زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
جی 20 ، ایم اے سی ایس کا تین روزہ اجلاس کل وارانسی میں شروع ہوگا
جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے
Posted On:
16 APR 2023 5:55PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے تحت زرعی تحقیق اور تعلیم کے محکمے (ڈی اے آر ای) کے ذریعہ وارانسی میں17 سے19 اپریل 2023 کے دوران زراعت سے متعلق اعلیٰ سائنسدانوں (ایم اے سی ایس) کی جی 20 میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔جی 20 کے رکن ممالک یعنی آسٹریلیا، ارجنٹائن، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، جمہوریہ کوریا، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکیہ، برطانیہ، امریکہ سے تقریباً 80 غیر ملکی مندوبین اور یورپی یونین؛ اور مدعو مہمان ممالک، یعنی۔ بنگلہ دیش، مصر، ماریشس، نیدرلینڈز، نائجیریا، عمان، سنگاپور، اسپین، متحدہ عرب امارات- یو اے ای ، وئیت نام اور بین الاقوامی تنظیموں جیسے اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ورلڈ بینک، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن، ایف ایس بی ،او ای سی ڈی ، علاقائی تنظیموں کے سربراہان اے یو-این ای پی اے ڈی،آسیان اور بھارت کی طرف سے خصوصی مدعو ادارے یعنی بین الاقوامی شمسی اتحاد ،سی ڈی آر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندے اس تین روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ سمیت دیگر وزارتوں اور زراعت کی وزارت کے سینئر افسران بھی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔اس اجلاس کے دوران جن موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ان میں زرعی تحقیق اور ترقی کے مختلف امور بشمول خوراک کی یقینی فراہمی اورغذائیت ،آب و ہوا اور ماحولیات کے لئے سازگار زراعت اور کاشت کاری،ڈیجیٹل زراعت اورسرکاری اور نجی ساجھیداری شامل ہیں۔اس کے علاوہ بھی ہندوستان کی صدارت کے دوران جی20 پہل کے طور پر موٹے اناج اور دیگر قدیمی اناجوں سے متعلق بین الاقوامی تحقیق سے متعلق پہل (مہارشی) کو بھی غور و خوض کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔مہارشی کا مقصد موٹے اناج کے بین الاقوامی سال 2023 کے دوران اور اس کے بعدبھی تحقیقی تعاون کو آگے بڑھانا اور موٹے اناجوں اور دیگر قدیم اناجوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
حکومت نے وارانسی پہنچنے والے غیر ملکی مندوبین کو ہندوستان کے بھرپور ثقافتی اور روحانی ورثے کے منفرد تجربے سے لطف اندوز کرانے کی غرض سے بہت سے انتظامات کیے ہیں۔ ہوائی اڈے پر روایتی استقبال کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے بھی مندوبین کی شہر میں آسانی سے نقل و حرکت میں سہولت پیدا کرنے کی غرض سے وسیع انتظامات کیے ہیں۔جلسہ گاہ اور ان کے قیام کے ہوٹلوں میں ان کی سیکورٹی اور حفاظت کے بھی خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایم اے سی ایس2023 کا موضوع ہے’صحت مند لوگوں اور کرّۂ ارض کے لئے پائیداراور ہمہ گیر زراعت اور خوراک کا نظام ‘۔افتتاحی اجلاس میں ، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور شہری ہوا بازی کے مرکز ی وزیر مملکت برائے حکومت ہند جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ شرکت کریں گے۔اس کے بعد ہونے والے تکنیکی اجلاسوں میں ماہرین کی طرف سے خوراک کی یقینی فراہمی اور غذائیت، زرعی خوراک کے لچکدار نظام، ڈیجیٹل زراعت اور پائیدار زرعی خوراک کے ویلیو نظام اور زرعی تحقیق و ترقی کے لیے سرکاری -نجی ساجھیداری سے متعلق مختلف ذیلی موضوعات پر پریزنٹیشنز شامل ہیں۔ جس کے بعد شرکاء ان ذیلی موضوعات پر بحث و مباحثہ کریں گےاور مختلف اقدامات تجویز کریں گے۔ مہارشی پر مخصوص ایک نشست کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں ماہرین کی جانب سے پریزینٹیشن اور تمام جی20 رکن ممالک، مہمان ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اقدامات شامل ہیں۔ دوسرے دن،ایم اے سی ایس اعلامیہ پر بحث دوپہر کے کھانے کے بعد شروع ہوگی اور یہ تیسرے دن ہی اختتام پذیر ہوگی۔
جی20 ہندوستانی صدارت کا موضوع ہے ’ایک کرّۂ ارض ، ایک خاندان اور ایک مستقبل ‘جو دنیا کے لئے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہمارے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔
مندوبین کو 17 اپریل 2023 کو گنگا آرتی کے دلکش نظارے کا مشاہدہ کرنے کے لیے کروز کی سواری پر لے جایا جائے گا۔ اس کے بعد تاج گنگا پر ایک خوش آمدید عشائیہ اور ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جی 20 کے مندوبین کے اعزاز میں دئے جانے والے اس استقبالیہ عشائیہ میں وی کے سنگھ (ریٹائرڈ) بھی شرکت کریں گے۔
مندوبین کو 18 اپریل 2023 کو سارناتھ لے جایا جائے گا۔ انہیں اے ایس آئی میوزیم اور بدھ اسٹوپا کا گائیڈڈ ٹور کرایا جائے گا اس کے علاوہ مندوبین لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا مشاہدہ بھی کریں گے ۔ اس کے بعد، بدھ تھیم پارک کے پرسکون ماحول میں مندوبین کے لئے ایک پُر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے اور ثقافتی کارکردگیوں کا مظاہرہ بھی کیا جائے گیا ۔
مندوبین، 19 اپریل 2023 کو ٹریڈ فیسیلیٹیشن سینٹر یعنی تجارتی سہولت مرکز (ٹی ایف سی) کا دورہ کریں گے اور شہر کی کپڑا تیار کرنے سے متعلق صنعت کی تاریخ کی جھلک کے ساتھ ساتھ مقامی کاریگروں کے ذریعہ اپنی مصنوعات بنانے کے براہ راست لائیو مظاہرے کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ٹی ایف سی میں زرعی تحقیق کی بھارتیہ کونسل (آئی سی اے آر) اور ریاستی محکمہ زراعت کے سرکردہ اداروں کی جانب سے ایک چھوٹی سی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مندوبین کو پنڈال میں موٹے اناجوں سے تازہ تیار کردہ پکوان پیش کئے جائیں گے۔ اس کے بعد ہوٹل تاج گینجیز میں الوداعی عشائیہ اور ثقافتی پروگراموں کااہتمام کیا گیا ہے۔
سبھی مندوبین، 20 اپریل 2023 کو اپنے اپنے ممالک کے لیے روانہ ہوں گے۔
***********
ش ح ۔ ع م ۔ م ش
U. No.4164
(Release ID: 1917210)
Visitor Counter : 227