وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے وارانسی، اتر پردیش میں 12,100 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا
انہوں نے وقف شدہ فریٹ کوریڈور کی پنڈٹ دین دیال اپادھیائے جنکشن -سون نگر ریلوے لائن کا افتتاح کیا
انہوں نے این ایچ - 56 کے وارانسی - جونپور سیکشن کو چار لین میں چوڑا کئے جانے کو وقف
وارانسی میں متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
منی کرنیکا اور ہریش چندر گھاٹوں کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا
سی آئی پی ای ٹی کیمپس کرسارا میں طلباء کے ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا
پی ایم سواندھی کے قرض، پی ایم اے وائی دیہی مکانات کی چابیاں اور آیوشمان کارڈ استفادہ کنندگان کو تقسیم کئے
’’آج کے پروجیکٹ کاشی کو اس کی قدیم روح کو برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا جسم فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی توسیع ہے‘‘
’’حکومت نے استفادہ کنندگان کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کی ایک نئی روایت شروع کی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ’براہ راست فائدہ کے ساتھ ساتھ براہ راست فیڈ بک‘‘
’’استفادہ کنندہ طبقہ سماجی انصاف اور سیکولرازم کی حقیقی شکل کی مثال بن گیا ہے‘‘
’’پی ایم آواس اور آیوشمان جیسی اسکیمیں کئی نسلوں کو متاثر کرتی ہیں‘‘
غریبوں کی عزت نفس ہی مودی کی گارنٹی ہے
’’خواہ وہ غریب کلیان ہو یا انفراسٹرکچر، آج بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے‘‘
Posted On:
07 JUL 2023 8:01PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اتر پردیش کے وارانسی میں 12,100 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پرویکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان پروجیکٹوں میں وقف شدہ فریٹ کوریڈور کی پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن -سون نگر ریلوے لائن کو ، تین ریلوے لائنیں جن کی برقی کاری یا ڈبلنگ مکمل ہو چکی ہے، این ایچ- 56 کے وارانسی-جون پور سیکشن کو چار لین چوڑا کرنا اور وارانسی میں متعدد پروجیکٹوں کو وقف کیا جانا شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے 15 پی ڈبلیو ڈی سڑکوں کی تعمیر اور جدید کاری، 192 دیہی پینے کے پانی کی اسکیموں، منی کرنیکا اور ہریش چندر گھاٹوں کی ری ڈیزائننگ اور تعمیر نو، نہانے کے چھ مذہبی لحاظ سے اہم ح گھاٹوں میں فلوٹنگ چینجنگ روم جیٹیز اور سی آئی پی ای ٹی کیمپس کرسارا میں طلبا کے ہاسٹل کی تعمیر سمیت متعد ریلوے پروجیکٹوں کے لیے سنگ بنیاد رکھا ۔ جناب مودی نے پی ایم سواندھی کے قرضوں، پی ایم اے وائی دیہی گھروں کی چابیاں اور آیوشمان بھارت کارڈ کی تقسیم کی بھی شروعات کی۔ موقع پر پہنچ کر وزیر اعظم نے منی کرنیکا اور ہریش چندر گھاٹ کے ماڈل کا واک تھرو کیا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شراون کے مقدس مہینے کے آغاز، بھگوان وشواناتھ اور ماں گنگا کے آشیرواد اور وارانسی کے لوگوں کی موجودگی سے زندگی ایک نعمت بن جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں شیو بھکت ’جل‘ پیش کرنے وارانسی کا رخ کر رہے ہیں اور کہا کہ یہ یقینی ہے کہ شہر میں یاتریوں کی ریکارڈ تعداد دیکھنے کو ملے گی۔ وزیر اعظم نے شہریوں کی مہمان نوازی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’وارنسی آنے والے ہمیشہ خوشی کے احساس کے ساتھ لوٹتے ہیں۔‘‘ انہوں نے جی20 کے مندوبین کا خیرمقدم کرنے اور مذہبی مقامات کے احاطے کو صاف ستھرا اور شاندار رکھنے کے لیے کاشی کے لوگوں کی تعریف کی۔
تقریباً 12000 کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے جن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ’’یہ کاشی کو اس کی قدیم روح کو برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا جسم فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی توسیع ہے۔‘‘ انہوں نے پروجیکٹوں کے لیے عوام کو مبارکباد دی۔
وزیر اعظم، جنہوں نے اس سے قبل مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی تھی، کہا کہ پہلے زمانے میں اسکیموں کا نچلی سطح سے رابطہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے استفادہ کنندگان کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کی ایک نئی روایت شروع کی ہے، جس کا مطلب’براہ راست فائدہ اور براہ راست فیڈ بیک‘ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں محکموں اور افسران کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’’آزادی کے اتنے سالوں بعد، جمہوریت کا حقیقی فائدہ صحیح معنوں میں صحیح لوگوں تک پہنچا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ استفادہ کنندہ طبقہ سماجی انصاف اور سیکولرازم کی حقیقی شکل کی مثال بن گیا ہے کیونکہ حکومت ہر اسکیم کے فوائد کو آخری آدمی تک پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ نقطہ نظر کمیشن کے چاہنے والوں، دلالوں اور گھوٹالہ کرنے والوں کو ختم کرنے کا باعث بنا ہے جس سے بدعنوانی اور امتیازی سلوک کا خاتمہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں حکومت نے صرف ایک خاندان اور ایک نسل کے لیے کام نہیں کیا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے پی ایم اے وائی کی مثال دی جہاں 4 کروڑ سے زیادہ خاندانوں کو پکے گھر سونپے گئے ہیں اور بتایا کہ آج اتر پردیش میں 4 لاکھ پکے گھر مستفیدین کے حوالے کئے جاچکے ہیں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گھر وں کے مالکان میں سے زیادہ تر خواتین ہیں جنہوں نے پہلی بار اپنے نام پر جائیداد کا اندراج کرایا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ’’یہ گھر تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں اور مالکان کے خود اعتمادی کو بڑھاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ پکے گھر ایسی خواتین کو مالی تحفظ کا ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔
سرکاری اسکیموں کے اثرات کا تذکرہ جاری رکھتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم بھی صرف 5 لاکھ کے مفت علاج تک محدود نہیں ہے، یہ کئی نسلوں پر اثر انداز ہوتی ہے کیونکہ طبی اخراجات نسلوں کو تنگدستی اور قرض میں دھکیل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’آیوشمان یوجنا غریب لوگوں کو اس مشکل میں پڑنے سے بچا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہر غریب کو مشن موڈ میں کارڈ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔ آج کے پروگرام سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ لوگوں کو آیوشمان بھارت کارڈز کی تقسیم کے کام کا آغاز ہوا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے 50 کروڑ جن دھن اکاؤنٹس اور بغیر ضمانت کے مدرا اسکیم کے تحت قرضوں جیسے مالیاتی شمولیت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’کسی ملک کے وسائل پر سب سے بڑا دعوی غریبوں اور محروموں کا ہے ‘‘اس سے غریب، دلت، محروم، پسماندہ، قبائلی، اقلیتوں اور خواتین کاروباریوں کو فائدہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے پی ایم سواندھی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ زیادہ تر خوانچہ فروشوں کا تعلق پسماندہ برادریوں سے ہے، ماضی کی حکومتوں نے کبھی بھی ان کے مسائل پر توجہ نہیں دی اور صرف انہیں ہراساں کیا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پی ایم سواندھی یوجنا سے اب تک 35 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے اور آج وارانسی میں 1.25 لاکھ سے زیادہ مستفیدین کو قرض فراہم کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’غریبوں کی عزت نفس مودی کی گارنٹی ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے پچھلی حکومتوں کی بنیادی بے ایمانی کو اجاگر کیا جس کی وجہ سے فنڈز کی مستقل کمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ’’چاہے وہ غریب کلیان ہو یا انفراسٹرکچر، بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وہی ٹیکس دینے والے، وہی نظام، بس حکومت بدلی ہے۔ جیسے جیسے ارادے بدلے، نتائج بھی آنے لگے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے گھوٹالوں اور بلیک مارکیٹنگ کی خبروں کی جگہ وقف کئے جانے اور نئے پروجیکٹوں کے سنگ بنیاد کی خبروں نے لے لی ہے۔ انہوں نے اس تبدیلی کی مثال کے طور پر ایسٹرن ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور ہے جو کہ مال بردار ٹرینوں کے لیے خصوصی ٹریک کا ایک پروجیکٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2006 میں شروع ہونے والے اس پروجیکٹ میں 2014 تک ایک کلومیٹر طویل ٹریک بھی نظر نہیں آیا، گزشتہ 9 سالوں میں اس پروجیکٹ کا ایک اہم حصہ مکمل ہو چکا ہے اور اس علاقے میں مال بردار ٹرینیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آج بھی دین دیال اپادھیائے جنکشن سے نئے سون نگر سیکشن کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف مال بردار ٹرینوں کی رفتار بڑھے گی بلکہ پوروانچل اور مشرقی ہندوستان میں روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تیزی سے چلنے والی ٹرینوں کی ملک کی خواہش پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ اگرچہ راجدھانی ایکسپریس تقریباً 50 سال پہلے ملک میں پہلی بار چلی تھی، لیکن آج یہ صرف 16 روٹس پر چل سکتی ہے۔ انہوں نے شتابدی ایکسپریس کی مثال بھی دی جو 30-35 سال پہلے شروع ہوئی تھی لیکن فی الحال صرف 19 روٹس پر چل رہی ہے۔ وزیر اعظم نے وندے بھارت ایکسپریس پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ ٹرین 4 سال کے مختصر عرصے میں 25 روٹس پر چل رہی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’’بنارس ملک کی پہلی وندے بھارت کا دعویدار ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ دو نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو آج گورکھپور سے گورکھپور – لکھنؤ اور جودھپور – احمد آباد روٹس پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ’’یہ وندے بھارت ملک کے متوسط طبقے میں اتنی سپر ہٹ ہو گئی ہے اور اس کی مانگ میں اضافہ ہی ہو رہا ہے‘‘۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب وندے بھارت ملک کے ہر کونے کو جوڑے گی۔
گزشتہ 9 برسوں میں کاشی کی کنکٹی وتی کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے بے مثال کام پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس سے روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 کروڑ سیاح اور عقیدت مند کاشی آئے جو کہ ایک سال کے اندر ہنے والا 12 گنا اضافہ ہے، اس طرح رکشہ چلانے والوں، دکانداروں، ڈھابوں اور ہوٹلوں اور بنارسی ساڑھی کی صنعت میں کام کرنے والے لوگوں کے لیے آمدنی کے بہتر مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملاحوں کو کافی فائدہ ہوا ہے اور انہوں نے شام کی گنگا آرتی کے دوران کشتیوں کی تعداد پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا’’آپ لوگ بنارس کا اسی طرح خیال رکھتے ہیں‘‘ ۔
خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے آج کے پروجیکٹ کے لیے سبھی کو مبارکباد دی اور یہ اعتماد ظاہر کیا کہ وارانسی کی ترقی کا سفر بابا کے آشیرواد سے جاری رہے گا۔
اتر پردیش کی گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ، اتر پردیش کے نائب وزرائے اعلیٰ، جناب کیشو پرساد موریہ اور جناب برجیش پاٹھک، بھاری صنعتوں کے مرکزی وزیر جناب مہیندر ناتھ پانڈے، صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل اور اتر پردیش حکومت کے وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پس منظر
وزیر اعظم نےڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کی پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن - سون نگر ریلوے لائن کووقف کیا جو کہ 6760 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کی گئی یہ نئی لائن سامان کی تیز رفتار اور زیادہ موثر نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے تین ریلوے لائنوں کو بھی قوم کے نام وقف کیا جن کی برق کاری یا ڈبلنگ 990 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے مکمل ہو چکی ہے۔ ان میں غازی پور شہر- اونریہار ریل لائن، آنریہار- جون پور ریل لائن اور بھٹنی- اونریہار ریل لائن شامل ہیں۔ ان پروجیکٹوں نے اتر پردیش میں ریلوے لائنوں کو 100 فیصد برقی بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔
وزیر اعظم نے این ایچ-56 کے وارانسی -جونپور سیکشن کو چار لین میں چوڑا کئے جانے کو قوم کے نام وقف کیا جو کہ وارانسی سے لکھنؤ کا سفر آسان اور تیز تر بنانے کے لیے 2750 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
وارانسی میں جن متعدد پروجیکٹوں کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے ان میں شامل ہیں 18 پی ڈبلیو ڈی سڑکوں کی تعمیر اور جدید کاری ، بی ایچ یو کیمپس میں تعمیر کی گئی بین الاقوامی گرلز ہاسٹل کی عمارت، سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (سی آئی پی ای ٹی) – گاؤں کرسارا میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ؛ پولیس اسٹیشن سندھورا میں ریذیڈنشیل بلڈنگز اور سہولیات ، پی اے سی بھولن پور، فائر اسٹیشن پنڈرا اور گورنمنٹ ریزیڈینشیل اسکول ترسدا اقتصادی جرائم کی تحقیقی تنظیم کی عمارت؛ موہن کٹرا سے کونیا گھاٹ تک سیور لائن اور گاؤں رمنا میں جدید سیپٹیج مینجمنٹ سسٹم؛ 30 ڈبل سائڈیڈ بیک لِٹ ایل ای ڈی یونی پولز؛ این ڈی ڈی بی ملک پلانٹ رام نگر میں گائے کے گوبر پر مبنی بائیو گیس پلانٹ اور دشاسوامیدھ گھاٹ پر ایک انوکھی فلوٹنگ چینجنگ روم جیٹی جو گنگا ندی میں عقیدت مندوں کو نہانے میں سہولت فراہم کرے گی۔
جن پروجیکٹوں کا وزیر اعظم نے سنگ بنیاد رکھا ان میں چوکھنڈی، کادی پور اور ہردت پور ریلوے اسٹیشنوں کے قریب 3 دو لین ریل اوور برج (آر بی او) کی تعمیر؛ ویاس نگر پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن ریل فلائی اوور کی تعمیر اور 15 پی ڈبلیو ڈی سڑکوں کی تعمیر اور جدید کاری شامل ہیں۔ یہ پروجیکٹ تقریباً 780 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے تیار کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے جل جیون مشن کے تحت 550 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 192 دیہی پینے کے پانی کی اسکیموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ یہ 192 گاؤں کے 7 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے منی کرنیکا اور ہریش چندر گھاٹوں کی ری ڈیزائن اور تعمیر نو کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ ری ڈیولپمنٹ گھاٹوں میں عوامی سہولیات، انتظار گاہیں، لکڑی کا ذخیرہ، فضلے کو ٹھکانے لگانے اور ماحول دوست شمشان گھاٹ کے انتظامات ہوں گے۔
دیگر پروجیکٹ جن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ان میں وارانسی میں دریائے گنگا پر چھ مذہبی لحاظ سے اہم اشنان کرنے والے گھاٹوں پر فلوٹنگ چینجنگ روم جیٹی شامل ہیں جو دشاسوامیدھ گھاٹ کی فلوٹنگ چیجنگ روم جیٹیوں کی طرز پر ہوں گی اور سی آئی پی ای ٹی کیمپس کرسارا میں طلباء کے ہاسٹل کی تعمیر شامل ہے۔
پروگرام کے دوران، وزیر اعظم نے اتر پردیش میں استفادہ کنندگان کو پی ایم ایس واندھی کے قرض، پی ایم اے وائی دیہی گھروں کی چابیاں اور آیوشمان بھارت کارڈ بھی تقسیم کئے۔ اس سے 5 لاکھ پی ایم اے وائی استفادہ کنندگان کے گرہ پرویش، اہل استفادہ کنندگان میں 1.25 لاکھ پی ایم سواندھی قرضوں کی تقسیم اور 2.88 کروڑ آیوشمان کارڈ کی تقسیم شروع ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا گ۔ن ا۔
U- 6850
(Release ID: 1938139)
Visitor Counter : 150
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Manipuri
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam