بجلی کی وزارت

میانمار کے پاور سیکٹر کے پیشہ ور افراد کے لیے ہندوستان کی طرف سے پانچویں تربیتی پروگرام کا آغاز ہوا

Posted On: 19 JUN 2023 4:48PM by PIB Delhi

ہندوستان کی سب سے بڑی پاور جنریشن کمپنی، این ٹی پی سی لمیٹڈ، میانمار سے پاور سیکٹر کے پیشہ ور افراد کے لیے پانچ تربیتی پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے۔ یہ پروگرام ہندوستانی تکنیکی اور اقتصادی تعاون (آئی ٹی ای سی) پروگرام کے ایک حصے کے طور پر، ہندوستان - میانمار حکومت سے حکومت تک کے درمیان پاور سیکٹر میں تعاون کے فریم ورک کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں، جو وزارت خارجہ، حکومت ہند کا صلاحیت سازی سے متعلق ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

ان پانچ پروگراموں میں سے چار پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ ان چاروں کو میانمار کے پاور سیکٹر کے پیشہ ور افراد کی طرف سے بہت اچھا ردعمل حاصل ہوا۔ یہ چار پروگرام اسمارٹ گرڈز؛ کراس بارڈر انرجی ٹریڈنگ؛ الیکٹرک گاڑیاں، بیٹریاں اور چارجنگ اسٹیشن؛ اور مائیکرو گرڈز سے متعلق تھے۔ پہلے دو مارچ تا اپریل 2023 میں اور باقی کے دو جون 2023 میں منعقد کیے گئے۔

ان پانچ پروگراموں میں سے آخری، ”سولر انرجی اور فوٹو وولٹک (پی وی) سسٹم“ پر، آج 19 جون 2023 کو نئی دہلی کے ایس سی او پی ای کنونشن سینٹر میں افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوا۔ 23 جون 2023 کو اختتام پذیر ہونے والے پروگرام کا مقصد شرکا کو سولر پی وی پروجیکٹس کے بارے میں جامع معلومات سے آراستہ کرنا ہے، جس میں تکنیکی اجزا، معاشیات، لاگت سے فائدہ کا تجزیہ، پالیسی فریم ورک، پروجیکٹ ڈیزائن، نفاذ، اور اس سے منسلک چیلنجز شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں میانمار میں ہندوستان کے سفیر ونے کمار؛ ڈائریکٹر، فائنانس، این ٹی پی سی لمیٹڈ، جے سری نواسن؛ ڈائریکٹر، ڈیولپمنٹ پارٹنر شپ ایڈمنسٹریشن، وزارت خارجہ، اے بھٹا چاریہ؛ ڈائریکٹر، این ٹی پی سی اسکول آف بزنس، ڈاکٹر راجیشوری نریندرن؛ سربراہ، بین الاقوامی کاروباری ترقی، این ٹی پی سی، ڈاکٹر جے ایس چنڈوک؛ اور انڈر سکریٹری (میانمار)، وزارت خارجہ، ایچ ساگر نے شرکت کی۔ انہوں نے 20 شرکا سے خطاب کیا، جن میں گیارہ خواتین شرکا بھی شامل تھیں، انہوں نے پاور سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے اور مہارتوں کو بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ٹی ای سی پروگرام کے تحت ہندوستان اور میانمار کے درمیان تعاون دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاور سیکٹر میں علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ٹی ای سی کے زیر اہتمام این ٹی پی سی کے ذریعے منعقد کیے گئے تربیتی پروگرام پائیدار اور صاف توانائی کے حل کو فروغ دینے کے لیے مہارت اور بہترین طریقوں کے اشتراک کے لیے کمپنی کی لگن کو ظاہر کرتے ہیں۔

**************

ش ح۔ ف ش ع-  م   ص

U: 6272



(Release ID: 1933462) Visitor Counter : 100