صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے بھوپال میں ’انمیشا‘ اور ’اتکرش‘ تہواروں کا افتتاح کیا
Posted On:
03 AUG 2023 3:41PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (3اگست 2023) مدھیہ پردیش کے بھوپال میں بین الاقوامی ادبی تہوار ’انمیشا‘ اورلوک اور قبائلی پرفارمنگ آرٹس کے تہوار ’اتکرش‘ کا افتتا ح کیا۔
اِس موقع پر بولتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ادب لوگوں کو جوڑتا ہے اور لوگوں کو بھی ایک دوسرے سے جوڑنے کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وہی ادب اور آرٹ بامعنی ہوتے ہیں، جن کی تخلیق اور پیشکش ’ میں‘ اور ’ میرا‘ سے اوپر اٹھ کر کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہندوستانی زبانوں کی بڑی تخلیقات کا ترجمہ دوسری زبانوں میں کرنے سے ہندوستانی ادب مضبوط ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ادب نے انسانیت کو آئینہ دکھایا ہے، اُسے بچایا ہے اور اُسے آگے بھی بڑھایا ہے۔ ادب اور آرٹ نے حساسیت اور تحمل کو بچایا ہے اور اِس طرح انسانوں کی انسانیت کی حفاظت کرنے کا کام کیا ہے۔ انسانیت کو بچانے کی اِس مقدس مہم میں شریک ہونے کے لیے مصنفین اور فنکار عزت واحترام کے حقدار ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ادب نے ہماری جدوجہد آزادی کے اصولوں کو تقویت بخشی ہے۔ ملک کے ہر کونے میں بہت سے مصنفین نے آزاد اور نشاۃ ثانیہ کے خیالات کو اجاگر کیا۔ ہندوستانی نشاہ ثانیہ اور جدوجہد آزادی کے دوران لکھے گئے ناول، افسانے، شاعری اور ڈرامے آج بھی مشہور ہیں اور ہمارے ذہنوں پر کافی اثر ڈالتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کے دور میں جبکہ ہم کئی قسم کے چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں مختلف ثقافتوں اور عقائد کے لوگوں کے درمیان افہام وتفہیم پیدا کرنے کے لیے مؤثر طریقے تلاش کرنے چاہئے۔ اِس میں کہانی بیان کرنے والوں اور شعرا کا مرکزی رول ہے، کیونکہ ادب کے اندر ہمارے تجربات کو آپس میں جوڑنے اور اختلافات کو مٹانے کی انوکھی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا مشترکہ مستقبل تلاش کرنے اور اپنی عالمی برادری کو مضبوط کرنے کے لیے ادب کی اِس صلاحیت کا استعمال کرنا چاہئے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ہمارے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی ترقی ضروری ہے۔ آدیواسی نوجوان بھی اپنی امیدوں اور آرزوؤں کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی ثقافت، اخلاقیات، رسم ورواج اور قدرتی ماحول کی حفاظت کرتے ہوئے ترقی کے سفر میں انہیں شامل کرنے کے لیے ہمیں مجموعی طور پر کوشش کرنا چاہئے۔
صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں
****
( م ن۔ق ت۔ع ر(
U. No.7914
(Release ID: 1945434)
Visitor Counter : 159