زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت

جناب نریندر سنگھ تومر نے چہرے کی تصدیق کی خصوصیت   کے ساتھ  پی ایم کسان موبائل ایپ کا آغاز کیا


کسانوں کو اختراعی اسکیم اور کسان سماّن ندھی  کی ٹیکنا لوجی سے جامع فائدہ ہوگا –  جناب تومر

ایپ کے ذریعے، دور دراز کے کسان او ٹی پی  یا فنگر پرنٹ کے بغیر اپنے چہرے کو اسکین کرکے ای – کے وائی سی  کر سکتے ہیں

Posted On: 22 JUN 2023 4:43PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی بہبود کے  مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے مرکزی حکومت کی  اہم اور کسانوں کی آمدنی میں  اضافے کی مقبول اسکیم  ’’پردھان منتری کسان سمان ندھی ‘‘  کے تحت چہرے کی تصدیق کی خصوصیت  کے ساتھ پی ایم-کسان موبائل ایپ کا آغاز کیا ۔  چہرے کی تصدیق کی خصوصیت والی جدید ٹیکنا لوجی کی ، اس ایپ  کے ساتھ کسان مکمل طور پر اپنے گھر بیٹھے ہوئے آسانی کے ساتھ کسی او ٹی پی یا فنگر پرنٹ کے بغیر ای - کے وائی سی مکمل کر سکتے ہیں  اور دیگر   دوسرے کسانوں  ای – کے وائی سی کرانے میں مدد کر سکتے ہیں ۔ یہ جدید ٹیکنا لوجی کی ایک بہترین مثال ہے ۔ ای-کے وائی سی کو لازمی بنانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، حکومت ہند نے  ، ریاستوں حکومتوں کے عہدیداروں کو کسانوں کی ای-کے وائی سی کرانے کی  ذمہ داری سونپی ہے ۔ اس طرح ہر افسر 500 کسانوں کے لیے ای-کے وائی سی کا عمل مکمل کر سکے گا ۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00194LM.jpg

نئی دلّی کے کرشی بھون میں منعقدہ اس تقریب سے ملک بھر کے کرشی وگیان کیندروں میں موجود ہزاروں کسانوں کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے افسران اور مختلف سرکاری ایجنسیوں اور زرعی تنظیموں کے نمائندے  ورچوئل طور پر جڑے ہوئے تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر  جناب تومر نے کہا کہ وزیر اعظم کسان سمان ندھی حکومت ہند کی ایک بہت ہی جامع اور  اہم اسکیم ہے، جس کے نفاذ میں ریاستی حکومتوں نے اپنا کردار نہایت تندہی سے نبھایا ہے ۔ اس کے نتیجے میں ہم کے وائی سی   کے بعد تقریباً  8.5 کروڑ کسانوں کو اسکیم کی قسط ادا کرسکتے ہیں  ۔ اس پلیٹ فارم کو جتنا بہتر بنایا جائے گا  ، اتنا ہی یہ پی ایم-کسان کے لیے کارآمد ہوگا اور جب بھی کسانوں کو کوئی فائدہ پہنچانا ہو گا تو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے پاس مکمل ڈاٹا دستیاب ہو گا تاکہ ڈاٹا کی تصدیق میں کوئی  مشکل پیدا نہ  ہو سکے ۔

جناب تومر نے کہا کہ پی ایم-کسان ایک اختراعی اسکیم ہے  ، جس کے فوائدہ مرکزی حکومت  کے ذریعے کسانوں کو بغیر کسی بچولیے کے  دیئے جا رہے ہیں ۔ آج صرف ٹیکنالوجی کی مدد سے کسانوں کی اتنی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچانا ممکن ہو  سکا ہے۔ اس پوری اسکیم کے نفاذ پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا  ، جو کہ ایک بہت اہم کامیابی ہے۔ حکومت ہند کی تیار  کردہ ، اس ایپ کی ٹیکنا لوجی کو استعمال  کرتے ہوئے یہ کام بہت آسان ہو گیا ہے۔ حکومت ہند نے ریاستوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کر دی ہیں ۔  اب اگر ریاستیں زیادہ تیزی سے کام کرتی ہیں، تو ہم تمام مستحقین تک پہنچیں گے اور مقررہ ہدف حاصل کریں گے۔

مرکزی وزیر  جناب تومر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اگر اسکیم کے لیے  ہمارے پاس مناسب فنڈز دستیاب ہیں، تو ہم  اپنے عروج پر پہنچ چکے ہیں۔ اس سمت میں اتر پردیش سمیت دیگر ریاستوں میں کام جاری ہے اور اس کے مکمل ہونے پر زیادہ سے زیادہ اہل کسان اسکیم کی  14ویں قسط حاصل کر سکیں گے۔ جناب تومر نے درخواست کی کہ تمام ریاستی حکومتیں اس سلسلے میں کام کریں۔

پروگرام میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب کیلاش چودھری نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہا ہے اور اس ایپ کی نئی سہولت کسانوں کو بھی کافی سہولت فراہم کرے گی۔  زراعت کے مرکزی سکریٹری جناب منوج آہوجا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ایڈیشنل سکریٹری جناب پرمود کمار مہراڈا نے ایپ کی خصوصیات کی وضاحت کی۔ پروگرام کی نظامت محکمے کے مشیر جناب منوج کمار گپتا نے کی۔ اس موقع پر ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں نے اسکیم اور ایپ کے فوائد سے متعلق اپنے تجربات بھی شیئر کئے۔ نوجوانوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو  اس ایپ کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جائے گی اور مقررہ معیار کی بنیاد پر اس میں مدد کرنے والے نوجوانوں کو زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کی طرف سے سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔

پی ایم کسان  ، دنیا کی سب سے بڑی ڈی بی ٹی اسکیموں میں سے ایک ہے  ، جس میں کسانوں کو ایک سال میں تین قسطوں میں آدھار سے منسلک بینک کھاتوں کے ذریعے  6,000 روپئے براہ راست منتقل کیے جاتے ہیں۔    11 کروڑ سے زیادہ کسانوں کے کھاتوں میں  2.42 لاکھ کروڑ روپئے منتقل کیے گئے ہیں، جن میں سے  3 کروڑ سے زیادہ خواتین  ہیں۔ پی ایم کسان یوجنا کووڈ کے وقت لاک ڈاؤن کے دوران بھی کسانوں کے لیے ایک مضبوط ساجھیدار ثابت ہوئی ہے ۔ اس اسکیم نے کسانوں کو براہ راست مالی امداد فراہم کرکے ضروری سہولیات کو یقینی بنایا ہے اور انہیں مشکل وقت میں اعتماد  فراہم کیا ہے۔ اب پی ایم کسان پورٹل پر آدھار کی تصدیق اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کو اَپ ڈیٹ کرنے سے متعلق مشکلات کو ڈیجیٹل   سرکاری اشیاء کے مؤثر استعمال  کے ذریعے حل کیا گیا ہے۔

پہلی بار، یہ دیکھا گیا ہے کہ  8.1 کروڑ سے زیادہ کسانوں کو پی ایم کسان کی  13 ویں قسط کی ادائیگی براہ راست ان کے آدھار سے منسلک بینک کھاتوں میں صرف آدھار   کے ذریعے  ادئیگی کی گئی، جو کہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ نئی ایپ استعمال میں بہت آسان ہے اور گوگل پلے اسٹور پر ڈاؤن لوڈ کے لیے آسانی سے دستیاب ہے۔ یہ ایپ کسانوں کو اسکیم اور پی ایم کسان اکاؤنٹس سے متعلق بہت اہم معلومات بھی فراہم کرے گی۔ اس میں کاشتکار نو یوزر اسٹیٹس ماڈیول کا استعمال کرتے ہوئے زمین  میں بیج بونے  ، بینک کھاتوں سے آدھار کو لنک کرنے اور ای-کے وائی سی کی  تازہ صورتِ حال جان سکتے ہیں۔ محکمہ نے  ، اس سلسلے میں انڈیا پوسٹ پیمنٹ بینک (آئی پی پی بی)  کے ساتھ معاہدہ کیا ہے کہ وہ فیض کنندگان کے  گھر جاکر آدھار سے  منسلک بینک  کھاتے کھولے اور سی ایس سی سے کہا ہے کہ وہ ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مدد سے گاؤں کی سطح پر ای-کے وائی سی کیمپوں کا اہتمام کریں۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )

U. No. 6392



(Release ID: 1934553) Visitor Counter : 156