی منظوری کا اسکور (>=3.01)
· قومی اہمیت کے حامل ادارے (آئی این آئی)
یہ ہندوستان میں تعلیم کے لیے آنے والے بین الاقوامی طلبا کے اندراج کے لیے کلیدی اداروں کو پارٹنر بننے کا موقع فراہم کرے گا۔
اسٹڈی اِن انڈیا پروگرام ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع تلاش کرنے والے بین الاقوامی طلبا کے لیے ایک بہتر اور منظم اپلی کیشن پروسیس فراہم کرتا ہے۔ رجسٹریشن سے لے کر ویزا کی منظوری تک یہ آن لائن پلیٹ فارم پورے سفر کو آسان بناتا ہے اور طلبا کو اپنی پسند کے کورس کا انتخاب کرنے، ادارہ کے آفر لیٹر حاصل کرنے اور ہندوستان میں اپنے تعلیمی خواب کو کامیابی کے ساتھ پورا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اِن آسانیوں کی دستیابی کی وجہ سے ایس آئی آئی پروگرام پوری دنیا کے باصلاحیت اور آرزو مند طلبا کے لیے ہندوستان کے شاندار اور ثقافتی طور پر متنوع تعلیمی ماحول میں پڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اسٹڈی اِن انڈیا ، وزارت تعلیم (ایم او ای) کے تحت حکومت ہند کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے۔ اسٹڈی اِن انڈیا پروگرام کا مقصد ہندوستان میں بین الاقوامی طلبا کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ پروگرام ہندوستان کو تعلیم کے ترجیحی منزل، عالمی معیارات کے مطابق سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرنے اور اِس طرح مجموعی طور پر اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ہندوستان چونکہ پوری دنیا میں اعلیٰ تعلیم کا سب سے بڑا نظام رکھتا ہے، اس لیے ہماری یونیورسٹیوں میں مختلف قسم کے بے شمار کورس کرائے جاتے ہیں، جس سے عالمی افرادی قوت سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسٹڈی اِن انڈیا پروگرام کی کوشش ہے کہ بین الاقوامی طلبا کو اِن کورسیز میں داخلہ لینے کا موقع ملے اور وہ ملک کی تعلیمی مہارت سے فائدہ حاصل کرسکیں۔
****
( م ن۔ق ت۔ع ر(
U. No.7922
(Release ID: 1945528)
Visitor Counter : 139