صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے آج جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے 6ویں کانووکیشن میں شرکت کی

Posted On: 10 MAR 2023 1:38PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 مارچ 2023) کو نئی دہلی میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے 6ویں تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو میں پورے ہندوستان سے آنے والے طلباء پڑھتے ہیں۔ یہ یونیورسٹی تنوع کے مابین ہندوستان کے ثقافتی اتحاد کی ایک زندہ عکاسی پیش کرتی ہے۔ یونیورسٹی میں بہت سے دوسرے ممالک کے طلباء بھی پڑھتے ہیں۔ اس طرح، تعلیم کے مرکز کے طور پر جے این یو کی کشش ہندوستان سے آگے ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو اپنے ترقی پسند طریقوں اور سماجی حساسیت، شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے میں بھرپور شراکت کے لیے جانا جاتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو کے طلباء اور فیکلٹی نے تعلیم اور تحقیق، سیاست، سول سروس، سفارت کاری، سماجی کام، سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، ادب، آرٹ اور ثقافت جیسے مختلف شعبوں میں متاثر کن خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ جے این یو 2017 سے ملک کی یونیورسٹیوں میں ’قومی ادارہ جاتی درجہ بندی کے فریم ورک‘ کے تحت مسلسل دوسرے نمبر پر رہاہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ جے این یو کے وژن، مشن اور مقاصد کو اس کی بانی قانون سازی میں بیان کیا گیا تھا۔ ان بنیادی نظریات میں قومی یکجہتی، سماجی انصاف، سیکولرازم، جمہوری طرز زندگی، بین الاقوامی افہام و تفہیم اور معاشرے کے مسائل کے لیے سائنسی نقطہ نظر شامل ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ان بنیادی اصولوں کی پابندی میں ثابت قدم رہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ کردار سازی بھی تعلیم کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ کردار سازی کے انمول مواقع کو، وقت کے بہاؤ کے ساتھ بہہ کر کبھی ضائع نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء میں تجسس، سوال کرنے اور منطق کے استعمال کا فطری رجحان ہوتا ہے۔ اس رجحان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ نوجوان نسل کی طرف سے غیر سائنسی دقیانوسی تصورات کی مخالفت کی بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ نظریات کی قبولیت یا اسےردکرنے کی بنیاد بحث اور مکالمے پر ہونی چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کو پوری عالمی برادری کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ آب و ہوا کی تبدیلی، آلودگی، جنگ اور بدامنی، دہشت گردی، خواتین کا عدم تحفظ اور عدم مساوات جیسے بہت سے مسائل انسانیت کے سامنے چیلنجز پیش کر رہے ہیں۔ زمانہ قدیم سے لے کر آج تک، دنیا کی معروف یونیورسٹیوں نے فرد اور معاشرے کے مسائل کا حل تلاش کیا ہے اور معاشرے کے مقاصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کے بارے میں چوکنا اور متحرک رہیں۔

صدر جمہوریہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جے این یو جیسی یونیورسٹیاں ہماری جدوجہد آزادی کے نظریات کو برقرار رکھنے، آئین کی اقدار کے تحفظ اور قوم کی تعمیر کے مقاصد کو حاصل کرنے میں موثر کردار ادا کریں گی۔

صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-

*****

U.No. 2518

(ش ح - اع - ر ا)   

 


(Release ID: 1905642)