وزارت دفاع

رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے کوالالمپور میں ملائیشیا کے  اپنے ہم منصب سے ملاقات کی؛ جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی


بات چیت میں  صنعتی تعاون کو مضبوط کرنے سمیت دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی

Posted On: 10 JUL 2023 4:39PM by PIB Delhi

  ہندوستان کی ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کو مزید فروغ دینے اور ملائیشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے، رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے 10 جولائی 2023 کو کوالالمپور میں ملائیشیا کے اپنے  ہم منصب جناب داتو سیری محمد حسن کے ساتھ وسیع بات چیت کی۔ انہوں نے وزیراعظم جناب وائی بی داتو سیری انور بن ابراہیم سے  بھی ملاقات کی اور ملائیشیا کے امور  خارجہ کے وزیر  داتو سیری دیراجہ ڈاکٹر زیمبری عبد القادر سے  بھی ملاقات کی۔

نو جولائی 2023 کو دیر گئے کوالالمپور میں اترنے کے بعد، جناب راج ناتھ سنگھ نے ملائیشیا کی وزارت دفاع میں ایک رسمی گارڈ آف آنر کے ساتھ اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا۔ اس کے بعد رکشا منتری اور ان کے ملائیشین ہم منصب جناب  داتو سیری محمد حسن کے درمیان دو طرفہ بات چیت ہوئی۔

دونوں فریقوں نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں کی نشاندہی پر توجہ دی گئی۔ انہوں نے باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، مشترکہ مفادات اور جمہوریت کی مشترکہ اقدار اور قانون کی حکمرانی پر مبنی بہتر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزراء نے ملائیشیا-انڈیا ڈیفنس کوآپریشن کمیٹی (مڈکام) کی اگلی میٹنگ پر اتفاق کیا جو کہ  اس سال  بعد میں  ہندوستان میں منعقد کی جائےگی۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے ملائیشیا کی مسلح افواج کے ساتھ اس کی انوینٹری کی جدید کاری اور دیکھ ریکھ  کے منصوبوں میں تعاون کرنے کی طاقت اور صلاحیت کے ساتھ ہندوستانی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

دونوں وزراء نے 1993 میں ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمت نامے میں ترمیم کو ’خطوط کے تبادلے‘ (ای او ایل) کے ذریعے  منظوری دی۔ یہ ترمیم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک معاون کے طور پر کام کرے گی۔

 

بعد میں، رکشا منتری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم جناب وائی بی داتو سیری انور بن ابراہیم سے ملاقات کی اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دلی  مبارکباد پیش کی۔ 2019 میں اپنے کامیاب دورہ ہندوستان کو یاد کرتے ہوئے، ملائیشیا کے وزیر اعظم نے مبارکباد کا جواب یہ بتاتے ہوئے دیا کہ انہیں ہندوستان کے لوگوں سے بے پناہ محبت ہے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی ان کے ذاتی دوست ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی رشتوں کو سراہا۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو اس سے قبل اسہ دن  ہونے والی نتیجہ خیز اور مثبت  دفاعی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ میٹنگ میں بہتر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری دیراجہ ڈاکٹر زیمبری عبد القادر سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے بین الاقوامی فورموں پر دو طرفہ اہمیت اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آسیان کی مرکزیت کو ہندوستان کی  منظوری اور انڈو پیسفک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ میٹنگ ملائیشیا کی دفاعی صنعت کی خود انحصاری کو تیز کرنے کی کوششوں میں ملائیشیا کے ساتھ شراکت داری کی ہندوستان کی یقین دہانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

 

بعد میں، رکشا منتری نے سیکنڈ لیفٹیننٹ سندرم، ایک 99 سالہ آئی این اے کے سابق فوجی کو مبارکباد پیش کی، جنہوں نے  برما کی سرحد پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کے ساتھ لڑائی میں حصہ لیا تھا۔

 

 

بہتر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کے بعد یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے جس کا اعلان 2015 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ملائیشیا کے  دورے کے دوران کیا گیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا گ۔ن ا۔

U- 6893                          



(Release ID: 1938480) Visitor Counter : 91