وزیراعظم کا دفتر

ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن کے مشترکہ ورچوئل افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کاخطاب

Posted On: 18 MAR 2023 7:12PM by PIB Delhi

عزت مآب

وزیر اعظم شیخ حسینہ،

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا شرما،

مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی، جناب ہردیپ پوری،

اور آسام سے آنے والے حکومت ہند کے وزیر جناب رامیشور تیلی،

بنگلہ دیش حکومت کے معزز وزراء،

اور دیگر تمام لوگ جو ہمارے ساتھ شامل ہوئے ہیں،

نمسکار!

آج ہندوستان اور بنگلہ دیش تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب ’ ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن‘   کا آغاز ہوا ہے۔ - ہم نے ستمبر 2018 میں اس کی بنیاد رکھی تھی۔ اور مجھے خوشی ہے کہ آج وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ اس کا افتتاح کرنے کا موقع ملا ہے۔

یہ بات بھی باعث اطمینان ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود اس منصوبے پر کام جاری رہا۔ اس پائپ لائن سے 10 لاکھ میٹرک ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل شمالی بنگلہ دیش کے مختلف اضلاع کو فراہم کیا جا سکتا ہے۔ پائپ لائن کے ذریعہ سپلائی نہ صرف لاگت کو کم کرے گی بلکہ اس سپلائی کے دورا ن ہونے والے  کاربن کے اخراج کے اثرات کو بھی کم کرے گی۔ ایک قابل اعتماد اور کم لاگت ڈیزل کی فراہمی زراعت کے شعبے کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔ اس سے مقامی صنعتیں بھی مستفید ہوں گی۔

آج کی عالمی صورتحال میں بہت سی ترقی پذیر معیشتیں اپنی خوراک اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ اس تناظر میں آج کے واقعہ کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔

دوستو،

گزشتہ چند برسوں میں، وزیر اعظم شیخ حسینہ کی  بہترین قیادت میں، بنگلہ دیش نے قابل ذکر ترقی کی ہے اور ہر ہندوستانی کو اس پر فخر ہے۔ اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم بنگلہ دیش کی ترقی کے اس سفر میں اپنا کردار ادا کرنے  میں کامیاب رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ پائپ لائن بنگلہ دیش کی ترقی کو مزید تیز  رفتارکرے گی، اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کی ایک بہترین مثال بھی ہوگی۔ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے رابطے کے ہر ستون کو مضبوط کرتے رہیں،  چاہے وہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہو، توانائی کے شعبے میں ہو، بجلی کے شعبے میں ہو یا ڈیجیٹل میدان میں۔ ہمارا رابطہ جتنا بڑھے گا، ہمارے عوام سے عوام کے تعلقات اتنے ہی مضبوط ہوں گے۔

مجھے یاد ہے، چند سال  قبل وزیر اعظم شیخ حسینہ نے 1965 سے پہلے کے ریل رابطے کی بحالی کے اپنے وژن کے بارے میں بات کی تھی، اور اس کے بعد سے دونوں ممالک نے اس شعبے میں کافی ترقی کی ہے۔ اس کے نتیجے میں، کووڈ 19 کی وبا کے دوران، ہم اس ریل نیٹ ورک کے ذریعے بنگلہ دیش کو آکسیجن بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔ میں وزیر اعظم شیخ حسینہ  صاحبہ کو ان کے اس دور اندیشی پر مبنی وژن کے لیے دل کی گہرائیوں سے  مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا۔

دوستو،

بجلی کے شعبے میں ہمارا باہمی تعاون بہت کامیاب رہا ہے۔ آج  ہندوستان بنگلہ دیش کو 1100 میگا واٹ سے زیادہ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ میتری سُپر تھرمل پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ نے بھی کام کرنا شروع کردیا ہے۔ اس کا افتتاح گزشتہ سال وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپنے دورہ ہندوستان کے دوران کیا تھا۔ اور اب ہم جلد ہی دوسرے یونٹ کو شروع کرنے کی  سمت میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔

جہاں تک توانائی کے تعاون کا تعلق ہے، ہماری پٹرولیم تجارت 1 بلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ بات باعث فخر ہے کہ ہائیڈرو کاربن کی پوری ویلیو چین میں ہمارا تعاون موجود ہے۔ خواہ   یہ بالارخ ہو، وسطی رخ ہو، یازیریں رخ ہو۔ اس پائپ لائن سے یہ تعاون مزید وسیع ہو جائے گا۔

میں اس پروجیکٹ میں شامل تمام عہدیداروں، خاص طور پر نومالی گڑھ ریفائنری اور بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔

معزز حضرات،

یہ کیسا مبارک اتفاق ہے کہ آج کا افتتاح بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کے یوم پیدائش کے ایک دن بعد ہو رہا ہے! بنگ بندھو کے 'شونار بنگلہ' ویژن میں پورے خطے کی ہم آہنگی پرمبنی ترقی اور خوشحالی شامل تھی۔ یہ مشترکہ منصوبہ ان کے وژن کی بہترین مثال ہے۔

معزز حضرات  ،

ہندوستان-بنگلہ دیش کے تعاون کے ہر پہلو نے آپ کی رہنمائی سے فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ منصوبہ بھی ان میں سے ایک ہے۔ اس تقریب میں میرے ساتھ شامل ہونے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔ اور ان تمام لوگوں کو بھی بہت بہت مبارکباد جو اس پروجیکٹ سے مستفید ہوں گے۔

شکریہ!

وضاحت  -  یہ وزیر اعظم کے خطاب کا تخمینی ترجمہ ہے۔ اصل خطاب ہندی میں  کیا گیا تھا ۔

**********

ش ح۔ س ب۔ ف ر

U. No.2973



(Release ID: 1908691) Visitor Counter : 115