وزارتِ تعلیم
محترمہ میناکشی لیکھی نے آج نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے نوجوان منصفین کی کانفرنس کا افتتاح کیا
Posted On:
12 APR 2023 4:53PM by PIB Delhi
وزیر مملکت برائے ثقافت اور امور خارجہ محترمہ میناکشی لیکھی نے آج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے نوجوان مصنفین کی کانفرنس کا افتتاح نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے چیئرمین پروفیسر گووند پرساد شرما، وزارت تعلیم کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ سومیا گپتا آئی اے ایس، اور نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے ڈائریکٹر جناب یوراج ملک کی موجودگی میں کیا۔ کانفرنس کا اہتمام حکومت ہند کی وزارت تعلیم نے نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے ساتھ عمل درآمد کرنے والی ایجنسی کے طور پر 13-12 اپریل 2023 کو دی لیلا پیلس، نئی دہلی میں کیا ہے۔
کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے محترمہ میناکشی لیکھی نے کہا کہ ہماری ثقافتوں میں بے شمار مشترکات ہیں اور ان رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ وراثت کے روابط تلاش کرنے کے خیالات کو گہرا کرنا اور نوجوانوں میں تہذیبی اخلاقیات اور سماجی قدر کے نظام کے تجربات سے سیکھنا بھی ضروری ہے۔
پروفیسر گووند پرساد شرما نے مندوبین کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ باہمی ترقی کے لیے بات چیت اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ایک دوسرے کے معاشرے کی متنوع ثقافت، روایات اور نقطہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ ہماری مشترکہ ثقافت کو بہتر اور گہرائی سے سمجھا جا سکے۔
وزارت تعلیم کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ سومیا گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ تہذیبی مکالمے انسانی ترقی کا نچوڑ ہیں اور نوجوانوں کی موجودگی خیالات کے اس تبادلے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
ایس سی او کے ڈپٹی سکریٹری جنرل جناب جنیش کائیں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے اپنے قیام کے بعد سے عالمی تہذیبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوان مصنفین کی یہ کانفرنس ہمارے ممالک کے درمیان ادب، ثقافت اور فن کے میدان میں تعاون کی روایت قائم کرے گی۔
جناب یوراج ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدین کی اگلی نسل کے طور پر نوجوانوں میں نئے نقطہ نظر پیدا کرنے، اختراعات کو فروغ دینے، کاروباری صلاحیت کو بڑھانے اور ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے۔ایس سی او کے نوجوان مصنفین کی یہ کانفرنس نوجوان مصنفین اور دانشوروں کو بامعنی مکالمے میں مشغول ہونے کی خاطر ایک پلیٹ فارم فراہم کرکے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اس تنظیم کے عزم کا ایک ثبوت ہے۔
کانفرنس کا موضوع ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تہذیبی مکالمہ –تاریخ اور فلسفہ، معیشت، مذہب، ثقافت، ادب اور سائنس اور طب کے ذیلی موضوعات کے ساتھ نوجوان اسکالرز کے تناظر۔
دو روزہ ایس سی او نوجوان مصنفین کی کانفرنس نوجوانوں کی جدید تعلیم، تربیت اور جدید تربیت، کاروباری سرگرمیوں میں وسیع تر شمولیت اور اختراعی منصوبوں کی راہیں تلاش کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ایک بین الحکومتی تنظیم ہے جس کی بنیاد 15 جون 2001 کو شنگھائی میں رکھی گئی تھی۔ ایس سی او اس وقت آٹھ رکن ممالک (چین، بھارت، قزاخستان، کرغستان، روس، پاکستان، تاجکستان اور ازبکستان) پر مشتمل ہے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 4034
(Release ID: 1915947)
Visitor Counter : 122